انڈیا بمقابلہ پاکستان: عثمان طارق کی ’مسٹری‘ کا توڑ کیسے ہوگا؟ کپتان سوریہ کمار یادو نے واضح کی حکمت عملی
انڈیا اور پاکستان کے ٹی-20 مقابلے سے قبل عثمان طارق کی اسپن سب کی توجہ کا مرکز ہے۔ کپتان سوریہ کمار یادو نے کہا ٹیم ہر چیلنج کے لیے تیار ہے جبکہ روی چندرن اشون نے بلے بازوں کو کریز چھوڑنے کا مشورہ دیا

انڈیا اور پاکستان کے درمیان ٹی 20 عالمی کپ کے بڑے مقابلے سے قبل سب سے زیادہ گفتگو پاکستان کے مسٹری اسپنر عثمان طارق کے گرد گھوم رہی ہے۔ کولمبو کی اسپن مددگار پچ پر انہیں پاکستان کا اہم ہتھیار تصور کیا جا رہا ہے اور انڈیا پہلی بار ان کا سامنا کرے گا۔ کم بین الاقوامی تجربے کے باوجود ان کی کارکردگی اور منفرد اندازِ گیند بازی نے ماہرین اور شائقین کو متوجہ کر رکھا ہے۔
عثمان طارق نے اب تک محدود ٹی 20 بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں، لیکن مختلف فرنچائز لیگز میں ان کے اعداد و شمار متاثر کن رہے ہیں۔ 42 ٹی 20 مقابلوں میں 70 وکٹیں، 15 اعشاریہ 94 کی اوسط اور 6 اعشاریہ 79 کی اکنامی ریٹ اس بات کا ثبوت ہیں کہ وہ میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کا گیند پھینکنے سے پہلے کریز پر لمحہ بھر رکنا بلے بازوں کے لیے الجھن پیدا کرتا ہے۔
کولمبو میں پریس کانفرنس کے دوران کپتان سوریا کمار یادو نے اس چیلنج کو پراعتماد انداز میں لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر امتحان میں نصاب سے ہٹ کر سوال آ جائے تو اسے چھوڑا نہیں جاتا بلکہ حل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، ٹیم بھی اسی ذہنیت کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ ان کے مطابق کھلاڑیوں نے ہر ممکن صورتحال کے لیے تیاری کر رکھی ہے۔
دوسری جانب تجربہ کار آف اسپنر روی چندرن اشون نے اپنے یوٹیوب پروگرام میں دلچسپ حکمتِ عملی پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر گیند باز اپنے ایکشن میں توقف کرتا ہے تو بلے باز کو بھی کریز چھوڑنے کا حق حاصل ہے۔ قوانین کے مطابق اگر بلے باز کو گیند کی ٹائمنگ سمجھ نہ آئے تو وہ دوبارہ تیار ہو سکتا ہے۔ اشون کی یہ رائے اس بڑے مقابلے میں حکمتِ عملی کا نیا رخ متعارف کرا رہی ہے۔
مجموعی طور پر ماحول پہلے ہی گرم ہے اور عثمان طارق کی مسٹری اس مقابلے کو مزید دلچسپ بنا رہی ہے، تاہم انڈین ٹیم کے اعتماد سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ہر امتحان کے لیے تیار ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔