دیگر ممالک

ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کا انتقال، اہل خانہ راج محل پہنچے

96 سالہ الزبتھ دوئم گزشتہ سال اکتوبر سے کئی بار خرابیٔ طبیعت کے بعد صحت مند ہو چکی تھیں، لیکن اس مرتبہ وہ بیمار پڑیں تو شفایابی حاصل نہ کر سکیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کے انتقال کی خبر سے پوری دنیا میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ان کے اہل خانہ کے اہم کارکنان راج محل پہنچ چکے ہیں اور شاہی گھرانہ کے کئی افراد راج محل کی طرف رخت سفر باندھ چکے ہیں۔ اس سے قبل ملکہ برطانیہ کی طبیعت اچانک بگڑنے کی خبر سامنے آئی تھی، جس کے بعد انھیں ڈاکٹروں کی نگرانی میں رکھا گیا تھا۔ بکنگھم پیلس نے مطلع کیا تھا کہ ڈاکٹرس ملکہ برطانیہ کی صحت کو لے کر فکر مند ہیں اور انھوں نے مشورہ دیا کہ انھیں میڈیکل دیکھ ریکھ میں ہی رکھنا مناسب ہے۔ ملکہ برطانیہ کے اہل خانہ کو بھی ان کی خراب طبیعت کے بارے میں بتا دیا گیا تھا، جس کے بعد شہزادہ چارلس اور شہزادہ ولیم اسکاٹ لینڈ اپنی والدہ سے ملاقات کے لیے فوراً روانہ ہو گئے۔

Published: 08 Sep 2022, 9:40 PM IST

شاہی گھرانہ نے بھی ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کے انتقال کے خبر کی تصدیق کر دی ہے۔ دی رائل فیملی کے ٹوئٹر ہینڈل سے الزبتھ دوئم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ملکہ برطانیہ کا انتقال بہت پرسکون انداز میں بالمورل (راج محل) میں ہوا۔ ساتھ ہی یہ جانکاری بھی دی گئی کہ کنگ اور کوئن کنسورٹ آج شام بالمورل میں ہی رہیں گے، لندن واپسی کل ہوگی۔

Published: 08 Sep 2022, 9:40 PM IST

قابل ذکر ہے کہ 96 سالہ الزبتھ دوئم گزشتہ سال اکتوبر سے کئی بار خرابیٔ طبیعت کے بعد صحت مند ہو چکی ہیں، لیکن اس وجہ سے ان کے چلنے اور کھڑے ہونے میں دقتیں پیش آنے لگی تھیں۔ بدھ کے روز ملکہ برطانیہ اپنے سینئر سیاسی مشیروں کے ساتھ قبل سے طے کردہ میٹنگ میں شامل ہونے والی تھیں، لیکن خرابی طبیعت کی وجہ سے وہ میٹنگ میں شریک نہیں ہو سکیں۔ حالانکہ اس سے قبل انھوں نے اسکاٹ لینڈ کے پہاڑوں پر تعمیر راج محل بالمورل میں وزیر اعظم کا عہدہ چھوڑنے والے بورس جانسن سے ملاقات کی تھی، اور پھر نئی وزیر اعظم لز ٹرس کی تقرری بھی کی تھی۔

Published: 08 Sep 2022, 9:40 PM IST

بعد میں بکنگھم پیلس نے بتایا تھا کہ ملکہ برطانیہ بالمورل میں آرام کر رہی ہیں۔ حالانکہ راج محل سے ملکہ برطانیہ کی صحت کو لے کر دی گئی خبر سے سبھی حیران رہ گئے تھے۔ کچھ وقت پہلے ہی برطانیہ کی نئی وزیر اعظم لز ٹرس اور ان کی ٹیم کو پارلیمنٹ میں یہ جانکاری دی گئی اور انھیں چیمبر سے جانے کی تیاری کرنے کو کہا گیا۔ بعد ازاں ٹرس نے ایک ٹوئٹ کیا جس میں لکھا کہ "پورا ملک بکنگھم پیلس کی طرف سے دی گئی خبر پر فکرمند ہے۔ اس وقت میری اور برطانیہ کے لوگوں کی نیک خواہشات ملکہ برطانیہ اور ان کے کنبہ کے ساتھ ہیں۔"

Published: 08 Sep 2022, 9:40 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 08 Sep 2022, 9:40 PM IST