بال ٹیمپرنگ تنازعہ: آسٹریلیا سے 6 ماہ بھی نہیں ہوا تھا صبر، سینڈپیپر کے بعد ’منٹ‘ کے استعمال پر غور!
آسٹریلیائی میڈیا ایجنسی ’ایس ای این‘ کے مطابق ٹم پین اور کوچ جسٹن لینگر کو جب یہ خبر ملی، تو انھوں نے یقینی بنایا تھا کہ اس طرح کے کسی بھی واقعہ کو انجام نہ دیا جا سکے۔

آسٹریلیائی کرکٹ غلط وجوہات کے لیے مسلسل تنازعات میں گھری ہوئی ہے۔ ’سینڈ پیپر گیٹ‘ تنازعے سے متعلق عثمان خواجہ کے انکشاف کے بعد الزامات کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی دوران گیند سے چھیڑ چھاڑ کا ایک تازہ معاملہ سامنے آیا ہے۔ اکتوبر 2018 میں دبئی میں آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا گیا تھا۔ آسٹریلیا کے ایک سینئر صحافی نے اپنی تحقیقات میں پایا ہے کہ دبئی میں کھیلے گئے اس مقابلے سے قبل کنگارو ٹیم کے اندر ’منٹ‘ یعنی پودینے کی گولی کے ذریعہ گیند سے چھیڑ چھاڑ کرنے پر غور کیا گیا تھا۔
آسٹریلیائی میڈیا ایجنسی ’ایس ای این‘ کے مطابق ٹم پین اور کوچ جسٹن لینگر کو جب یہ خبر ملی، تو انھوں نے یقینی بنایا تھا کہ اس طرح کے کسی بھی واقعہ کو انجام نہ دیا جا سکے۔ یہ ٹیسٹ میچ سینڈ پیپر گیٹ تنازعہ کے محض 6 ماہ بعد ہی کھیلا گیا تھا۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ جب آسٹریلیائی گیند بازوں کو پچ سے مدد نہیں مل رہی تھی، تب پودینے کی گولی کے ذریعہ گیند سے چھیڑ چھاڑ کرنے پر غور کیا گیا تھا۔
ایک کھلاڑی نے پودینے کی گولی کے ذریعہ گیند کی فطرت بدلنے کی بات کہی تھی، لیکن ٹیم کے ایک دیگر رکن نے اس پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ یہ بھی انکشاف ہوا کہ جب اس وقت کے کوچ جسٹن لینگر کو اس بارے میں معلوم ہوا تو انہوں نے کھلاڑیوں کے سامنے اپنی ناراضگی ظاہر کی تھی۔
اسی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سینڈ پیپر گیٹ تنازعہ کے دوران مچل مارش نے پورے واقعہ کے لیے ڈیوڈ وارنر کو پھٹکار لگائی تھی۔ کیمرون بینکرافٹ نے پہلے اس پورے معاملے کا الزام اپنے سر لینے کی پیش کش کی تھی، لیکن اسٹیو اسمتھ نے کہا تھا کہ وہ خود بھی پورے واقعہ کی ذمہ داری لینا چاہتے ہیں۔ مچل مارش نے کیمرون بینکرافٹ سے کہا تھا کہ وہ اس پورے معاملے کی ذمہ داری اپنے کندھوں پر نہیں لیں گے۔ ساتھ ہی مارش نے وارنر کو پھٹکار لگاتے ہوئے کہا تھا کہ جس نے غلطی کی ہے، اس کی ذمہ داری کوئی دوسرا ہرگز نہیں اٹھائے گا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
