دیگر ممالک

کینسر سے متاثرہ بچوں کے اسپتال کے قریب حملے کرنا امریکہ کی بزدلی کا ثبوت ہے: اسماعیل بقائی

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’اہواز میں بچوں کے کینسر کے علاج کے ایک مرکز، شہید بقائی اسپتال کو بدھ کی رات خالی کرانا پڑا کیونکہ امریکہ نے قریبی مقام پر حملہ کیا۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>اسماعیل بقائی، تصویر/آئی اے این ایس</p></div>

اسماعیل بقائی، تصویر/آئی اے این ایس

 

ایران پر امریکہ کے مسلسل حملوں کے درمیان ایرانی وزارت خارجہ نے امریکہ پر کینسر سے متاثرہ بچوں کے اسپتال کے قریب حملہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ وزارت کے ترجمان اسماعیل بقائی نے حملے کو امریکہ کی بزدلی کا ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کینسر کے مریض بچوں کے اسپتال کے قریب حملہ کرنا جنگی جرم ہے۔ بقائی نے بتایا کہ حملے کے بعد اہواز میں واقع بچوں کے کینسر اسپتال کو خالی کرانا پڑا۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’اہواز میں بچوں کے کینسر کے علاج کے ایک مرکز، شہید بقائی اسپتال کو بدھ کی رات خالی کرانا پڑا کیونکہ امریکہ نے قریبی مقام پر حملہ کیا۔ یہ وحشیانہ حملہ صحت کی خدمات سے وابستہ عمارتوں پر اسرائیل کے حملوں کی یاد دلاتا ہے۔ یہ حملہ اسپتال میں داخل بچوں کے لیے شدید تکلیف اور خوف کا باعث بنا۔ اس کی وجہ سے کیموتھراپی کروا رہے 211 بچوں کو فوری طور پر اسپتال سے محفوظ جگہ منتقل کرنا پڑا۔‘‘

اسماعیل بقائی نے کہا کہ یہ حملہ اپنی زندگی کے لیے بہادری سے لڑ رہے معصوم بچوں کے خلاف کیا گیا ایک بزدلانہ جنگی جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ہر وقت انسانی حقوق کی باتیں کرتے ہیں لیکن اسپتالوں اور صحت کے مراکز کو نشانہ بنائے جانے پر جان بوجھ کر خاموش رہتے ہیں، انہوں نے اپنی باقی ماندہ اخلاقی ساکھ بھی کھو دی ہے۔

اس سے قبل امریکی سنٹرل کمانڈ نے جمعرات کی صبح (ہندوستانی وقت کے مطابق) کہا کہ امریکی فوج نے ایران پر مقامی وقت کے مطابق بدھ کو 90 منٹ تک مسلسل حملے کیے۔ امریکی سنٹرل کمانڈ نے ’ایکس‘ پر حملے کی معلومات شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’دوپہر 3 بجے (مقامی وقت) پر امریکی فوج نے ایران کے خلاف حملوں کی دوسری لہر کے لیے آپریشن شروع کیا۔ یہ حملے ایرانی فوجی صلاحیتوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، جن کا استعمال آبنائے ہرمز سے آسانی سے گزرنے والے جہازوں کو دھمکانے کے لیے کیا جاتا ہے۔‘‘

دوسری جانب ایران نے بھی امریکی حملوں کا منہ توڑ جواب دیا۔ ایران خلیجی ممالک میں امریکی املاک اور فوجی اڈوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ ایران کی اسلامک ریولوشنری گارڈز کورپس (آئی آر جی سی) نے بدھ کے روز کہا کہ اس نے بحرین اور اردن میں امریکی فوجی اڈوں پر جوابی حملے کیے، جن میں ان کے فوجی انفراسٹرکچر، ایئر کرافٹ شیلٹرز، مخصوص کمانڈ سینٹرز اور اسٹریٹجک ڈرونز کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کے بعد جمعرات کی دوپہر ایران نے کویت میں بھی نئے سرے سے بڑے حملے کیے ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔