خبریں

اہم خبریں: آئی پی ایل-21 کے پہلے مقابلے میں آخری گیند پر جیتا بنگلور، ممبئی مایوس

تصویر @IPL
تصویر @IPL 

آئی پی ایل-21: پہلے میچ میں آخری گیند پر جیتا بنگلور، ممبئی کی شکست

آئی پی ایل 2021 کا پہلا مقابلہ آج ممبئی انڈینس اور رائل چیلنجرس بنگلور کے درمیان کھیلا گیا۔ بنگلور کے کپتان وراٹ کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا تھا اور روہت شرما کی کپتانی والی ممبئی انڈینس نے 20 اوور میں 159 رن بنائے۔ جواب میں بنگلور کی ٹیم ایک وقت دباؤ میں آ گئی تھی جب کوہلی، میکسویل اور شہباز کا وکٹ جلدی جلدی گر گیا۔ لیکن ایک بار پھر اے بی ڈیویلیرس نے اپنی اہمیت ثابت کی اور 47 رن کی تیز طرار اننگ کھیل کر بنگلور کی امیدیں روشن کر دیں۔ وہ 19.4 اوور میں آؤٹ ہوئے جب بنگلور کو جیت کے لیے محض 2 رنوں کی ضرورت تھی۔ پانچویں اور چھٹی گیند پر ایک-ایک رن بنا کر بنگلور کے بلے بازوں نے اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا۔ اس دلچسپ مقابلے میں شکست کے بعد ممبئی انڈینس کے شیدائیوں کے چہرے پر مایوسی صاف دیکھنے کو ملی۔

Published: 09 Apr 2021, 7:40 AM IST

دہلی: 24 گھنٹے میں 39 لوگوں کی موت، 8521 نئے کیسز آئے سامنے

دہلی میں سخت احتیاط کے درمیان بھی کورونا کے کیسز میں لگاتار اضافہ درج کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں 8521 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور 39 لوگوں کی موت بھی واقع ہو گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں ایک لاکھ 9 ہزار سے زائد کورونا ٹیسٹ کرائے جانے کی باتیں بھی سامنے آئی ہیں۔

Published: 09 Apr 2021, 7:40 AM IST

آئی پی ایل: ممبئی انڈینس نے رائل چیلنجرس بنگلور کے سامنے رکھا 160 رن کا ہدف

اچھی شروعات کے بعد آخر میں بلے بازوں کے جلدی جلدی آؤٹ ہونے کے سبب ممبئی انڈینس کی ٹیم 20 اوور میں 9 وکٹ کے نقصان پر 159 رن ہی بنا سکی۔ اس طرح آئی پی ایل 2021 کے پہلے میچ میں رائل چیلنجرس بنگلور کے سامنے جیت کے لیے 160 رن کا ہدف ہے۔ ممبئی کی جانب سے سب سے زیادہ 49 رن کرس لن نے بنائے جو آج آئی پی ایل میں ممبئی کی طرف سے اپنا پہلا میچ کھیل رہے تھے۔ بنگلور کی جانب سے ہرشل پٹیل نے سب سے زیادہ 5 وکٹ لیے اور اپنے آخری اوور میں ہی انھوں نے 3 وکٹ لے لیے۔

Published: 09 Apr 2021, 7:40 AM IST

کورونا: بہار میں مسجد-مندر کے دروازے بند، کئی پابندیاں نافذ

کورونا کے بڑھتے انفیکشن کو دیکھتے ہوئے بہار میں اسکول-کالج اور کوچنگ انسٹی کو جہاں 18 اپریل تک بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے، وہیں 30 اپریل تک سبھی مذہبی مقامات پر لوگوں کی آمد و رفت پر روک لگا دی گئی ہے۔ گویا کہ اب مندر اور مسجد کے دروازے لوگوں کے لیے بند ہو گئے ہیں۔ نتیش حکومت نے کورونا انفیکشن پر کنٹرول کے پیش نظر یہ قدم اٹھایا ہے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج ہوئی ایک انتہائی اہم میٹنگ کے بعد یہ بھی فیصلہ لیا کہ آخری رسومات اور شادی کی تقریب میں 50 سے زائد لوگوں کی شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔

Published: 09 Apr 2021, 7:40 AM IST

اڈیشہ میں ماسک نہ پہننے والوں کو ادا کرنا ہوگا 5000 روپے کا جرمانہ!

کورونا کے بڑھتے معاملوں کو دیکھتے ہوئے اڈیشہ حکومت نے ماسک نہ پہننے والوں کے لیے سخت جرمانہ کا التزام کیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ماسک نہ پہننے پر پہلی اور دوسری بار 2000 روپے کا جرمانہ لگایا جائے گا اور اس کے بعد ماسک نہ پہننے والوں سے 5000 روپے جرمانہ کا حکم دیا گیا ہے۔

Published: 09 Apr 2021, 7:40 AM IST

آئی پی ایل 2021: ممبئی کے خلاف بنگلور نے جیتا ٹاس، پہلے گیندبازی کا فیصلہ

آئی پی ایل 2021 کا پہلا میچ آج چنئی کے میدان میں کھیلا جا رہا ہے۔ رائل چیلنجرس بنگلور کے کپتان وراٹ کوہلی نے ٹاس جیت کر ممبئی انڈینس کے کپتان روہت شرما کو بلے بازی کی دعوت دی ہے۔ یعنی 7.30 بجے ممبئی انڈین کی ٹیم بلے بازی کرتی ہوئی نظر آئے گی۔

Published: 09 Apr 2021, 7:40 AM IST

امت شاہ نے پولیس پر غیر اخلاقی کاموں میں ملوث ہونے کا دباؤ بنایا: ممتا

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی لگاتار بی جے پی اور امت شاہ پر حملہ کر رہی ہیں۔ اپنے تازہ بیان میں انھوں نے امت شاہ پر الزام عائد کیا ہے کہ انھوں نے پولیس پر غیر اخلاقی کاموں میں ملوث ہونے کا دباؤ بنایا۔

Published: 09 Apr 2021, 7:40 AM IST

ملکہ برطانیہ کے شوہر شہزادہ فلپ کا 99 برس کی عمر میں انتقال

ملکہ برطانیہ کے شوہر اور شہزادہ فلپ 99 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ بکنگھم پیلس نے شہزادہ فلپ کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا انتقال آج صبح قلعہ ونڈسر میں ہوا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق شہزادہ فلپ کی طبیعت کچھ عرصے سے خراب تھی اور انہیں رواں برس فروری میں اسپتال بھی منتقل کیا گیا تھا۔ شہزادہ فلپ بیماری اور عمر کی زیادتی کے باعث اگست 2017 میں شاہی ذمہ داریوں سے دستبردار ہو گئے تھے اور آخری بار انہیں جولائی 2020 میں عوامی طور پر دیکھا گیا تھا۔

Published: 09 Apr 2021, 7:40 AM IST

نیشنل کانفرنس کے لیڈر عمر عبداللہ کورونا وائرس کے شکار

جموں کشمیر نیشنل کانفرنس کے لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں۔ ان میں وبا کی علامات ظاہر نہیں ہو رہی ہیں، تاہم انہوں نے خود کو اپنی رہائش پر قرنطین کر لیا ہے۔

Published: 09 Apr 2021, 7:40 AM IST

کورونا کے پیش نظر مرادآباد میں 16 اپریل تک ’نائٹ کرفیو‘ نافذ

ملک کی دوسری ریاستوں کے ساتھ اتر پردیش میں بھی کورونا کی دوسری لہر مہلک ہوتی جا رہی ہے۔ اسی کے پیش نظر مرادآباد میں نائٹ کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ آج رات سے نافذ العمل ہونے والے حکم کے تحت رات 10 بجے صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا۔

Published: 09 Apr 2021, 7:40 AM IST

اپنے ملک کے باشندوں کو خطرے میں ڈال کر ویکسین ایکسپورٹ کیا صحیح ہے! راہل گاندھی

ہندوستان کی طرف سے دنیا کے متعدد ممالک کو ویکسین بھیجے جانے پر کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے سوال اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا پوچھا کہ آیا اپنے ملک کے باشندوں کو خطرے میں ڈال کر ویکسین کا ایکسپورٹ صحیح ہے! راہل گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’بڑھتے کورونا بحران میں ویکسین کی قلت ایک انتہائی گمبھیر مسئلہ ہے، تہوار نہیں۔ اپنے ملک کے لوگوں کو خظرے ڈال کر ویکسین ایکسپورٹ کرنا کیا صحیح ہے۔ مرکزی حکومت تمام ریاستوں کو بلاتفریق مدد کرے۔ ہم سب کو مل کر اس وبا کو ہرانا ہوگا۔‘‘

Published: 09 Apr 2021, 7:40 AM IST

امتحانات کا دباؤ بچوں کی ذہنی صحت کو متاثر کر رہا ہے، پرینکا گاندھی

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کورونا کے دور میں بچوں پر امتحانات کا بوجھ ڈالنے پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا، ’’ایسے دور میں جب کورونا ہمارے ملک کو ایک بار لپیٹ میں لے رہا ہے، امتحانات کا اضافی دباؤ بچوں کی ذہنی صحت کو متاثر کر رہا ہے۔ ہمارے نظام تعلیم کو اپنے رویہ میں تبدیلی لانے اور محض بات کرنے کی بجائے بچوں کے ساتھ حساسیت اور ہمدردی کا اظہار کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘

Published: 09 Apr 2021, 7:40 AM IST

ٹی ایم سی امیدوار گیریندرا ناتھ پر حملہ، بی جے پی کارکنان پر الزام

مٹھابھنگا سے ٹی ایم سی امیدوار گیریندرا ناتھ برمن پر اس وقت مبینہ طور پر بی جے پی کارکنان نے حملہ کر دیا جب وہ گزشتہ روز انتخابی مہم سے واپس لوٹ رہے تھے۔ ٹی ایم سی کارکن نے کہا، ’’بی جے پی کے غنڈوں نے ان پر حملہ کیا اور کار میں توڑ پھوڑ کی۔ ان کے سر پر چوٹ لگی ہے۔ ہم کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘‘

Published: 09 Apr 2021, 7:40 AM IST

کیرلا کے وزیراعلی وجین کورونا سے متاثر

کیرلا کے وزیراعلی پنارائی وجین جمعرات کو کورونا سے متاثر پائے گئے۔اس سے قبل بدھ کو مسٹر وجین کی بیٹی وینا وجین کورونا سے متاثر پائی گئی تھیں۔
ایک سرکاری ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ مسٹر وجین کو کوزی کوڈ کے سرکاری میڈیکل کالج اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ریلیز کے مطابق مسٹر وجین نے اپنی بیٹی کے کورونا سے متاثر پائے جانے کے بعد اپنی کورونا جانچ کرائی تھی۔ اس جانچ رپورٹ میں وزیراعلی بھی کورونا سے متاثر پائے گئے تھے۔

Published: 09 Apr 2021, 7:40 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 09 Apr 2021, 7:40 AM IST

,
  • ’بی جے پی نے نوجوانوں کو دھوکہ دیا‘، کانگریس امیدوار آنند شرما نے کانگڑا میں کی انتخابی مہم کی شروعات

  • ,
  • لوک سبھا انتخاب 2024: ’زمین پر حالات بدل رہے ہیں...‘، جگنیش میوانی سے امئے تروڈکر کا انٹرویو