دہلی کے ہرش وہار میں زیر تعمیر مکان منہدم، ملبے میں لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ، بچاؤ آپریشن جاری
شمال مشرقی دہلی کے ہرش وہار میں اتوار کی شام ایک زیر تعمیر مکان منہدم ہو گیا۔ لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ این ڈی آر ایف، پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں

شمال مشرقی دہلی کے ہرش وہار علاقے میں اتوار کی شام ایک زیر تعمیر مکان اچانک منہدم ہو گیا، جس سے علاقے میں افراتفری مچ گئی۔ حادثے کے بعد پولیس، فائر بریگیڈ، قومی ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) اور دیگر امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر راحت اور بچاؤ آپریشن شروع کر دیا۔ حکام کے مطابق ملبے میں لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ ہے، تاہم خبر لکھے جانے تک کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی سرکاری تصدیق نہیں ہوئی تھی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ شمال مشرقی دہلی کے ہرش وہار میں ملن گارڈن علاقے میں پیش آیا۔ اتوار کی شام تقریباً 7 بجے ایک عمارت کے منہدم ہونے کی اطلاع دہلی فائر سروس اور مقامی پولیس کو دی گئی۔ عمارت گرنے کی زوردار آواز سن کر آس پاس کے لوگ بڑی تعداد میں جائے وقوع پر جمع ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔
حکام نے بتایا کہ راحت اور بچاؤ آپریشن میں تیزی لانے کے لیے دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) کی ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی۔ اس کے علاوہ این ڈی آر ایف، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکار بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس (اے ڈی سی پی) سندیپ لامبا نے بتایا کہ شام تقریباً 7 بجے عمارت گرنے کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق وہاں پہلے سے ایک پرانی، ایک منزلہ عمارت موجود تھی، جس کے اوپر ایک اور منزل تعمیر کی جارہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں عمارتیں ایک دوسرے کے قریب اور پورا علاقہ گنجان آباد ہونے کی وجہ سے یہ طے کرنے میں دشواری پیش آرہی ہے کہ اصل میں کون سی عمارت منہدم ہوئی ہے۔ امدادی ٹیمیں اس صورت حال کا جائزہ لینے کے ساتھ ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں۔
سندیپ لامبا کے مطابق این ڈی آر ایف کی ٹیم اپنے تربیت یافتہ کتوں اور دیگر ضروری آلات کے ساتھ موقع پر پہنچ چکی ہے۔ مقامی پولیس، فائر بریگیڈ، سول ڈیفنس اور مقامی لوگ بھی امدادی کارروائیوں میں تعاون کررہے ہیں۔ ملبے کو اطراف سے ہٹایا جارہا ہے تاکہ اندر کسی شخص کے پھنسے ہونے کی صورت میں اسے تلاش کیا جاسکے۔
انہوں نے بتایا کہ فی الحال کسی شخص کو ملبے سے نکالے جانے کی اطلاع نہیں ہے۔ تاہم، ملبے کے نیچے لوگوں کے دبے ہونے کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا۔ امدادی ٹیمیں پوری احتیاط کے ساتھ کارروائی کررہی ہیں۔ حادثے کی اصل وجہ ابھی سامنے نہیں آئی ہے۔ حکام اس بات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا زیر تعمیر حصے کے منہدم ہونے سے عمارت گری یا اس کے پیچھے کوئی اور وجہ تھی۔ فی الحال کسی جانی نقصان کی سرکاری تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ خبر لکھے جانے تک ہرش وہار کے ملن گارڈن علاقے میں راحت اور بچاؤ آپریشن جاری تھا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
