
بلیا: اترپردیش میں ضلع بلیا کے ہلدی علاقہ میں ایک شادی شدہ عورت نے پھندا لگا کرخودکشی کرلی، جس کی لاش منگل کو کمرے میں پھندے سے لٹکی ملی۔ پولیس ذرائع نے یہاں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ سونوانی گاؤں کی رہنے والی 23 سالہ رانی کی شادی تقریباً ڈھائی سال قبل ہوئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ پیر کی شب وہ کمرے میں سونے گئی تھی اور آج صبح اس کی لاش ساڑی کے پھندے سے پنکھے سے لٹکتی ملی۔ انہوں نے بتایا کہ اس کا ڈیڑھ سال کا ایک بیٹا ہے۔ خودکشی کا سبب معلوم نہیں ہوسکا ہے۔ پولیس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔
وارانسی: اترپردیش کے وارانسی میں منگل کو کورونا وائرس سے 919 افراد متاثر پائے گئے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کاشی ہندو یونیورسٹی (بی ایچ یو) سے موصولہ جانچ رپورٹ میں 919 میں مہلک کووڈ- 19 وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ضلع میں موجودہ متاثرہ افرادکی تعداد 16413 ہوگئی ہے، جن کا علاج مختلف اسپتالوں کے علاوہ متعلقہ مریضوں کے گھروں پر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تازہ اعدادوشمار کے ساتھ اب متاثرین کی تعداد 70386 ہوگئی۔ ان میں سے 53374 علاج کے بعد شفایاب ہوگئے، جبکہ 599 کی موت ہوگئی۔
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے کہا، ’’زندگی کا حق ایک بنیادی حق ہے۔ کسی بھی حکومت کا اولین فریضہ لوگوں کی جانوں کہ حفاظت ہونا چاہیئے۔ ہم حکومت کی ناکامی کی مذمت کرتے ہیں۔ ہندوستان کا کوئی بھی حصہ ہو، لوگوں کی جانوں کی حفاظت کی جائے۔‘‘
پرینکا گاندھی نے مرکزی حکومت کے سینٹرل وسٹا پروجیکٹ پر نکتہ چینی کی ہے، جس کے تحت نئی پارلیمنٹ اور وزیر اعظم کی نئی رہائش گاہ تعمیر کی جا رہی ہے۔ پرینکا گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’جب ملک کے لوگ آکسیجن، ویکسین، اسپتال بیڈ، ادویات کی کمی سے دو چار ہیں تب حکومت 13 ہزار کروڑ سے وزیر اعظم کی رہائش گاہ تعمیر کرانے کی بجائے تمام وسائل لوگوں کی جان بچانے میں استعمال کریں تو بہتر ہوگا۔ اس طرح کے اخراجات سے عوام میں یہ پیغام جاتا ہے کہ حکومت کی ترجیحات کسی اور سمت میں ہیں۔‘‘
پرینکا گاندھی کچھ خبروں کے اسکرین شاٹ بھی شیئر کئے ہیں جن میں سے ایک میں بتایا گیا ہے کہ سینٹرل وسٹا پروجیکٹ کے تحت وزیر اعظم کی نئی رہائش گاہ دیسمبر 2022 تک تیار ہو جائے گی۔ جبکہ دیگر خبروں میں کورونا بحران کی شدت اور طبی سہولیات کے فقدان کے بارے میں بتایا گیا ہے۔
دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ فرید آباد سے ایک 26 سالہ نوجوان کو آکسیجن سلینڈر اور ریمیڈیسیور انجیکشن فراہم کرنے کے لئے نام پر دھوکہ دہی کے متعدد معاملوں کے سلسلہ میں گرفتار کیا گیا ہے۔ اس معاملہ کی جانچ کی جا رہی ہے۔
ہندوستان میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران ریکارڈ 4 لاکھ یومیہ کیسز کی تصدیق کے بعد اب کچھ اس میں کچھ کمی نظر آ رہی ہے۔ مرکزی وزرت صحت کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر سے 357229 کیسز درج کئے گئے، اس دوران 32029 مریضوں نے صحتیابی حاصل کر لی جبکہ 2449 افراد لقمہ اجل بن گئے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 04 May 2021, 10:09 AM IST