
تصویر/آئی اے این ایس
کیف میں بدھ کی رات روسی میزائل حملے میں 2 افراد ہلاک ہو گئے۔ یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے دعویٰ کیا کہ روس نے 13 میزائل داغے، جن میں 8 بیلسٹک میزائل تھے اور 151 ڈرونز کا بھی استعمال کیا۔ زیلنسکی نے کہا کہ ماسکو بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے خوف پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔ یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’گزشتہ رات روس کے میزائل حملے میں کیف میں 2 افراد کی موت کی تصدیق ہوئی ہے۔ میں ان کے خاندانوں اور عزیزوں کے ساتھ گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ 5 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔‘‘
زیلنسکی نے کہا کہ روسی حملے میں ایک کثیر المنزلہ رہائشی عمارت، گودام اور کئی گاڑیاں بھی تباہ ہوئی ہیں۔ خارکیف کے علاقے میں ہونے والے روسی حملوں میں 4 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اس علاقے پر ڈرونز اور گائیڈڈ فضائی بموں سے حملہ کیا گیا۔ عام لوگوں کے متعدد گھروں اور مکمل طور پر سویلین استعمال کی جگہوں کو نقصان پہنچا ہے، جن میں ایک سنیما ہال اور ٹینس کورٹ بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سومی میں ایک پبلک پارک پر حملہ کیا گیا، جبکہ اسی علاقے میں ٹریکٹروں کے ایک قافلے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ زاپوریژیا میں کئی اپارٹمنٹ عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ دوسری طرف وینیتسیا، ژیتومیر، مائیکولائیو اور دونیتسک کے علاقوں میں بجلی کے نظام سے جڑی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
یوکرینی صدر نے بتایا کہ مجموعی طور پر روس نے 13 میزائل داغے، جن میں 8 بیلسٹک میزائل تھے، اور 151 ڈرونز کا بھی استعمال کیا۔ جولائی کے مہینے میں ہی کیو پر بیلسٹک میزائلوں سے کیا گیا یہ چھٹا حملہ ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ماسکو اب بھی بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے خوف پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے اور مسلسل حملے کر رہا ہے۔ اب سب سے ضروری یہ ہے کہ ہمارے فضائی دفاع کے لیے انٹرسیپٹر میزائلوں کی سپلائی تیز کی جائے۔ ہر امدادی پیکیج اہم ہے، اور ہمارے شراکت داروں کے ساتھ جو بھی معاہدے ہوئے ہیں، ان کا سامان وقت پر پہنچنا چاہیے۔ ان کی بروقت ڈیلیوری سے لوگوں کی جانیں بچانے میں مدد ملتی ہے اور روس کے حملوں کا اثر کم ہوتا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔