خبریں

اہم خبر: پٹنہ میں سیلاب کی صورت حال خطرناک، موتیہاری پروگرام منسوخ... کانگریس

بی جے پی جنرل سکریٹری رام مادھو نے جموں و کشمیر کے تعلق سے ایک بڑا بیان دیا ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا ہے کہ اس وقت جموں و کشمیر میں صرف 200 سے 250 لوگ حراست میں ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

پٹنہ میں سیلاب کی صورت حال خطرناک، موتیہاری پروگرام منسوخ: شکتی سنگھ گوہل

بہار میں سیلاب کی موجودہ حالت پر کانگریس پارٹی نے فکرمندی ظاہر کی ہے۔ بہار کانگریس کے انچارج شکتی سنگھ گوہل نے پریس سے بات کی اور انھیں بتایا کہ ’’پٹنہ میں سیلاب کی حالت واقعی بے حد خراب ہے۔ اقتدار میں موجود جنتا دل یو کے موجودہ اراکین اسمبلی نے حیران کرنے والے دعوے کیے ہیں۔ اگر تین چار دن میں ڈپٹی سی ایم کو ان کے گھر سے نہیں بچایا جا سکتا ہے تو عام آدمی کو کیا کرنا چاہیے۔‘‘

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شکتی سنگھ گوہل نے 2 اکتوبر کو موتیہاری میں ہونے والے پروگرام کو منسوخ کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس کارکنان سیلاب متاثرین کی مدد میں لگے ہوئے ہیں۔

مہاراشٹر الیکشن: بی جے پی نے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی

مہاراشٹر اسمبلی انتخاب کے لیے بی جے پی نے اپنے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کر دی ہے۔ پارٹی نے دیویندر فڑنویس کو ناگپور جنوب مغرب سے امیدوار بنایا ہے۔ مہاراشٹر کے بی جے پی صدر چندرکانت پاٹل کو کوتھروڈ اور پنکجا منڈے کو پاریل سے تکٹ دیا گیا ہے۔

ملک کے 11 مختلف مقامات پر سی بی آئی کا چھاپہ

سی بی آئی کی ٹیم سہارنپور، دہرہ دون اور لکھنؤ سمیت 11 مقامات پر چھاپہ ماری کر رہی ہے۔ یہ معاملہ اتر پردیش کے سہارنپور میں ریت کانکنی پٹوں کے الاٹمنٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں سے جڑا ہوا ہے۔

راہل گاندھی نے کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پینارائی وجین سے کی ملاقات

کانگریس لیڈر اور وائناڈ رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے دہلی میں آج کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پینارائی وجین سے ملاقات کی۔ دہلی واقع کوچن ہاؤس میں وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے بعد راہل گاندھی نے کہا کہ انھوں نے سیلاب راحت اور دیگر عوامی مسائل کے بارے میں بات چیت کی۔ ساتھ ہی راہل گاندھی نے این ایچ 766 پر رات میں ٹریفک پابندی کے بارے میں بھی وزیر اعلیٰ سے بات کی اور اس کا کوئی متبادل راستہ نکالنے کی بات بھی کہی۔

جموں و کشمیر میں صرف 200-250 لوگ حراست میں: رام مادھو

بی جے پی جنرل سکریٹری رام مادھو نے جموں و کشمیر کے تعلق سے ایک بڑا بیان دیا ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا ہے کہ اس وقت جموں و کشمیر میں صرف 200 سے 250 لوگ حراست میں ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ 5 اگست کو جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ہٹائے جانے کے بعد کئی سیاسی لیڈروں اور دیگر اہم شخصیتوں کو نظر بند کیا گیا تھا یا پھر حراست میں لے لیا گیا تھا۔ تازہ خبروں کے مطابق جموں و کشمیر میں حالات اب بھی ٹھیک نہیں ہیں کیونکہ وہاں مواصلاتی اور دیگر پابندیاں ہنوز قائم ہیں۔ ان پابندیوں کی وجہ سے جموں و کشمیر کے ہر سیکٹر کو نقصان ہو رہا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 01 Oct 2019, 9:10 AM IST