
کیپٹن اسمت مچھار، تصویر ’ایکس‘ @SuvenduWB
’فلائی دبئی‘ کی پرواز میں عملہ کے اراکین سمیت تقریباً 180 مسافروں کی جان بچانے والے ہند نژاد پائلٹ کیپٹن سمت مچھار کو اسرائیل کے ’پریزیڈنشیل ایوارڈ فار سویلین ہیرو ازم‘ سے نوازا جائے گا۔ یہ اسرائیل میں شہریوں کے لیے ملک کا سب سے بڑا بہادری کا اعزاز ہے۔ کیپٹن مچھار نے اپنے شریک پائلٹ ہمام الحمامی کی جانب سے پرواز کو یرغمال بنانے کی سازش کو ناکام بنا دیا تھا، جس کی وجہ سے پوری دنیا میں ان کی تعریف ہو رہی ہے۔ فی الحال اس معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ الحمامی نے اس طرح کی حرکت کیوں کی۔ اس نے کیپٹن مچھار پر کلہاڑی سے جان لیوا حملہ بھی کیا تھا، جس سے وہ بری طرح زخمی ہو گئے۔ اس وقت متحدہ عرب امارات کے ایک اسپتال میں ان کا علاج جاری ہے۔
کیپٹن مچھار کی حاضر دماغی اور فوری کارروائی کی دنیا بھر میں تعریف کی جارہی ہے۔ انہوں نے زخمی حالت میں بھی پرواز کے دوران کاک پٹ کا دروازہ کھول دیا، جس کے بعد مسافروں نے حملہ آور شریک پائلٹ کو قابو میں کر لیا اور سب کی جان بچائی جا سکی۔ اسرائیل کے صدر اسحاق ہرزوگ نے کہا ہے کہ ہندوستانی پائلٹ کو صحت یاب ہونے کے بعد یہ اعزاز دیا جائے گا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔