خبریں

اہم خبر:مجھے اپنی ہندو شناخت کو ثابت کرنے کی ضرورت نہیں... ممتا بنرجی

پولس نے اطلاع دینے والے شخص کو شکنجے میں لے لیا ہے۔ پکڑے جانے پر مشتبہ افراد نے اس بات سے ہی انکار کر دیا کہ اس نے ہوائی اڈے کو بم سے اڑا دینے جیسی کوئی اطلاع دہلی پولس کنٹرول روم کو دی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

مجھے اپنی ہندو شناخت کو ثابت کرنے کی ضرورت نہیں... ممتا بنرجی

کولکاتا: وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج کہا ہے کہ گزشتہ حکومتوں کے مقابلے ان کے دور حکومت میں زیادہ سے زیادہ درگا پوجا کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ بی جے پی کے الزامات کا حوالہ دیتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ بھگوا پارٹی کو پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔اس نے کیا کیا ہے۔ مہا بربھو میوزم کا افتتاح کرتے ہوئے وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ ہمیں اپنی ہندو شناخت کو ثابت کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔جو لوگ میرے مذہب پر سوال اٹھاتے ہیں اس سے میں کہیں زیادہ سنسکرت اور مذہب سے متعلق جانتا ہوں۔

Published: 13 Aug 2019, 9:10 AM IST

کولکاتا میں درگا پوجا کمیٹیوں کو انکم ٹیکس کا نوٹس

کولکاتا: ترنمول کانگریس کی سپریمو اور وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی ہدایت پر ترنمول کانگریس کے لیڈران، جس میں ریاستی وزراء، ممبران پارلیمنٹ اور ممبران اسمبلی شامل ہیں آج 8 گھنٹہ طویل درگا پو جا کمیٹیوں کو انکم ٹیکس محکمہ کی جانب نوٹس کے خلاف مرکزی کولکاتا کے ملک اسکوائر میں دھرنا دے رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اتوار کو محکمہ انکم ٹیکس کے نوٹس کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ محکمہ انکم ٹیکس کے نوٹس سے درگا پوجا کمیٹیوں پر مزید بوجھ کا اضافہ ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا تھا کہ 13 اگست کو پارٹی کی خواتین سیل کی جانب سے اس کے خلاف دھرنا دیا جائے گے۔

خیال رہے کہ محکمہ انکم ٹیکس نے بنگال کے کئی درگا پوجا کمیٹیوں کو ٹیکس کی ادائیگی کی ہدایت دی ہے۔ اس دھرنے میں ترنمول کانگریس کے سینئر لیڈر فرہاد حکیم، چندریما بھٹاچاریہ، ششی پانجا اور ممبر پارلیمنٹ کاکولی گھوش دستیدار شامل ہیں۔ ترنمول کانگریس کے لیڈروں اور ورکروں کے ہاتھوں میں بینر تھا ”ہم درگا پوجا پر ٹیکس لگنے نہیں دیں گے“۔

گزشتہ ہفتہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے سخت احتجاج کے بعد سنٹرل بورڈ آف ڈائریکٹ ٹیکس نے محکمہ انکم ٹیکس کے ریاستی یونٹ سے جواب طلب کیا ہے۔ یہ دوسری مرتبہ ہے کہ محکمہ انکم ٹیکس نے ریاست کے کئی مشہوردرگا پوجا کمیٹیوں کو نوٹس بھیجا ہے۔

بی جے پی نے ترنمول کانگریس کے احتجاج کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ درگا پو جا کمیٹیوں کی آڑ میں منی لانڈرنگ کا کھیل کھیلا گیا ہے اور اب چونکہ محکمہ انکم ٹیکس اس کی جانچ کر رہی ہے تو ترنمول کانگریس میں بوکھلاہٹ ہے۔

Published: 13 Aug 2019, 9:10 AM IST

آندھرا پردیش: 103 گایوں کی موت بنا معمہ، جانچ کے لئے ایس آئی ٹی تشکیل

آندھرا پردیش کے ڈی جی پی گوتم سوانگ نے وجئے واڑہ کے کوتورو تاڑے پلی کے قریب گوشالہ میں 103 گایوں کی مشتبہ موت کی جانچ کے لئے خصوصی جانچ ٹیم (ایس آئی ٹی) کی تشکیل کے احکام جاری کر دیے ہیں۔ وجئے واڑہ کے کمشنر پولس تروملا راو،اس ایس آئی ٹی کے عہدیداروں کو مقرر کریں گے جو اے سی پی کی سطح کے عہدیدار کی قیادت میں کام کرے گی۔ ایس آئی ٹی گئوشالہ میں گایوں کی موت کی وجوہات معلوم کرے گی۔ تاحال اس معاملہ میں کوئی سراغ نہیں ملا ہے۔ اسی کو دیکھتے ہوئے ڈی جی پی گوتم سوانگ نے اس معاملہ کو چیلنج کے طورپر لیا ہے اور اس معاملہ کو حل کرنے کے لئے ایس آئی ٹی کی تشکیل عمل میں لائی ہے۔ یہ ٹیم فارنسک سائنس ڈپارٹمنٹ اور افزائش مویشیاں محکمہ کی مدد لے گی۔ واضح رہے کہ 9 اگست کی شب چارہ کھانے کے بعد 128 گایوں میں سے 103 کی موت ہوگئی تھی۔ اس گئوشالہ میں 1500 گائیں ہیں۔ قبل ازیں گئوشالہ کے ذمہ داران وجئے واڑہ سے چارہ حاصل کیا کرتے تھے تاہم حال ہی میں انہوں نے ضلع پرکاشم کے آدنکی سے گائیوں کے لئے چارہ حاصل کرنا شروع کیا تھا۔

Published: 13 Aug 2019, 9:10 AM IST

تلگو دیشم پارٹی کے 3 لیڈروں کے مکانات منہدم، ماحول میں کشیدگی

حیدر آباد: اے پی کے ضلع نیلور کے وینکٹیشورا پورام میں ایک مرتبہ پھر کشیدگی دیکھی گئی کیونکہ جناردھن کالونی میں مبینہ طورپر غیر مجاز طورپر تعمیر کردہ تین مکانات کو منہدم کردیا گیا۔یہ مکانات تلگودیشم کے لیڈران کے ہیں۔پولیس کے بھاری بندوبست کے درمیان ریونیو، بلدی عہدیداروں نے انہدامی کارروائی انجام دی۔عہدیداروں کا کہنا ہے کہ یہ مکانات سرکاری اراضیات پر تعمیر کئے گئے ہیں جبکہ دوسری طرف ان مکانات کے مالکین تلگودیشم لیڈران کا دعوی ہے کہ مناسب دستاویزات کے ساتھ یہ اراضی انہوں نے خریدی اور اس پر مکانات کی تعمیر کی گئی۔تلگودیشم سٹی صدر کے سرینواس ریڈی سمیت بعض دیگر تلگودیشم لیڈران کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔تلگودیشم لیڈران نے الزام لگایا کہ حکمران جماعت وائی ایس آرکانگریس کی جانب سے انتقامی کارروائی کے طور پر ان کے یہ مکانات منہدم کئے گئے۔تین دن قبل ان مکانات کو منہدم کرنے کے لئے ریونیو کے حکام آئے تھے تاہم آج انہوں نے انہدامی کارروائی انجام دی۔

Published: 13 Aug 2019, 9:10 AM IST

دہلی کے گاندھی نگر بازار میں شدید آتشزدگی

دارالحکومت دہلی کےمشہور کپڑابازار گاندھی نگر میں منگل کی صبح شدید آگ لگ گئی۔ ذرائع کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع ملنے پر فائربریگیڈ کی 21 گاڑیون کو فورا جائے وقوع کے لئے روانہ کردیاگیا ہے۔اس حادثے میں کسی کے مرنے یا ہلاک ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ کپڑا بازار کے علاوہ علاقے میں کئی دیگر دکانیں اور صنعتی ادارے بھی ہیں۔وہاں ہر روز تقریباً 20ہزار لوگ آتے ہیں۔آگ لگنے کی وجہ کا اب تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔

Published: 13 Aug 2019, 9:10 AM IST

منموہن سنگھ نے راجستھان سے راجیہ سبھا کے لیے پرچہ نامزدگی داخل کیا

سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے راجیہ سبھا کے لیے کانگریس امیدوار کی شکل میں راجستھان سے پرچہ نامزدگی داخل کر دیا ہے۔ اس موقع پر ریاست کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت اور نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ بھی موجود تھے۔

Published: 13 Aug 2019, 9:10 AM IST

10 ایس ڈی ایف اراکین اسمبلی نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی

آج سکم ڈیموکریٹک فرنٹ کے 10 اراکین اسمبلی نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کر لی۔ یہ سبھی دہلی میں پارٹی کے کارگزار صدر جے پی نڈا کی موجودگی میں باضابطہ بی جے پی میں شامل ہوئے۔ اس موقع پر بی جے پی کے جنرل سکریٹری رام مادھو بھی موجود تھے۔

Published: 13 Aug 2019, 9:10 AM IST

جموں و کشمیر میں ہم کسی بھی حالت سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں: فوجی سربراہ

ہندوستانی فوجی سربراہ بپن راوت نے جموں و کشمیر میں پیدا حالات کے پیش نظر میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ ”ہم الرٹ ہیں۔ اگر وہ ایل او سی پر آنا چاہتے ہیں تو یہ ان پر منحصر کرتا ہے۔ ان کو جواب ملے گا۔“ جموں و کشمیر کے ماحول کا تذکرہ کرتے ہوئے فوجی سربراہ نے یہ بھی کہا کہ کشمیری عوام کے ساتھ ہماری بات چیت پہلے ہی طرح عام طریقے سے ہو رہی ہے۔ ہم ان سے بغیر بندوق کے ملتے تھے اور امید ہے کہ ہم ان سے بغیر بندوق کے ملتے رہیں گے۔

Published: 13 Aug 2019, 9:10 AM IST

پرینکا گاندھی وارانسی پہنچیں، آج سون بھدر قتل عام کے متاثرین سے کریں گی ملاقات

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی آج سون بھدر کے اُمبھا گاوں پہنچنے والی ہیں۔ وہاں یہاں سون بھدر قتل عام کے متاثرین سے ملاقات کریں گی۔ اس وقت پرینکا گاندھی وارانسی پہنچ چکی ہیں اور ان کے ساتھ کانگریس کارکنان کی زبردست بھیڑ کے ساتھ ساتھ سیکورٹی اہلکار بھی نظر آ رہے ہیں۔

Published: 13 Aug 2019, 9:10 AM IST

دہلی: آئی جی آئی ہوائی اڈے کو بم سے اڑانے کی دھمکی

یوم آزادی سے محض تین دن قبل اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے (آئی جی آئی) کو بم سے اڑا دینے کی دھمکی نے پیر کی شب خفیہ ایجنسیوں اور پولس کے ہوش اڑا دیے۔ کئی گھنٹوں کی مشقت کے بعد پولس نے اطلاع دینے والے شخص کو شکنجے میں لے لیا۔ پولس کے ذریعہ پکڑے جانے پر مشتبہ افراد نے اس بات سے ہی انکار کر دیا کہ اس نے ہوئی اڈے کو بم سے اڑا دینے جیسی کوئی اطلاع دہلی پولس کنٹرول روم کو دی۔

دیر شب واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے آئی جی آئی ہوائی اڈے کے پولس ڈپٹی کمشنر سنجے بھاٹیا نے آئی این ایس خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ”رات تقریباً ساڑھے آٹھ بجے ہوائی اڈے کے ٹرمینل-2 پر بم رکھے ہونے کی خبر دہلی پولس کنٹرول روم کو ملی تھی۔ خبر دینے والے نے بتایا تھا کہ اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹرمینل-2 پر بم رکھ دیا گیا ہے۔ اگر بم کو پھٹنے سے روک سکتے ہو تو روک کر دکھاو۔“

Published: 13 Aug 2019, 9:10 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 13 Aug 2019, 9:10 AM IST