دیگر ممالک

اقوام متحدہ نے 12 ممالک اور خطوں میں انسانی امداد کے لیے 160 ملین ڈالر مختص کیے

او سی ایچ اے نے بتایا کہ سنٹرل ایمرجنسی رسپانس فنڈ نے افغانستان، برکینا فاسو، کیمرون، چاڈ، کیوبا، مالی، نائجر، مقبوضہ فلسطینی علاقہ، صومالیہ، جنوبی سوڈان، سوڈان اور یمن کے لیے 150 ملین ڈالر مختص کیے۔

اقوام متحدہ، تصویر آئی اے این ایس
اقوام متحدہ، تصویر آئی اے این ایس 

سنگین انسانی بحران کا سامنا کر رہے 12 ممالک اور خطوں میں زندگی بچانے والی امداد کے لیے اقوام متحدہ نے 160 ملین ڈالر کی ہنگامی رقم جاری کی ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی امور کے رابطہ دفتر (او سی ایچ اے) نے جمعہ (مقامی وقت) کے روز بتایا کہ سینٹرل ایمرجنسی رسپانس فنڈ نے افغانستان، برکینا فاسو، کیمرون، چاڈ، کیوبا، مالی، نائجر، مقبوضہ فلسطینی علاقہ، صومالیہ، جنوبی سوڈان، سوڈان اور یمن کے لیے 150 ملین ڈالر کی رقم مختص کی ہے۔

او سی ایچ اے نے کہا کہ 12 انسانی ہنگامی صورتحال میں معذور افراد کی فوری ضروریات پوری کرنے اور امداد کو زیادہ قابل رسائی اور جامع بنانے کے لیے اضافی 10 ملین ڈالر الگ رکھے گئے ہیں۔ او سی ایچ اے کے مطابق یہ فنڈنگ اس سال انتہائی سنگین انسانی ضروریات کا سامنا کرنے والے 87 ملین افراد تک پہنچنے کی وسیع تر کوشش کا حصہ ہے۔

’سنہوا‘ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق انسانی امور اور ہنگامی امداد کے رابطہ کار کے لیے اقوام متحدہ کے انڈر سکریٹری جنرل ٹام فلیچر نے کہا کہ آج کی نئی فنڈنگ ہمیں ان لوگوں تک امداد پہنچانے میں مدد کرے گی، جو بصورت دیگر پیچھے رہ سکتے تھے۔ لیکن صرف پیسہ کافی نہیں ہوگا، رہنماؤں کو رسائی فراہم کرنے، رکاوٹیں دور کرنے اور ان لوگوں تک امداد پہنچانے کے لیے سیاسی عزم کا مظاہرہ کرنا ہوگا، جن کی جان خطرے میں ہے۔ او سی ایچ اے نے بتایا کہ افغانستان، فلسطین کے مقبوضہ علاقے، جنوبی سوڈان، سوڈان اور یمن بھی ان 10 انسانی بحرانوں میں شامل ہیں، جہاں فلیچر نے رسائی یقینی بنانے اور اس سال امداد کے لیے منتخب کیے گئے 8.7 کروڑ افراد میں سے 1.1 کروڑ افراد تک امداد پہنچانے کے لیے فوری سفارتی اقدامات کی اپیل کی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔