خبریں

سعودی عرب سڑک حادثہ: ہلاک عمرہ زائرین کی تعداد 45 پہنچی، وزیر اعظم مودی کا اظہارِ غم، کانگریس کا بھی اظہارِ افسوس

گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی عمرہ زائرین کو لے کر بس مکہ سے مدینہ جا رہی تھی، اچانک وہ راستے میں ڈیزل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 1.30 بجے پیش آیا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

 

سعودی عرب میں پیش آئے دردناک سڑک حادثہ میں ہلاک ہندوستانی عمرہ زائرین کی تعداد 45 پہنچ گئی ہے۔ پہلے 42 ہندوستانی عمرہ زائرین کی ہلاکت سے متعلق خبریں سامنے آئی تھیں، لیکن اب 45 اموات کی تصدیق ہو گئی ہے۔ بس میں سوار 46 عمرہ زائرین میں سے صرف ایک کی جان بچی ہے، جس کا علاج اسپتال میں چل رہا ہے۔

Published: undefined

اس غمناک حادثہ پر ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری کردہ ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’مدینہ میں ہندوستانی شہریوں کے ساتھ ہوئے حادثہ سے بے حد غمزدہ ہوں۔ متاثرہ کنبوں کے تئیں میری ہمدردی ہے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’میں حادثہ میں زخمی افراد کے جلد ٹھیک ہونے کی دعا کرتا ہوں۔ ریاض واقع ہمارا سفارت خانہ اور جدہ واقع قونصلیٹ جنرل ہر ممکن مدد مہیا کرا رہے ہیں۔ ہمارے افسران بھی سعودی عرب حکومت کے افسران سے رابطے میں ہیں۔‘‘

Published: undefined

اس حادثہ پر کانگریس نے بھی اپنے شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس نے ’ایکس‘ ہینڈل پر لکھا ہے کہ ’’سعودی عرب میں مدینہ کے قریب پیش آنے والے اندوہناک واقعہ پر دلی افسوس ہے، جس میں متعدد ہندوستانی شہریوں کی جانیں ضائع ہو گئی ہیں۔‘‘ پارٹی مزید لکھتی ہے کہ ’’ہم غمزدہ خاندانوں سے اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی لکھا ہے کہ ’’ہم حکومتِ ہند سے اپیل کرتے ہیں کہ تمام ضروری امداد فراہم کی جائے۔ زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے ہماری دعائیں شامل ہیں۔‘‘

Published: undefined

واضح رہے کہ مہلوکین میں بیشتر حیدر آباد کے باشندے شامل ہیں۔ یہ حادثہ اس وقت ہوا جب عمرہ کے لیے گئے لوگوں کو لے کر جا رہی ایک بس اچانک ڈیزل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ ’گلف نیوز‘ کی رپورٹس کے مطابق عمرہ زائرین کو لے کر بس مکہ سے مدینہ جا رہی تھی، اچانک وہ راستے میں ڈیزل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 1.30 بجے مہراس یا مفریحات علاقہ میں پیش آیا، جو مدینہ کے قریب ہے۔ حادثہ کے وقت کئی عمرہ زائرین نیند کی آغوش میں تھے۔ ٹکر لگتے ہی بس آگ کی لپٹوں میں پھنس گئی اور لوگوں کو بچنے کا بھی وقت نہیں ملا۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ مہلوکین کی شناخت کرنا بھی مشکل ہے۔

Published: undefined

حیدر آباد پولیس کمشنر نے اس حادثہ کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ 45 لوگ ہلاک ہوئے ہیں، اور مہلوکین میں بیشتر حیدر آباد کے باشندے ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے حیدر آباد پولیس کمشنر نے مطلع کیا کہ گزشتہ 9 نومبر کو حیدر آباد سے 54 لوگ عمرہ کے لیے جدہ گئے تھے۔ یہ سبھی 23 نومبر کو واپس آنے والے تھے۔ ان 54 میں سے 4 افراد بذریعہ کار مکہ سے مدینہ جا رہے تھے، اور 4 دیگر لوگ مکہ میں ہی رک گئے تھے۔ باقی لوگ حادثہ کا شکار ہوئی بس میں سفر کر رہے تھے۔ حادثہ کے وقت بس میں 46 لوگ سوار تھے، جن میں سے صرف ایک شخص زندہ بچا ہے، جس کا اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined