سائنس

امبر کی کہانی اور بجلی کا نام الیکٹریسٹی کیسے پڑا؟

گلبرٹ نے امبر اور مقناطیس کی خصوصیات پر تحقیق کی اور دریافت کیا کہ امبر کی اسٹیک الیکٹریسٹی مقناطیس سے مختلف ہے۔ اس نے الیکٹریسٹی کا نام الیکٹران اور الیکٹریئس فورس دیا

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>

سوشل میڈیا

 

بجلی کا زیور سے کیا تعلق ہے؟ میرے ساتھ اس سفر پر چلیں، تو آپ بہت کچھ نیا دیکھیں گے۔ دیوتا، بھیڑ، کڑکتی بجلی، وہ لڑکی جو پیڑ بن گئی، اپنی صحت کے لیے خون بہانا، بڑے ہیرے اور مقناطیسی کمپاس، یہ سب آپ کو اس سفر میں ملیں گے۔

اگر آپ امبر سے بنے زیور کو کسی اونی کپڑے یا بھیڑ کی کھال سے رگڑیں، تو آپ یہ دیکھیں گے کہ اب امبر کاغذ کے چھوٹے ٹکڑوں کو اپنی طرف کھینچتا ہے۔ یہ تو بالکل جادو سا لگتا ہے۔ اسی کو اسٹیٹک الیکٹریسٹی ( کہتے ہیں۔

ڈھائی ہزار سال پہلے امبر کی اسی خصوصیت کی طرف ایک یونانی فلسفی کا دھیان گیا۔ یہ فلسفی مائلیٹس کا تھالز تھا اور اس نے امبر کو دیکھ کر کہا کہ ہر چیز میں دیوتا موجود ہیں۔ یہ کہنا بہت مشکل ہے کہ اسے امبر کے بارے میں کیسے پتا چلا، کیونکہ اس کی لکھی ہوئی کوئی بھی کتاب نہیں بچی۔ تھالز کے بارے میں کچھ باتیں صرف ارسطو سے ہی معلوم ہوئیں لیکن خود ارسطو کی بھی بہت کم کتابیں باقی ہیں، اس لیے ہم زیادہ تر صرف قیاس آرائیاں ہی کر سکتے ہیں۔

Published: undefined

کچھ لوگ یہ سوچتے ہیں کہ تھالز شاید ایک ہلکا پھلکا سائنسدان تھا جو اپنے چاروں طرف کی دنیا کو سمجھنے کی کوشش کرتا تھا۔ میں نے تو ایک کارٹون دیکھا تھا جس میں تھالز دیہاتوں میں گھوم گھوم کر امبر کو بھیڑ کے گھنے بالوں میں رگڑ رہا ہے، مگر اب ہمیں یہ معلوم ہے کہ وہ سائنسدان نہیں بلکہ ایک فلسفی تھا۔ تو آئیے، اس کے اعزاز میں ہم نیچے دیا ہوا تجربہ کریں۔

فرض کیجئے کہ امبر سے بنا زیور ایک جوہری بہت احتیاط سے فر میں لپیٹ کر رکھتا ہے۔ کچھ دنوں بعد اس نے زیور نکال کر دیکھا کہ وہ کاغذ کے چھوٹے ٹکڑوں کو اپنی طرف کھینچتا ہے اور یہی ایک یونانی کہانی بن جاتی ہے۔ امبر کہاں سے آیا؟ اس کہانی کو یونانی شاعر اوویڈ نے اپنی نظم میں کچھ اس طرح لکھا ہے:

ایک دن سورج کے بچوں میں سے فیتھیان نے اپنے باپ کا اڑن کھٹولا چوری کیا اور اسے بہت دیوانے پن سے سارے آسمان میں گھمایا۔ اسے دیکھ کر بڑے دیوتا جوپیٹر کو بہت غصہ آیا اور اس نے بادلوں کی کڑکتی بجلی سے اڑن کھٹولے پر وار کیا تو فیتھیان اڑن کھٹولے سے گر کر دریا میں ڈوب کر مر گیا۔

Published: undefined

اس خبر پر اس کی سبھی بہنوں نے دریا کے کنارے کھڑے ہو کر بلند آواز میں رونا شروع کر دیا۔ اس شور و غل سے سارے دیوتا بہت پریشان ہوئے اور انہوں نے ان بہنوں کو پیڑ اور ان کے آنسوؤں کو امبر میں بدل دیا۔ یہ کہانی فیتھیان اور اس کی بہنوں کے لیے اچھی نہیں تھی لیکن جوہری دوکاندار کے لیے بہت فائدے مند ثابت ہوئی کیونکہ یہ مشہور ہوا کہ امبر میں دیوتاؤں کا حصہ شامل ہے، اس لیے امبر کے زیور بہت مہنگے ہو گئے اور دوکاندار کو خوب منافع ہوا۔

امبر کی اس کہانی کے بعد الیکٹریسٹی کی سمجھ کے بارے میں اگلے 2500 سال تک کچھ خاص نہیں ہوا۔ وقت کا پہیہ رفتہ رفتہ آگے بڑھتا رہا اور اب ہماری کہانی کا اگلا اہم موڑ سن 1600 کے انگلستان میں ملکہ الزبتھ کے زمانہ میں ایک عجیب و غریب شخصیت والے ڈاکٹر ولیم گلبرٹ تک پہنچا۔

گلبرٹ نے مقناطیس کی خصوصیات پر ایک کتاب لکھی جو بہت مقبول ہوئی۔ گلبرٹ کی شہرت اور کامیابی بھی بہت عجیب ہے کیونکہ نہ وہ کچھ خاص خوش شکل تھا اور نہ ہی خوشگوار خصلت کا مالک تھا۔ مثال کے طور پر اس نے اپنے زمانے کے ہر مشہور شخص کا ذکر بہت برے الفاظ میں کیا اور وہ اپنے علاوہ سب کو بالکل جاہل سمجھتا تھا۔ اس کی شہرت شروع میں ایک کامیاب ڈاکٹر کے طور پر ہوئی، لیکن وہ بھی عجیب معلوم ہوتی ہے کیونکہ اس دور میں زیادہ تر علاج دو طرح سے کیا جاتا تھا، پہلا طریقہ بیمار کا تھوڑا خون بہا کر اور دوسرا اس کو تھوڑی مقدار میں زہر پلا کر۔ لگتا ہے کہ گلبرٹ ان دونوں کاموں میں ماہر ہوگا، جبھی وہ اتنا مقبول ہوا کہ اسے ملکہ الزبیتھ کا خاص ڈاکٹر مقرر کیا گیا۔ لیکن الزبیتھ اتنی سمجھدار تھیں کہ انہوں نے اس طرح کے کسی ڈاکٹر کو کبھی ہاتھ نہیں لگانے دیا۔

Published: undefined

یورپ میں اس زمانے کو رینیسانس کہتے ہیں، یہ فرانسیسی زبان کا لفظ ہے جس کا مطلب ’دوبارہ جنم لینا‘ ہے۔ وہ زمانہ تھا جب یورپ میں آرٹ، سائنس اور کلچر میں ایک نئی تازگی آئی اور پرانے عقیدوں اور پابندیوں کو کھلے عام بدلنے کی خواہش کا خیرمقدم کیا گیا۔گلبرٹ کو مقناطیس کی خصوصیات سمجھنے کا بہت شوق تھا اور وہ اس کے مختلف تجربات کرتا رہتا تھا۔

مقناطیسی کا سب سے پرانا ذکر چوتھی صدی قبل مسیح کے چین کے گویگوزی کا ہے۔ میگنٹ (مقناطیس) لفظ کا یونانی زبان سے تعلق ہے۔ یہ بھی ایک کہانی ہے کہ یونان میں ایک مگنیس نامی چرواہے نے یہ دیکھا کہ ان کے ڈنڈے کا لوہا اور جوتے کی کیلیں ایک پتھر سے چپک گئی تھیں۔ قدرتی طور پر پائے جانے والے اس پتھر کو مقناطیسی پتھر یا لوڈسٹون کا نام دیا گیا۔ مصر میں مقناطیس کا استعمال کر کے مندروں میں پوجا کی چیزوں کو ہوا میں لٹکا کر کرشمہ دکھایا جاتا تھا۔ چین میں ایک بادشاہ نے اپنے محل کی حفاظت کے لیے اس کے دروازوں کو مقناطیس سے بنوایا تاکہ اس سے کوئی ہتھیار لے کر اندر نہ آ سکے۔

Published: undefined

ہمیں اب تحقیق سے معلوم ہے کہ ہر چیز تھوڑی بہت مقناطیسی ہوتی ہے کیونکہ سب چیزیں ایٹم سے بنی ہیں اور اس خصوصیت کا بجلی سے گہرا تعلق ہے۔ ہر ایٹم میں الیکٹران نیوکلیس کے چاروں طرف چکر لگاتے ہیں جس کی وجہ سے ایک بجلی بہتی ہے اور اس سے ایٹم ایک چھوٹا مقناطیس بن جاتا ہے۔ اگر ایٹم کے زیادہ تر الیکٹران ایک ہی سمت میں چکر لگائیں تو وہ ایٹم ایک طاقتور مقناطیس بن جاتا ہے۔ اب اگر اس چیز کے زیادہ تر ایٹم کے مقناطیس ایک ہی سمت ہوں تو وہ چیز ایک طاقتور مقناطیس بن جاتی ہے۔ مقناطیس کی تفصیلی کہانی کا کہیں اور ذکر ہوگا، ہم فی الحال گلبرٹ کی کہانی کی طرف واپس لوٹتے ہیں۔

Published: undefined

گلبرٹ نے دیکھا کہ اگر ایک چھوٹا مقناطیس کسی نوکیلی چیز پر ایسا رکھا جائے کہ وہ آسانی سے گھوم سکے تو وہ ہمیشہ زمین کے شمال کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ مقناطیس کی یہ خصوصیت پرانے زمانے میں بھی لوگوں کو معلوم تھی لیکن شاید گلبرٹ وہ پہلا شخص تھا جس نے یہ لکھا کہ چھوٹا مقناطیس اس لیے شمال کی طرف رہتا ہے کیونکہ ہماری زمین خود ایک بڑا مقناطیس ہے۔

اپنی ڈاکٹری کی مصروفیات کے ساتھ ساتھ اٹھارہ سال مقناطیس کے ساتھ کھیلتے ہوئے، گلبرٹ نے امبر کو رگڑنے کے بعد کاغذ کے چھوٹے ٹکڑوں کو کھینچنے پر بھی غور کیا۔ اس نے یہ سوچا کہ امبر بھی مقناطیس کی طرح ہو جاتا ہے۔ باریکی سے تجربہ کرنے پر اس نے پایا کہ حالانکہ امبر کی ’اسٹیک الیکٹریسٹی‘ مقناطیس کی طرح چھوٹی چیزوں کو کھینچتی ہے لیکن وہ کئی معنوں میں الگ ہے۔ پہلی تو یہ کہ مقناطیس مستقل ہوتا ہے، جبکہ امبر کو رگڑنا پڑتا ہے۔ دوسرا فرق یہ کہ مقناطیس ہر موسم میں کام کرتا ہے، جب کہ امبر صرف سوکھے دنوں میں اور اگر ہوا میں نمی ہو یا پانی ہو تو امبر بالکل کام نہیں کرتا۔ تیسرا اور بہت اہم فرق یہ کہ مقناطیس صرف کچھ خاص چیزوں کو کھینچتا ہے، جبکہ رگڑا ہوا امبر تقریباً ہر چیز کو کھینچتا ہے۔

Published: undefined

ان دریافتوں کے بعد، اس نے مختلف چیزوں پر رگڑ کر تجربات کیے اور یہ دیکھا کہ صرف امبر ہی نہیں، بلکہ بہت سی چیزیں رگڑنے کے بعد امبر کی طرح کاغذ کے چھوٹے ٹکڑوں اور فر کو کھینچتی ہیں۔ چونکہ یہ خصوصیت سب سے پہلے امبر میں دریافت ہوئی تھی، اس لیے گلبرٹ نے اسے امبر کے یونانی نام ’الیکٹران‘ اور لاطینی میں ’الیکٹریئس فورس‘ کا نام دیا، جو پھر انگریزی میں ’الیکٹرک فورس‘ بن گیا۔ اس طرح ’الیکٹریسٹی‘ کو اس کا نام ملا۔

باوجود بہت دھیان سے تجربات کرنے کے گلبرٹ سے ایک بڑی غلطی ہوئی۔ اسے یہ اچھی طرح معلوم تھا کہ مقناطیس اپنی طرف کھینچتا (attract) اور دور بھی بھگاتا (repel) ہے۔ مخالف پولز ایک دوسرے کو کھینچتے ہیں اور ایک جیسے پولز کے بیچ ریپلشن ہوتا ہے لیکن اسے یہ نہیں معلوم تھا کہ الیکٹریکس بھی ایسی ہو سکتی ہے جو ریپل کرے۔ وہ یہ سمجھتا تھا کہ الیکٹریکس میں صرف کشش ہوتی ہے۔ اس بات کا علم ہونے میں 70 سال اور لگے لیکن وہ کہانی پھر کبھی۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined