اتر پردیش میں دلت سیاست کا نیا دور... نندلال شرما
بی ایس پی کا گرتا انتخابی گراف اور دلتوں، خصوصاً جاٹووں کے ایک حصہ کا مایاوتی سے دور ہونا نئی سیاست کا اشارہ دے رہا ہے۔

5 مئی 2017 کو اترپردیش میں بی جے پی کے اقتدار میں آنے اور یوگی آدتیہ ناتھ کے پہلی بار وزیر اعلیٰ بننے کے چند ہی ماہ بعد سہارنپور ضلع کے شبیرپور گاؤں میں ذات پات کی بنیاد پر تشدد بھڑک اٹھا۔ یہاں دلتوں کے 50 سے زیادہ گھروں کو آگ لگا دی گئی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اعلیٰ ذات کے راجپوتوں کا ایک جلوس، جو ’مہارانا پرتاپ جینتی‘ منا رہا تھا، سنت روی داس کے ایک مجسمہ کی توڑ پھوڑ کرنے لگا۔ یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ دلت طبقہ کے لیے سنت روی داس کا کیا مقام ہے۔
اس تشدد نے دلت طبقہ کے 2 نوجوان کارکنوں، روی گوتم اور چندر شیکھر کو ایک ساتھ لا کھڑا کیا۔ گوتم بہوجن سماجی و سیاسی تنظیم ’یووا شکتی دل‘ سے وابستہ تھے۔ آزاد اس ’بھیم آرمی‘ کی قیادت کر رہے تھے، جسے انہوں نے 2015 میں قائم کیا تھا (وہ اس وقت جس ’آزاد سماج پارٹی-کانشی رام‘ کے سربراہ ہیں، اس کی تشکیل 2020 میں ہوئی تھی)۔ دونوں ہی جاٹو برادری سے تعلق رکھتے ہیں۔
اس کے بعد ان کی سیاسی راہیں الگ ہو گئیں۔ روی سماجوادی پارٹی میں شامل ہو گئے، جبکہ چندر شیکھر ’آزاد سماج پارٹی‘ کے سربراہ ہیں۔ اس پارٹی نے حال ہی میں اسدالدین اویسی کی اے آئی ایم آئی ایم (آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین) کے ساتھ اتحاد کیا ہے، تاکہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں اکھلیش یادو کو چیلنج کیا جا سکے۔ ریاست میں دلتوں کی آبادی 20 فیصد سے زیادہ ہے۔ سماجوادی پارٹی ان کی حمایت حاصل کرنے کے لیے پوری طاقت لگا رہی ہے۔ وہ اپنے روایتی ’مسلم-یادو‘ ووٹ بینک سے آگے بڑھ کر، بی ایس پی کے گرتے ہوئے انتخابی گراف کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہے۔
15 نومبر 2026 کو آگرہ میں سماجوادی پارٹی کے ایک بڑے دلت اجلاس میں بھاری بھیڑ جمع ہوئی۔ گزشتہ دو دہائیوں میں سماجوادی پارٹی کا یہ پہلا بڑا دلت اجلاس تھا۔ طویل عرصے سے سماجوادی پارٹی سے وابستہ ہاپوڑ کے منوج کمار کا ماننا ہے کہ پارٹی کی رسائی بڑھ رہی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’گزشتہ 2 برسوں میں سماجوادی پارٹی میں دلتوں کو پہلے کے مقابلے کہیں زیادہ عزت ملی ہے۔ جاٹو برادری کا مایاوتی سے بھروسہ اٹھ رہا ہے۔ لوگوں کو لگتا ہے کہ بہن جی ان کے مسائل پر ان کے ساتھ کھڑی نہیں ہو سکتیں۔ ووٹ دینے کا حق باقی رہے گا، تبھی آئین بچے گا اور تبھی لوگوں کو راشن اور سرکاری اسکیموں کا فائدہ بھی مل سکے گا۔‘‘ مایاوتی کی وراثت کے بارے میں روی اتنے منفی نہیں ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’جب وہ اقتدار میں تھیں تو انہوں نے برادری کے لیے بہت کچھ کیا۔ لیکن اپنے نوجوانوں کو پارٹی میں بڑی حصہ داری دینے میں ناکام رہیں۔ اکھلیش یادو دلتوں کے مسائل اٹھاتے ہیں، مالی مدد دیتے ہیں اور لوگوں کی لڑائی میں ان کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ لوگ ان کی طرف راغب ہو رہے ہیں۔‘‘
آگرہ میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے دلتوں کی حمایت حاصل کرنے کی جدوجہد کو آئینی حقوق کے تحفظ سے جوڑا۔ انہوں نے کہا کہ ’’جو لوگ آئین کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، وہ آپ کا ووٹ بھی چھیننا چاہتے ہیں۔ اگر آپ کا ووٹ چلا گیا تو آئین نہیں بچے گا۔‘‘ یہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں سماجوادی پارٹی اور کانگریس کی اس مہم کی بازگشت تھی، جس میں ’آئین بچانا‘ اپوزیشن کا اہم ترین موضوع بن گیا تھا۔ ایک طرف بی جے پی ’400 پار‘ کی بات کر رہی تھی، جس سے یہ تشویش پیدا ہوئی تھی کہ وہ ملک کے پسماندہ طبقوں کو حاصل آئینی تحفظات اور ضمانتیں ختم کر سکتی ہے، تو دوسری طرف راہل گاندھی ’بھارت جوڑو یاترا‘ اور ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ نکال چکے تھے۔ کانگریس نے بڑے شہروں میں ’آئین سمان سمیلن‘ منعقد کیے، جبکہ سماجوادی پارٹی نے اپنا ’پی ڈی اے‘ (پسماندہ، دلت، اقلیت) فارمولہ آگے بڑھایا۔ جب زیادہ تر سیاسی تجزیہ کار بی جے پی کی یکطرفہ جیت کی پیش گوئی کر رہے تھے، تب ’انڈیا‘ اتحاد نے ریاست کی 80 لوک سبھا سیٹوں میں سے 43 پر کامیابی حاصل کی۔
سماجوادی پارٹی نے عام انتخابی حلقوں سے دلت امیدوار اتار کر ذات پات کے پرانے سیاسی مساوات کو بھی آزمایا۔ ایودھیا میں اس نے پاسی برادری کے اودھیش پرساد کے ہاتھوں بی جے پی کو شکست دی اور رام مندر کے افتتاح کے گرد بنائی گئی بی جے پی کی جیت کی کہانی چند ہی ماہ میں بکھر گئی۔ اس وقت سے اودھیش پرساد اکھلیش کے ’پی ڈی اے‘ (پسماندہ، دلت، اقلیت) ایجنڈے کا چہرہ بنے ہوئے ہیں۔ آگرہ اجلاس میں وہ توجہ کا مرکز رہے۔ پارلیمنٹ میں بھی وہ اکھلیش کے بالکل برابر، اگلی صف میں بیٹھتے ہیں، گویا یہ یاد دلانا چاہتے ہوں کہ رام مندر کے افتتاح کے سلسلے میں بی جے پی اور آر ایس ایس کی جانب سے کیے گئے تمام دکھاوے کے باوجود بی جے پی کس طرح ایودھیا ہار گئی۔
اترپردیش میں اسمبلی کی 86 سیٹیں درج فہرست ذاتوں کے لیے محفوظ ہیں۔ 2022 میں بی جے پی کی قیادت والے این ڈی اے نے 65 سیٹیں جیتی تھیں، جبکہ سماجوادی پارٹی کے اتحاد کو 20 سیٹیں ملی تھیں۔ 2024 میں کانگریس کی کچھ مدد سے سماجوادی پارٹی نے ریاست کی 17 محفوظ لوک سبھا سیٹوں میں سے سات اور کانگریس نے ایک سیٹ جیتی، جبکہ این ڈی اے کو آٹھ اور چندر شیکھر کو ایک سیٹ ملی۔ یہ نتائج دلت ووٹروں کے درمیان سماجوادی پارٹی اور کانگریس کی مضبوط موجودگی کا اظہار کرتے ہیں۔
آگرہ اجلاس میں جب اکھلیش نے کہا کہ ’’پی ڈی اے میں ’ڈی‘ کا مطلب ’دم دار دلت‘ ہے‘‘ تو ان کا اشارہ روی جیسے کارکنوں پر مشتمل ایک ایسی بے باک نسل کی طرف تھا، جو اپنے وقار اور حقوق کے لیے سڑکوں پر اترنے کو تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اترپردیش میں بابا صاحب امبیڈکر کے 200 سے زیادہ مجسموں کو توڑا گیا ہے اور یہ اس ہاتھ پر حملہ ہے جس نے آئین کی تشکیل کی تھی۔ اجلاس کے رابطہ کار اور راجیہ سبھا کے رکن رام جی لال سمن نے کہا کہ مجسموں کو توڑنا ظاہر کرتا ہے کہ بی جے پی اور آر ایس ایس، امبیڈکر کی وراثت کو کمزور کرنا اور دلتوں کو سماج میں ان کی ’اوقات‘ دکھانا چاہتے ہیں۔ سمن خود جاٹو ہیں، پانچ بار رکن پارلیمنٹ رہ چکے ہیں اور ملائم سنگھ یادو کے طویل عرصے تک ساتھی رہے ہیں۔
2019 سے پہلے مایاوتی اکثر 1995 کے بدنام زمانہ گیسٹ ہاؤس واقعہ کا ذکر کرتی تھیں (جب سماجوادی پارٹی اور بی ایس پی کی مخلوط حکومت گرتے وقت ان پر حملہ کیا گیا تھا) تاکہ یہ بتا سکیں کہ سماجوادی پارٹی فطری طور پر دلت مخالف ہے۔ لیکن 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے بعد صورت حال کچھ مختلف دکھائی دے رہی ہے۔ اب سماجوادی پارٹی ریاست کے تمام 18 انتظامی ڈویژنوں میں آگرہ کی طرز پر ہی اجلاس منعقد کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ ان ڈویژنوں میں ریاست کے 75 اضلاع شامل ہیں۔
اترپردیش کی آبادی میں دلتوں کا حصہ تقریباً 20 فیصد ہے۔ کئی دہائیوں تک بی ایس پی ان کے لیے بنیادی سیاسی ذریعہ رہی، لیکن اب اس کے کمزور ہونے سے بی جے پی، سماجوادی پارٹی، کانگریس اور دیگر نئی سیاسی پارٹیوں کے درمیان ان کی حمایت حاصل کرنے کی دوڑ لگی ہوئی ہے۔ انتخابی رجحانات میں یہ تبدیلی خاصی اہم ہے۔ 2007 میں بی ایس پی نے ریاست کی 86 محفوظ اسمبلی سیٹوں میں سے 62 پر کامیابی حاصل کر کے اکثریت والی حکومت بنائی تھی۔ 2012 میں سماجوادی پارٹی نے 58 سیٹیں جیتی تھیں۔ اس کے بعد بی جے پی نے غیر یادو او بی سی اور غیر جاٹو دلتوں کو اپنے ساتھ جوڑ لیا، جس سے سماجوادی پارٹی اور بی ایس پی دونوں کمزور ہوئیں۔ بی جے پی نے 2014 میں لوک سبھا کی تمام 17 محفوظ سیٹیں جیتی تھیں اور 2019 میں سماجوادی پارٹی اور بی ایس پی کے اتحاد کے باوجود 15 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔ 2017 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی قیادت والے این ڈی اے نے 70 محفوظ سیٹیں جیتی تھیں اور 2022 میں 65 سیٹیں حاصل کیں۔ بی ایس پی کی حالت کافی خراب ہو گئی۔ 2017 میں اس کے پاس اسمبلی کی 19 سیٹیں تھیں، جو 2022 میں گھٹ کر صرف ایک رہ گئیں۔ پارٹی کے گرتے ہوئے ووٹ شیئر سے بھی یہی حقیقت سامنے آتی ہے۔ 2007 میں یہ 30.4 فیصد تھا، جو 2017 میں گھٹ کر 22.2 فیصد اور 2022 میں 12.9 فیصد رہ گیا۔
اکتوبر کے آخر سے مایاوتی کے بھتیجے آکاش آنند، جو اب شاید دوبارہ ان کا اعتماد حاصل کر چکے ہیں، بلند شہر، سہارنپور، بریلی اور بجنور میں ریلیاں کر چکے ہیں۔ ان کا مقصد بی ایس پی میں نئی جان ڈالنا ہے۔ شکارپور کے رہنے والے بی ایس پی حامی اور ہارڈویئر کے تاجر عمران ملک، جو بلند شہر کی ریلی میں شامل ہوئے تھے، بتاتے ہیں کہ اس ریلی میں برہمنوں اور مسلمانوں سمیت مختلف برادریوں کے لوگ موجود تھے۔ الہ آباد یونیورسٹی کے پروفیسر وکرم ہریجن کا ماننا ہے کہ اس بار بی ایس پی کی کارکردگی بہتر ہو سکتی ہے۔
اس دوران چندر شیکھر اور اویسی نے ’سماجی پریورتن مورچہ‘ (ایس پی ایم) بنایا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ وہ اسمبلی کی تمام 403 سیٹوں پر انتخاب لڑیں گے۔ ان کا نشانہ حکمراں بی جے پی کے بجائے اکھلیش یادو ہیں، لیکن اویسی کے پرانے طریقۂ کار کو دیکھتے ہوئے اس پر حیرت نہیں ہونی چاہیے۔ 2022 میں ان دونوں پارٹیوں کو مجموعی طور پر ایک فیصد سے بھی کم ووٹ ملے تھے، لیکن 2024 میں چندر شیکھر کی ’آزاد سماج پارٹی‘ نے جن چار لوک سبھا سیٹوں پر انتخاب لڑا، وہاں اسے 14.6 فیصد ووٹ ملے۔ یہ ان کے بڑھتے ہوئے عوامی اثر و رسوخ کا اشارہ ہے اور سماجوادی پارٹی۔کانگریس اتحاد اور بی ایس پی کے لیے کچھ مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔
قنوج کے پنڈت سندر لال میموریل کالج کے پروفیسر شیش پال گوتم کا ماننا ہے کہ چندر شیکھر نے دلتوں کے غصے کو سڑکوں کی تحریک (عوامی تحریک) میں بدل دیا ہے۔ لیکن کٹھور کے وکیل نیترپال سنگھ کا نقطۂ نظر کچھ مختلف ہے۔ ان کے مطابق چندر شیکھر اپوزیشن اتحاد کو تھوڑا نقصان تو پہنچا سکتے ہیں، لیکن ووٹر سمجھتے ہیں کہ بی جے پی کو شکست دینے کی صلاحیت صرف سماجوادی پارٹی۔کانگریس اتحاد میں ہے، اس لیے اس بات کا امکان کم ہے کہ وہ اپنے ووٹ تقسیم ہونے دیں گے۔
اکھلیش 26 نومبر کو پارٹی کا منشور جاری کرنے والے ہیں۔ آگرہ میں انہوں نے اس کی جھلک بھی دکھا دی۔ انہوں نے درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کے لیے الگ بجٹ، مزدوروں (جن میں آگرہ کی جوتوں کی فیکٹریوں کے مزدور بھی شامل ہیں) کے لیے کم از کم اجرت اور اوور ٹائم کی ادائیگی، نیز مجسموں کو نقصان پہنچانے کے خلاف قانونی تحفظ فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔ پارٹی کارکنوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں دلتوں کے مطالبات اور خدشات کو درج کریں۔
دلت ووٹوں کی جنگ صرف محفوظ انتخابی حلقوں تک محدود نہیں ہے۔ یہ اس بات کی جنگ ہے کہ ان کی امنگوں کو قابل اعتماد طریقے سے کون پورا کر سکتا ہے، انہیں عزت، سیاسی طاقت، معاشی مواقع اور نظام حکومت میں بامعنی حصہ داری کون دلا سکتا ہے۔
