دیگر ممالک

’بحری ناکہ بندی سے ایران نہیں امریکہ کو زیادہ نقصان‘، آئی آر جی سی کا دعویٰ

آئی آر جی سی کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محیبی کا ماننا ہے کہ ’’معاشی اور بحری ناکہ بندی کا خمیازہ تہران کے مقابلے میں واشنگٹن کو کہیں زیادہ بھگتنا پڑ سکتا ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>آبنائے ہرمز / آئی اے این ایس</p></div>

آبنائے ہرمز / آئی اے این ایس

 

اسلامک ریوولیوشنری گارڈ کورپس (آئی آر جی سی) کا دعویٰ ہے کہ آبنائے ہرمز میں ناکہ بندی بڑھانے سے ایران کو نہیں بلکہ امریکہ کو ہی زیادہ نقصان پہنچے گا۔ آئی آر جی سی کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محیبی کا یہ بیان مقامی نیوز ایجنسی نے شائع کیا۔ ان کا ماننا ہے کہ معاشی اور بحری ناکہ بندی کا خمیازہ تہران کے مقابلے میں واشنگٹن کو کہیں زیادہ بھگتنا پڑ سکتا ہے۔ محیبی نے نیوز ایجنسی ’مہر‘ کو بتایا کہ ’’اگر امریکہ ایران کو ایک ڈالر کا معاشی نقصان پہنچانا چاہتا ہے تو اسے خود کئی ڈالر کی لاگت اور نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔‘‘

آئی آر جی سی کے ترجمان نے مزید کہا کہ ’’امریکہ کے صدر ٹرمپ کا خیال ہے کہ واشنگٹن اپنی فوجی طاقت کے بل پر تہران کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر سکتا ہے، حالانکہ حالیہ واقعات نے کچھ اور ہی دکھایا ہے۔ بھاری قرض اور چین سمیت دیگر بڑی طاقتوں کے ساتھ اقتصادی مسابقت کا سامنا کر رہا امریکہ، ایران پر اپنے حملوں اور پابندیوں میں کامیاب نہیں ہو سکے گا۔‘‘

اسی دوران ایران نے اقتصادی جنگ سے نمٹنے کے لیے ’اکنامک وار ٹاسک فورس‘ بنانے کا بھی اعلان کیا ہے۔ نیم سرکاری نیوز ایجنسی ’تسنیم‘ نے اتوار کو نائب وزیر خزانہ مرتضیٰ زمانیان سے گفتگو کی بنیاد پر ایک رپورٹ شائع کی، جس میں ٹاسک فورس کی سرگرمیوں اور ذمہ داریوں کا ذکر کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خزانہ کے تحت قائم کی گئی اس ٹاسک فورس کا مقصد جنگ جیسے حالات سے پیدا ہونے والے اقتصادی مسائل کو حل کرنے کے لیے تال میل اور کارروائی میں تیزی لانا ہے۔

مرتضیٰ زمانیان کے مطابق شروع میں اس کی توجہ وزارت کے اپنے اختیارات اور ذمہ داری کے دائرے میں آنے والے شعبوں پر ہوگی۔ یہ یقینی بنانے کے لیے کام کرے گی کہ جنگ کی وجہ سے کمپنیوں، تجارت، مالیات اور دیگر اقتصادی شعبوں کو درپیش مسائل پر وزارت کی صلاحیت کے دائرے میں رہتے ہوئے فوری کارروائی کی جائے اور انہیں حل کیا جائے۔ قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں امریکہ نے ایران کے خلاف اقتصادی پابندیوں کو مزید سخت کرنے کا اعلان کیا تھا۔ امریکہ نے ایران کی معیشت کو کمزور اور الگ تھلگ کرنے کے لیے حال ہی میں ’آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ‘ کا اعلان کیا تھا۔ امریکہ کے مطابق، اس کا مقصد ایران کی معیشت کو مفلوج کرنا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔