
عمران خان / آئی اے این ایس
پاکستان کی جیل میں قید سابق وزیر اعظم عمران خان کو دل کی بیماری سے بچانے کے لیے جلد ہی کسی اچھے اور ماہر ڈاکٹر کو دکھانے کی ضرورت ہے۔ ان کے پرسنل ڈاکٹر نے یہ وارننگ دی ہے کہ 74 سالہ عمران خان کا بلڈ پریشر آؤٹ آف کنٹرول ہے۔ عمران خان کا 30 سال سے زائد عرصے تک علاج کرنے والے ڈاکٹر فیصل سلطان نے برطانیہ کے روزنامہ ’دی ٹیلی گراف‘ کو بتایا کہ پاکستانی حکام کو انہیں بلا تاخیر کسی ماہر ڈاکٹر سے مشورہ لینے کی اجازت دینی چاہیے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے وارننگ دی کہ علاج میں تاخیر کرنے کے باعث عمران خان کی صحت پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے اخبار سے کہا کہ ’’اگر میرے پاس کوئی ایسا مریض آتا جس کا بلڈ پریشر اتنا زیادہ ہوتا تو میں اسے جلد از جلد یا کل ہی کسی اچھے نیفرولوجسٹ یا کارڈیولوجسٹ کو دکھاتا۔ بلڈ پریشر کو کچھ دنوں کے اندر کم کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘
ڈاکٹر فیصل سلطان نے مزید کہا کہ طویل عرصے تک ہائی بلڈ پریشر رہنے سے عمران خان کے اہم اعضاء پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی وارننگ دی ہے کہ ہائی بلڈ پریشر کے باعث عمران خان کے گردوں اور دل اور ریٹینا کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اکیلے رہنے (آئسولیشن) کے باعث عمران خان کے صحت کے متعلق مسائل میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے حکام سے اپیل کی کہ انہیں اپنے پرانے مریض کی جانچ کرنے دی جائے۔ ان کے مطابق معاشرتی طور پر الگ تھلگ رہنے کے باعث یقینی طور پر بلڈ پریشر کا یہ مسئلہ بڑھ رہا ہوگا۔
قابل ذکر ہے کہ اڈیالہ جیل میں قید عمران خان نے پیر (16) نومبر کو پاکستان کی وفاقی آئینی عدالت (ایف سی سی)، سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس صاحبان کو ایک خط تحریر کیا تھا۔ ان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر خط کی تفصیلات شیئر کی تھیں۔ ان کے مطابق عمران خان نے 11 نومبر کو جیل میں ملاقات کے دوران یہ خط متعلقہ ججوں تک پہنچانے کی ہدایت دی تھی۔
عمران خان نے خط میں کہا تھا کہ انہیں روزانہ تقریباً 22 گھنٹے تنہائی میں رکھا جاتا ہے۔ اس دوران اہل خانہ، وکلاء اور بیرون ملک مقیم اپنے بیٹوں سے رابطے کی اجازت بھی نہیں دی جاتی ہے۔ ان کے مطابق کتابوں اور ٹیلی ویژن تک رسائی بھی محدود کر دی گئی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلسل تنہائی نے ان کی ذہنی صحت کو متاثر کیا ہے، جبکہ جیل کے میڈیکل بورڈ نے بھی ان کی بے چینی اور اضطراب کا ذکر کرتے ہوئے اہل خانہ سے زیادہ رابطے کی سفارش کی تھی، جس پر عمل نہیں کیا گیا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔