
ادب نامہ / کرشن بہار نورؔ / گرافکس قومی آواز
نیشنل ہیرالڈ، نوجیون اور قومی آواز کے ادبی پروگرام ادب نامہ کی تازہ خصوصی قسط اردو کے معتبر شاعر کرشن بہاری نورؔ کے فکری اور شعری جہان کے لیے وقف رہی، جس میں ان کی شاعری کے سماجی، اخلاقی اور فنی پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ قسط کی میزبانی عمران اے ایم خان نے کی، جبکہ اردو شاعری کے سنجیدہ قاری معین شاداب بطور مہمان شریک رہے۔
گفتگو کا مرکز کرشن بہاری نورؔ کی وہ شاعری رہی جسے سادگی، سچائی اور بناوٹ سے پاک اظہار کی مثال سمجھا جاتا ہے۔ پروگرام میں اس نکتے پر خاص طور پر زور دیا گیا کہ نورؔ کے یہاں سچ نہ بڑھا کر پیش کیا جاتا ہے اور نہ گھٹا کر، بلکہ وہ اپنے اصل وزن اور معنویت کے ساتھ سامنے آتا ہے۔ معین شاداب نے کہا کہ نورؔ کی شاعری میں تصنع یا خطیبانہ انداز کے بجائے ایک خاموش مگر گہرا اثر پایا جاتا ہے، جو قاری اور سامع دونوں کو دیر تک متاثر کرتا ہے۔
Published: undefined
قسط کے دوران نورؔ کے منتخب اشعار بھی پیش کیے گئے، جن کے ذریعے ان کی شاعری میں موجود سماجی شعور، فرد کی تنہائی اور عہد کے تضادات کو سمجھنے کی کوشش کی گئی۔ گفتگو میں اس بات پر بھی روشنی ڈالی گئی کہ مشاعروں میں غیر معمولی مقبولیت کے باوجود نورؔ کی شاعری سطحی نہیں ہوئی اور انہوں نے ہمیشہ فکری دیانت اور فنی وقار کو برقرار رکھا۔
ادب نامہ کی یہ قسط اس لحاظ سے اہم رہی کہ اس میں کرشن بہاری نورؔ کو محض ایک مقبول شاعر کے طور پر نہیں بلکہ ایک سنجیدہ اور ذمہ دار تخلیقی آواز کے طور پر پیش کیا گیا۔ پروگرام کے اختتام پر ناظرین کو ادب نامہ کی آئندہ قسطوں کے ساتھ جڑے رہنے کی دعوت دی گئی۔
Published: undefined