سماج

گاڑی کی رفتار حد سے بتیس کلومیٹر زیادہ، جرمانہ ایک لاکھ اکیس ہزار یورو

فن لینڈ میں ایک گاڑی کے ڈرائیور پر تیز رفتار ڈرائیونگ کے جرم میں ایک لاکھ اکیس ہزار یورو جرمانہ کر دیا گیا۔ ملزم پچاس کلومیٹر کی حد رفتار والے زون میں بیاسی کلومیٹرکی رفتار سے گاڑی چلا رہا تھا۔

گاڑی کی رفتار حد سے بتیس کلومیٹر زیادہ، جرمانہ ایک لاکھ اکیس ہزار یورو
گاڑی کی رفتار حد سے بتیس کلومیٹر زیادہ، جرمانہ ایک لاکھ اکیس ہزار یورو 

شمالی یورپی ملک فن لینڈ میں پولیس کے مطابق ملزم ایک امیر شہری ہے اور یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ اسے بہت بھاری جرمانہ کیا گیا ہے۔ گزشتہ ایک دہائی کے دوران اسی ڈرائیور کو تین مرتبہ اوور سپیڈنگ کی وجہ سے بھاری جرمانہ کیا جا چکا ہے۔ لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ جرمانے کی رقم ایک لاکھ یورو کی حد بھی پار کر گئی۔

Published: undefined

اسکینڈے نیویا کی جمہوریت اور یورپی یونین کے رکن ملک فن لینڈ میں ٹریفک قوانین کی خاص بات یہ ہے کہ وہاں مقررہ حد سے زیادہ رفتار سے ڈرائیونگ کرنے والے افراد کو جرمانہ ان کی سالانہ آمدنی کے مطابق کیا جاتا ہے۔

Published: undefined

ملزم کا اظہار افسوس

پولیس کے مطابق فن لینڈ کے اس شہری کو ایک لاکھ 21 ہزار یورو (129,544 ڈالر کے برابر) جرمانہ کیا گیا ہے۔ جزائر آلینڈ کے سب سے بڑے اخبار نِیا آلینڈ نے لکھا کہ اس ڈرائیور کا نام آندرس وِکلوف ہے اور اسے پولیس نے ویک اینڈ پر اس وقت روکا تھا، جب وہ 50 کلومیٹر کی حد رفتار والے ایک زون میں 82 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلا رہا تھا۔

Published: undefined

اس اخبار نے اپنی گزشتہ روز کی اشاعت میں لکھا کہ وِکلوف کو اتنا بھاری جرمانہ کرنے کے علاوہ پولیس نے 10 روز کے لیے اس کا ڈرائیونگ لائسنس بھی معطل کر دیا ہے۔ بعد میں اس ڈرائیور نے اخبار نِیا آلینڈ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسے بہت افسوس ہے کہ وہ اوور سپیڈنگ کا مرتکب ہوا۔ ساتھ ہی اس نے کہا، ''مجھے علم تھا کہ میں 70 کلومیٹر کی حد رفتار والے زون سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی حد رفتار والے زون میں داخل ہو رہا تھا۔ میں نے اپنی گاڑی کی رفتار کم کرنے کی کوشش کی تو تھی، مگر یہ رفتار بروقت کم نہ ہو سکی تھی۔‘‘

Published: undefined

ملزم کو گزشتہ جرمانے

آندرس وِکلوف کو کیے جانے والے تازہ ترین جرمانے سے پہلے حد سے زیادہ رفتار سے گاڑی چلانے کے الزام میں اسے 2018ء میں بھی 63 ہزار 680 یورو (تقریباﹰ 68 ہزار ڈالر) جرمانہ کیا گیا تھا۔ یہی نہیں بلکہ اس سے پانچ سال قبل 2013ء میں بھی اسے ایسے ہی ایک جرم کے ارتکاب پر 95 ہزار یورو (ایک لاکھ دو ہزار ڈالر) جرمانہ کیا گیا تھا۔ یوں اس نوعیت کے تین جرائم پر اسے اب تک کُل تقریباﹰ دو لاکھ اسی ہزار یورو جرمانہ کیا جا چکا ہے۔

Published: undefined

آندرس وِکلوف ایک ایسی ہولڈنگ کمپنی کا سربراہ ہے، جو مال برداری، ہیلی کاپٹر سروسز، پراپرٹی کی خرید و فروخت، تجارت اور سیاحت سمیت کئی شعبوں میں متعدد کاروباری اداروں کی مالک ہے۔ اس کے بارے میں یہ بھی مشہور ہے کہ وہ جزائر آلینڈ کا امیر ترین باشندہ ہے۔

Published: undefined

جزائر آلینڈ کا علاقہ بحیرہ بالٹک میں فن لینڈ کا ایک قدرے خود مختار ریاستی خطہ ہے۔ یہ خطہ سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم اور فن لینڈ کے شہر تُرکُو کے درمیان خلیج بوتھنیا کے دہانے کے قریب ہی واقع جزائر پر مشتمل ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined