دیگر ممالک

چین میں سمندری طوفان ’ڈولفن‘ کی دستک، 1400 پروازیں منسوخ، لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا حکم

چین کے مشرقی ساحل پر سمندری طوفان ’ڈولفن‘ کے خدشے کے پیش نظر تقریباً 1400 پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جبکہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل اور اعلیٰ ترین سطح کا الرٹ جاری کر دیا گیا

<div class="paragraphs"><p>تصویر/آئی اے این ایس</p></div>

تصویر/آئی اے این ایس

 

چین کے گنجان آباد مشرقی ساحل پر اتوار کے روز سمندی طوفان ’ڈولفن‘ کی آمد کے خدشے کے پیش نظر تقریباً 1400 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے اور حکام نے اعلیٰ ترین سطح کا الرٹ جاری کیا ہے۔ سرکاری براڈکاسٹر ’چائنا سنٹرل ٹیلی ویژن‘ (سی سی ٹی وی) کے مطابق اتوار کو شنگھائی آنے اور جانے والی تقریباً 1400 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قریبی صوبے جھجیانگ میں واقع ہانگجھوڈ ہوائی اڈے سے بھی آنے اور جانے والی 270 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

طوفان ’ڈولفن‘ کی وجہ سے گزشتہ دنوں جاپان کے اوکی ناوا میں شدید بارش ہوئی تھی۔ اتوار کی رات یا پیر کی صبح جھجیانگ یا اس کے پڑوسی صوبے فوجیان سے ٹکرانے کا امکان ہے۔ حکومت کے مطابق اوکی ناوا میں 7 افراد کو معمولی چوٹیں آئیں، جن میں 100 سال سے زائد عمر کا ایک بوڑھا شخص بھی شامل ہے، جو تیز ہواؤں کی زد میں آ کر زمین پر گر گیا اور اس کا سر پھٹ گیا۔ علاقائی یوٹیلیٹی اوکی ناوا الیکٹرک پاور کے مطابق اتوار کی دوپہر تک اوکی ناوا کے 5290 گھروں میں بجلی غائب تھی۔ تائیوان میں اتوار کے روز طوفان کی وجہ سے جزیرے کے شمال میں شدید بارشیں اور تیز ہوائیں چلیں، جس کے نتیجے میں درجنوں فیری سروسز روک دی گئیں اور 180 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

چین کے نیشنل میٹرولوجیکل سنٹر (این ایم سی) نے اتوار کی صبح ’ریڈ ٹائفون الرٹ‘ جاری کیا، جس میں وسطی اور مشرقی جھجیانگ کے کچھ علاقوں میں انتہائی شدید اور موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ریڈ ٹائفون الرٹ طوفان کی سب سے سنگین ترین وارننگ ہے۔ این ایم سی نے کہا کہ شنگھائی، فوجیان، انہوئی اور جیانگ سو صوبوں کے کچھ حصوں میں پیر کی دوپہر تک بھاری بارش کا بھی امکان ہے۔ ’ڈولفن‘ کے زمین سے ٹکرانے کے بعد اس کے کمزور ہونے کی توقع ہے اور یہ مشرقی چین میں شمال مغربی سمت کی طرف آگے بڑھے گا۔

نیوز ایجنسی ’سنہوا‘ نے بتایا کہ فوجیان میں طوفان کی آمد سے قبل ہفتے کی شام کو تقریباً 99000 لوگوں کو خطرے والے علاقوں سے دوسری جگہ منتقل کیا گیا تھا۔ جھجیانگ اور فوجیان میں 200 سے زائد فیری روٹ پر سروسز روک دی گئی ہیں۔ جمعہ کی صبح تک 474 تعمیری جہازوں کو بندرگاہ پر واپس بلا لیا گیا تھا، جبکہ آف شور پروجیکٹس پر کام روک دیا گیا تھا۔ مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اتوار کو متاثرہ علاقوں میں کچھ ٹرین سروسز بھی معطل کر دی گئیں۔ چین میں سمندری طوفان ’ڈولفن‘ کے آنے سے 2 ہفتے قبل جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ میں ’نول‘ آیا تھا، جسے اس وقت حکام نے رواں سال چین میں آنے والا سب سے طاقتور طوفان قرار دیا تھا۔ چین پہنچنے سے قبل فلپائن میں سمندری طوفان ’نول‘ کی وجہ سے 3 افراد ہلاک ہو گئے تھے اور سینکڑوں گھروں کو نقصان پہنچا تھا۔