
بونڈی بیچ حملے کے ’ہیرو‘ احمد، تصویر/آئی اے این ایس
آسٹریلیا کے بونڈی بیچ پر دہشت گردانہ حملے کے دوران بہادری اور حاضر دماغی کا مظاہرہ کرنے والے احمد الاحمد کو ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ انہوں نے دسمبر 2025 میں یہودی تہوار کے دوران نہتے لوگوں پر فائرنگ کرنے والے دہشت گرد کو قابو میں کیا تھا۔ اس بے مثال بہادری کے لیے انہیں ’کراس آف ویلر‘ سے نوازا گیا۔ آسٹریلیا کی گورنر جنرل سیم موسٹن نے ہفتہ کو اس اعزاز کا اعلان کیا۔ احمد یہ اعزاز حاصل کرنے والے آسٹریلیا کی تاریخ کے چھٹے شخص بن گئے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’فیس بک‘ پر احمد نے اسے اپنے لیے فخر کا لمحہ قرار دیا۔ انہوں نے لکھا کہ ’’اس غیر معمولی اعزاز کے لیے میں محترمہ گورنر جنرل، آسٹریلوی حکومت اور آسٹریلیا کے عوام کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ میں نے جو کچھ بھی کیا، دل سے کیا۔ آسٹریلیا کی سرزمین پر جو خون بہایا، وہ اس عظیم ملک کے لوگوں کی حفاظت کے لیے تھا، ایک ایسا ملک جس سے وابستہ ہونے پر مجھے فخر ہے اور جسے میں اپنا گھر سمجھتا ہوں۔ یہ اعزاز صرف میرا نہیں ہے بلکہ ان تمام لوگوں کا ہے جو انسانیت، بہادری اور متحد ہو کر کھڑے رہنے پر یقین رکھتے ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ 14 دسمبر 2025 کو بونڈی بیچ پر یہودی برادری کی ’ہنوکا‘ تقریب کے دوران 2 حملہ آوروں نے فائرنگ شروع کر دی تھی۔ اس وقت احمد نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر ایک حملہ آور پر پیچھے سے حملہ کیا اور اس کی بندوق چھین لی تھی۔ انہوں نے حملہ آور کو زمین پر گرا کر غیر مسلح کر دیا تھا۔ اس دوران دوسرے حملہ آور کی فائرنگ میں احمد کو کئی گولیاں لگیں اور وہ شدید زخمی ہو گئے تھے۔ افسران کے مطابق ان کی بہادری سے کئی لوگوں کی جان بچ گئی تھی۔ اس حملے میں 15 افراد کی موت ہوئی تھی اور کئی دیگر زخمی ہوئے تھے۔ واقعے کے وقت احمد کی بہادری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی دیکھی گئی تھی۔
آسٹریلیا کے نشریاتی ادارے اے بی سی کے مطابق گورنر جنرل سیم موسٹن نے کہا کہ ’’احمد نے انتہائی خطرے کی صورتحال میں غیر معمولی بہادری اور بے لوث جذبے کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے اپنی حفاظت کی پرواہ کیے بغیر دوسروں کی جان بچانے کی کوشش کی۔ اس دوران وہ شدید زخمی بھی ہو گئے تھے۔‘‘ حکومت نے اس حملے کے دوران دوسروں کی حفاظت کرتے ہوئے جان گنوانے والے 3 افراد کو بھی بعد از مرگ بہادری کے اعزازات دینے کا اعلان کیا ہے۔ بورس گرمن اور ان کی اہلیہ صوفیہ گرمن کو ’اسٹار آف کریج‘ سے نوازا گیا ہے۔ دونوں نے حملہ آوروں کو روکنے اور ایک حملہ آور کو غیر مسلح کرنے کی کوشش کی تھی۔ اس دوران دونوں کی گولی لگنے سے موت ہو گئی تھی۔
گورنر جنرل موسٹن نے ان چاروں لوگوں کی بہادری کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ’’آسٹریلوی شہریوں کے لیے ان کی مثال حوصلہ افزا ہے۔‘‘ انہوں نے 3 افراد کو بعد از مرگ اعزاز دیے جانے پر ان کے اہل خانہ اور یہودی برادری سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔ احمد نے اس اعزاز پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا پیغام اتحاد اور ایک دوسرے کا خیال رکھنے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’نفرت لوگوں کو تقسیم کرنے کا کام کرتی ہے، جبکہ معاشرے کو متحد ہو کر اس کا مقابلہ کرنا چاہیے۔‘‘
آسٹریلین بریوری ایسوسی ایشن کی سرکاری ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کے مطابق ’کراس آف ویلر‘ شہریوں کو دیا جانے والا ملک کا اعلیٰ ترین بہادری کا اعزاز ہے۔ اس کی شروعات 1975 میں ہوئی تھی۔ احمد سے قبل صرف 5 لوگوں کو یہ اعزاز ملا تھا۔ اس سے پہلے 2002 کے بالی بم دھماکوں کے بعد جلتے ہوئے ’ساری کلب‘ میں پھنسے لوگوں کو بچانے کے لیے ٹموتھی برٹن اور رچرڈ جوائس کو 2003 میں یہ اعزاز دیا گیا تھا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔