پریس ریلیز

شخصیتیں اداروں سے بڑی نہیں ہوتیں ۔ اصغرعلی امام مہدی

ناگپور کی متعدد سرکردہ تعلیمی ، ثقافتی و رفاہی تنظیموں کے زیر اہتمام مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے نئے ذمہ داران کے اعزاز میں جلسہ کا انعقاد

قومی آواز
قومی آواز 

دہلی: ناگپور مہاراشٹر کی متعدد سرکردہ تنظیموں مثلا قدوائی ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سوسائٹی ، ڈائمنڈ چیری ٹیبل اینڈ ایجوکیشنل ٹرسٹ اور اسلامیہ جونیئر کالج ناگپور کے زیر اہتمام مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے نو منتخب امیر مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی ، ناظم عمومی مولانا محمد ہارون سنابلی اور ناظم مالیات الحاج وکیل پرویز کے اعزاز میں زیر صدارت حافظ حاجی محمد یونس انیس انصاری چیئرمین اسلامیہ جونیئر کالج و بانی سکریٹری قدوائی ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سوسائٹی ناگپور بمقام مکتبہ سید نذیر حسین محدث دہلوی ، اوکھلا، نئی دہلی ایک اہم جلسے کا اہتمام کیا گیا جس میں ناگپور کے موقر وفد جس میں صدر جلسہ سمیت ظفر احمد خان پرنسپل جونیئر کالج برائے آرٹس، سائنس اینڈ کامرس، فضل امین صدیقی سکریٹری ڈائمنڈ کالج اور ضیائ الرحمن خان ہیڈ ماسٹر قدوائی ہائی اسکول برانچ شامل تھے کے علاوہ دہلی ودیگر مقامات کی اہم شخصیات شریک ہوئیں ان میں مفتی عطائ الرحمن قاسمی صدر شاہ ولی اللہ انسٹی ٹیوٹ نئی دہلی، مولانا عبدالغنی عمری ناظم صوبائی جمعیت اہل حدیث آندھرا پردیش، مولانا مفتی جمیل احمد مدنی ، مولانا عزیز احمد مدنی، مولانا عبدالستار سلفی امیر صوبائی جمعیت اہل حدیث دہلی، مولانا محمد عرفان شاکر ریاضی ناظم صوبائی جمعیت اہل حدیث دہلی، الحاج قمر الدین ، انجینئر قمر الزماں، مولانا نور الہدی ، ڈاکٹر محمد شیث ادریس تیمی، مولانا محمد رئیس فیضی اور طلبائے المعہد العالی للتخصص فی الدراسات الاسلامیہ وغیرہ شریک ہوئے۔

پریس ریلیز کے مطابق جلسے کا آغاز حافظ محمد شاداب تیمی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا پھر کنوینر اجلاس ظفر احمد خان نے جلسہ منعقد کرنے والی تنظیموں کا تعارف پیش کیا اور جلسے کی اہمیت و ضرورت اور افادیت اور مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے نو منتخب عہدیداران کی خدمات پر روشنی ڈالی۔ پھر ان ذمہ داران یعنی امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی، ناظم عمومی مولانا محمد ہارون سنابلی اور ناظم مالیات الحاج وکیل پرویز کی خدمت میں صدر اجلاس الحاج محمد یونس انیس انصاری اور ان کی ٹیم نے مومنٹو پیش کیا اور شال پوشی کر کے ان کی تکریم کی۔

اس موقع پر مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند نے فرمایا کہ شخصیتیں چاہے جتنی بڑی ہوں اداروں سے بڑے نہیں ہوتیں ۔ آج اس جلسہ میں ناگپور کی ان سرکردہ تنظیموں کی طرف سے مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے ذمہ داران کے اعزاز جو کچھ ہوا ہے اس کو قبول کرنے کے لیے میں ہرگز تیار نہیں تھا۔ ان حضرات نے جو کچھ مہاراشٹر میں قوم وملت کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے کیا ہے وہ قابل قدر اور باعث مسرت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کا خوف اور تقویٰ اختیار کرنے سے کاموں میں برکت ہوتی ہے۔ انہوں نے اس حوالہ سے بطور خاص حافظ محمد یحییٰ دہلوی حفظہ اللہ سابق امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ وہ ایک مالدار شخصیت کے مالک ہونے کے ساتھ ساتھ تہجد گزار و پاکباز بھی ہیں اس لیے اللہ تعالیٰ نے ان کے کاموں میں بڑی برکت دی۔

اس موقع پر مولانا مفتی عطائ الرحمن قاسمی نے کہا کہ اس تقریب سعید کے موقع پر میں امیر جمعیت مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی ، ناظم عمومی مولانا محمد ہارون سنابلی اور ناظم مالیات الحاج وکیل پرویز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ایسے وقت میں جبکہ دینی جماعتوں میں اتفاق رائے کی روایت کم ہورہی ہے مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند کے ذمہ داران کا اتفاق رائے سے منتخب ہونا بڑی خوشی کی بات ہے۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند ایک قدیم تنظیم ہے اور اس کی اسی قدر گہری تاریخ بھی ہے۔ مولانا آزاد نے نظم جماعت قائم کرنے کے لیے بڑی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر امارت قائم ہوگئی تو دار القضائ کا قیام ممکن ہے لیکن ان کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا۔ اخیر میں صدر اجلاس حاجی محمد یونس انیس انصاری نے ذمہ داران وحاضرین کا شکریہ ادا کیا۔

Published: 02 Oct 2017, 4:54 PM IST

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ <a href="mailto:contact@qaumiawaz.com">contact@qaumiawaz.com</a> کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 02 Oct 2017, 4:54 PM IST