’3 مرتبہ شیطان کا سامنا کیا اور جہنم کا دروازہ بھی دیکھا‘، پوپ فرانسس کی پرائیویٹ ڈائری میں دعویٰ

اپنی پرائیویٹ ڈائری میں پوپ نے اعتراف کیا کہ ابتدا میں وہ چلی میں چرچ سے وابستہ جنسی استحصال معاملے کی سنگینی کو سمجھ نہیں پائے تھے اور بعد میں انہیں اس پر پچھتاوا ہوا۔

پوپ فرانسس، تصویر آئی اے این ایس
i

دنیا کو امن، محبت اور انسانیت کا پیغام دینے والے پوپ فرانسس کی زندگی کا ایک ایسا پہلو سامنے آیا ہے، جس کے بارے میں شاید ہی کسی نے سوچا ہوگا۔ ان کی موت کے بعد سامنے آنے والی پرائیویٹ ڈائری میں کئی حیران کرنے والے انکشافات ہوئے ہیں۔ اس میں پوپ نے لکھا ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی میں 3 بار شیطان کو دیکھا تھا۔ یہی نہیں، ایک رات انہیں جہنم کے دروازے بھی دکھائی دیے تھے، جنہیں دیکھ کر وہ بری طرح خوف زدہ ہو گئے تھے۔

یہ انکشاف پوپ فرانسس کی نئی کتاب ’دی پرائیویٹ ڈائری آف پوپ فرانسس‘ میں ہوا ہے۔ اس کتاب میں 1992 سے اگست 2024 تک لکھی گئی ان کی پرائیویٹ ڈائری کے اقتباسات شامل ہیں۔ اس میں ان کے خوف، پچھتاوے، مذہبی عقائد اور زندگی کی جدوجہد کی کہانی درج ہے۔ ارجنٹائنا کے کارڈینل وکٹر مینوئل فرنانڈیز کی جانب سے مرتب کی گئی اس کتاب میں پوپ فرانسس کے ایسے 3 تجربات کا ذکر ہے، جب انہیں محسوس ہوا کہ انہوں نے شیطان کو دیکھا ہے۔


ڈائری میں پوپ فرانسس نے ایک مقام پر لکھا کہ پہلی بار انہوں نے شیطان کو کار سے گھر لوٹتے وقت دیکھا تھا۔ دوسری بار یہ تجربہ ایک عبادت گاہ میں ہوا۔ تیسری بار روم میں ویٹیکن کے عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کے دوران انہیں شیطان دکھائی دیا اور اس کی آواز بھی سنائی دی۔ ڈائری میں 7 جون 2018 کے ایک واقعہ کا بھی ذکر ہے۔ پوپ فرانسس نے لکھا کہ گزشتہ شب سونے کی تیاری کرتے وقت انہیں جہنم کا داخلی دروازہ دکھائی دیا تھا۔ انھوں نے لکھا کہ انہوں نے اندر جھانک کر دیکھنے کی کوشش کی، لیکن یہ منظر اتنا خوف ناک تھا کہ وہ گھبرا گئے۔ اس کے بعد انہوں نے اپنی حفاظت اور سکون کے لیے روزری یعنی کیتھولک مذہب کی دعاؤں والی مالا کا سہارا لیا۔ انہوں نے اسے خدا کی مدد قرار دیا۔

ڈائری سے انکشاف ہوا ہے کہ پوپ فرانسس 2021 سے 2022 تک شدید روحانی بحران سے گزرے تھے۔ اس دوران انہیں ذہنی اور مذہبی سطح پر کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہیں ڈر تھا کہ کہیں وہ اپنی طاقت کا استعمال کر کے لوگوں کو اپنے مطابق چلانے والے شخص نہ بن جائیں۔ ویٹیکن کے کام کاج، بڑے فیصلوں کے دباؤ اور چرچ کے اندر مخالفت نے ان کی مشکلات بڑھا دی تھیں۔ ڈائری میں چلی میں چرچ سے وابستہ جنسی استحصال کے معاملے کا بھی ذکر ہے۔ پوپ نے اعتراف کیا کہ ابتدا میں وہ اس معاملے کی سنگینی کو سمجھ نہیں پائے تھے اور بعد میں انہیں اس پر پچھتاوا ہوا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔