سیاسی

انتخابی تیوہار میں ووٹروں کی ذمہ داری!... نواب علی اختر

امیدوار جو اپنی ناک پر مکھی بیٹھنے نہیں دیتا ہے، بازاروں، گلیوں اور دیہاتوں میں ہاتھ جوڑے کڑی دھوپ اور بارش میں ووٹ مانگنے کے لیے عام آدمی کے دروازے پر دستک دیتے دکھائی دیتے ہیں۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس 

کثیر المذاہب ہندوستان کو کئی معنوں میں دنیا میں منفرد ملک کا درجہ حاصل ہے جہاں تقریباً ہرماہ کسی نہ کسی مذہب کا تیوہار منایا جانا عام بات ہے، اسی طرح ملک میں ایک اور بھی تہوار ہے جو ہر پانچ سال میں منایا جاتا ہے اور وہ انتخابات کا فیسٹیول ہے۔ عام انتخابات کے علاوہ ہندوستان کی 28 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام 8 علاقوں کی کسی نہ کسی اسمبلی کی مدت ختم ہو رہی ہوتی ہے۔ اس کے لیے سیاسی پارٹیاں اور امیدوار لنگوٹ کس کر میدان میں قسمت آزمائی کرنے اتر آتے ہیں۔ جس صوبہ میں انتخابات ہو رہے ہوں وہاں تو مہینہ بھر جشن کا سا سماں ہوتا ہے۔ اگر صوبہ بڑا ہے، تو کیا کہنے، کئی مرحلوں میں انتخابات ہوتے ہیں اور یہ بسا اوقات دو سے تین ماہ تک جاری رہتے ہیں۔

Published: undefined

پانچ سال بعد الیکشن کے موقع پر عوام کو بھی اپنی طاقت کا اندازہ ہوتا ہے۔ امیدوار جو اپنی ناک پر مکھی بیٹھنے نہیں دیتا ہے، بازاروں، گلیوں اور دیہاتوں میں ہاتھ جوڑے کڑی دھوپ اور بارش میں ووٹ مانگنے کے لیے عام آدمی کے دروازے پر دستک دیتے دکھائی دیتے ہیں۔ کچھ نہیں تو ان کے چیلے وعدوں کی فہرست لے کر وارد ہوتے ہیں۔ شہروں اور قصبوں میں گلیوں کے نکڑ پر، دیہاتوں میں چوپالوں کے پاس عارضی خیمے لگا کر، لاؤڈ اسپیکروں پر امیدواروں کے گن گائے جاتے ہیں۔ چائے، شربت، ناشتہ تقسیم ہوتا رہتا ہے۔ عوام کا بس چلے، وہ الیکشن کمیشن سے یہ تماشہ سال بھر چلنے کی درخواست کریں کیونکہ اسی بہانے امیدوار کا چیلہ، جو اکثر کوئی مقامی دبنگ ہوتا ہے، کم از کم وہ سیدھے منہ بات تو کرتا ہے اور نوکروں کی طرح کوئی بھی کام کرنے کے لیے تیار کھڑا ہوتا ہے۔

Published: undefined

انتخابات کے شیڈول کے اعلان سے قبل صوبہ میں ترقیاتی کاموں کا ایک سیلاب امڈ آتا ہے۔ جدھر دیکھو کسی نہ کسی منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھا جاتا ہے۔ زیر التوا منصوبے حرکت میں آ جاتے ہیں۔ یہاں تک کہ انتخابات سے قبل ایک منصوبہ کا سنگ بنیاد افتتاح ایک سے زیادہ بار بھی ہوجاتا ہے۔ دونوں بار مدعو عوام کی ناشتہ پانی سے خاطرومدارت کی جاتی ہے اور ایک عالیشان منصوبہ کے خواب دکھائے جاتے ہیں حالانکہ اکثر ایسے منصوبے انتخابی نتائج کے بعد زمین پر نہیں اتر پاتے ہیں۔ وہیں انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کی خاطر ووٹ خریدنے کے لیے شراب کی بوتل، چند کلو چاول یا ایل پی جی سلنڈر بھی عام بات ہے۔

Published: undefined

تامل ناڈو کے انتخابات میں تو سبھی سیاسی جماعتوں نے الیکشن کمیشن سے درخواست کر دی کہ ایک آزاد امیدوار کو کوئی بھاری بھرکم انتخابی نشان عطا کیا جائے کیونکہ پچھلی بار اس کو پریشر کوکر بطور انتخابی نشان دیا گیا تو اس نے اپنے حلقے میں ووٹروں کو لبھانے کے لیے پریشر کوکر ہی بانٹ دیئے اور اس میں کوپن بھی رکھے، جن کے بدلے اس کی کامیابی کی صورت میں روپے ملنے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ بس کیا تھا اس نے اپنے حریفوں کو چت کر کے بازی مار لی۔ انتخابی جلسوں میں شرکت کے لیے دور دور سے لوگوں کو بسوں میں لایا جاتا ہے۔ بدلے میں انہیں چند روپے، مفت کھانا اور قریب سے ہیلی کاپٹر دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ بس یہ دن ان معصوم لوگوں کے لیے تیوہار کا دن ہوتا ہے۔ مگر جونہی پولنگ بوتھ سے ووٹ ڈال کر باہر نکلے، تو بس ووٹر کی وقعت اگلے پانچ سال تک ختم۔ امیدوار ہو یا اس کا چیلہ اب کوئی سیدھے منہ بات نہیں کرتا ہے اور جن منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہوتا ہے، ان پر کام بھی اگلے انتخابات تک ملتوی ہو جاتا ہے۔

Published: undefined

سیاسی پارٹیوں اورعوام کے علاوہ صحافیوں کے لیے بھی انتخابات تیوہار سے کم نہیں ہوتے ہیں۔ یہ ایک ایسا موقع ہوتا ہے جب ایڈیٹر صاحبان رپورٹروں کو ملک کے دو درازعلاقوں میں انتخابی نبض ٹٹولنے بھیجتے ہیں۔ صحافتی دنیا میں یہ ایک نادر موقع ہوتا ہے، جب صحافی دہلی کی سرکاری غلام گردشوں سے خبروں کے حصول سے چھٹکارا حاصل کر کے اصلی ہندوستان کے روبرو ہوتا ہے۔ اب یہ اس کی اپنی اہلیت اور قابلیت پر منحصر ہے کہ وہ اس اصلی ہندوستان کو کس طرح اپنے قارئین تک پہنچائے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہندوستان (جو دیہات ہے) اور انڈیا (شہری ہندوستان) ایک طرح سے اب دو الگ ممالک کی طرح ہیں اور ان دونوں کی تقدیر ایک دوسرے سے متصادم نظر آتی ہے۔ دہلی اور بڑے شہروں میں کام کرنے والے صحافیوں کو اس دیہی ہندوستان کا بالکل ہی ادراک نہیں ہوتا ہے۔ شاید پہلی بار ان کو احساس ہوتا ہے کہ جمہوریت کی دیوی کے ظہور کے بعد بھی عام آدمی کا کس طرح استحصال ہوتا ہے۔

Published: undefined

میڈیا میں گراؤنڈ رپورٹنگ تو اب تقریباً ختم ہو چکی ہے، کیونکہ اس کے لیے مالی و انسانی وسائل درکار ہوتے ہیں۔ چونکہ انتخابات میں سیاسی جماعتیں زر کثیر تشہیر وغیرہ پر خرچ کرتی ہیں تو اس کا ایک حصہ نشریاتی ادراروں تک بھی پہنچتا ہے، جو رپورٹنگ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ کئی میڈیا اداروں کو تو پارٹیاں یا حکومت بھی بسا اوقات سیاسی نبض معلوم کرنے کے لیے منجھے ہوئے رپورٹروں کو گراؤنڈ پر بھیجنے کی درخواست کرتی ہیں۔ ایک اچھے رپورٹر کی پہچان ہے کہ وہ اس موقع کا فائدہ اٹھا کر انتخابات میں جیت و ہارسے ہٹ کر ایسی اسٹوریز ڈھونڈے اور ان کی ایسی منظر کشی کرے، جو دیگر حالات میں ممکن نہ ہو۔ چونکہ گراؤنڈ پر جانے کے اب بہت کم مواقع صحافیوں کو نصیب ہوتے ہیں۔

Published: undefined

حالانکہ آج کا میڈیا اب اتنا وفا دار اور پاورفل بھی ہوگیا ہے کہ کسی بھی علاقے میں اپنے ادارے کے لئے رپورٹنگ کرنے کے ساتھ ساتھ حکمراں پارٹی کے لئے انتخابی مہم بھی چلانے میں کوئی عارنہیں محسوس کرتا ہے۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ اپنی ذمہ داریوں اور فرائض کو بالائے طاق رکھ کر نام نہاد صحافی ادارے کے تئیں اپنی وفاداری کو پس پشت ڈال کر مخصوص پارٹی کے لئے علاقوں کا دورہ کرنے اور وہاں کے ووٹروں کا موڈ بھانپنے بھی پہنچ جاتے ہیں اور مخصوص امیدوار کو سبز باغ دکھا کر اپنا مفاد حاصل کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ موجودہ دور کے میڈیا کا ایک بڑا طبقہ (جسے دوسرے الفاظ میں گودی میڈیا کہا جا رہا ہے) حکمراں پارٹی کی خوشنودی حاصل کرنے میں اس قدرمحو ہوجاتا ہے کہ اسے جمہوریت کے چوتھے ستون کا ذرا بھی خیال نہیں رہ جاتا ہے۔

Published: undefined

اسی وجہ سے جمہوریت کا چوتھا ستون متزلزل نظر آرہا ہے جو دنیا کے تقریباً سب سے بڑے جمہوری ملک کے لئے نیک شگون نہیں کہا جاسکتا ہے۔ انہی حالات میں جب ملک کی 5 ریاستوں میں انتخابی گہما گہمی اپنے شباب پر ہے، ووٹروں کو چاہیے کہ گزشتہ امیدوار کا احتساب کریں اور اس دل ودماغ کا استعمال کریں جو ملک کی تعمیر و ترقی کا خواہاں ہے۔ مذہبی ومسلکی منافرت کا زہر گھولنے والے کسی بھی پارٹی اوراس کے امیدوار کو سبق سکھائیں تاکہ ملک میں گنگا جمنی تہذیب کا شیرازہ نہ بکھرنے پائے اور وطن عزیز کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی قدیمی روایت برقرار ہے جوملک کے ساتھ ساتھ اس کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کی ضامن ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined