
ہندوستان کی اسٹار کھلاڑی سعدیہ طارق نے ماسکو ووشو اسٹارز چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیت لیا ہے۔ انہوں نے چیمپئن شپ کے فائنل میں ایک مقامی روسی کھلاڑی کو شکست دی وزیر اعظم مودی نے سعدیہ کو ان کی کامیابی پر مبارک باد پیش کی ہے۔
پی ایم مودی نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’سعدیہ طارق کو ماسکو ووشو اسٹارز چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد۔ ان کی کامیابی بہت سے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو متاثر کرے گی۔ ان کو مستقبل کی کوششوں کے لیے نیک خواہشات۔‘‘
ہندوستان نے سری لنکا کے خلاف دھرمشالہ میں کھیلے گئے دوسرے ٹی - 20 مقابلہ کو 7 وکٹ سے جیت لیا ہے۔ تین میچوں کی سیریز میں ہندوستان نے 2-0 سے ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے۔
یوکرین سے 219 مسافروں کو لے کر پہلی انخلا کی پرواز مہاراشٹر کے ممبئی میں اتر گئی ہے۔ اس طیارے نے آج سہ پہر رومانیہ کے دارالحکومت بخارسٹ سے اڑان بھری تھی۔ اس کے علاوہ ہندوستانی مسافروں کی دوسری پرواز بھی رومنانیہ کے شہر بخارسٹ سے دہلی کے لئے رووانہ ہو چکی ہے۔ حکومت نے ہندوستان کے یوکرین سے انخلا کی مہم کو ’آپریشن گنگا‘ کا نام دیا ہے۔
دہلی میں کورونا کے کم ہوتے کیسز کے پیش نظر تمام پابندیاں ہٹا دی گئی ہیں۔ ماسک کے بغیر پکڑے جانے پر جرمانہ پہلے ہی 2 ہزار سے کم کر کے 500 روپے کر دیا گیا تھا۔ اب نجی گاڑی کے سواروں کے لیے ماسک پہننا لازمی نہیں ہوگا۔ یہ اصول صرف پرائیویٹ کار میں سفر کرنے والوں پر لاگو ہوگا۔ دہلی حکومت کا یہ حکم 28 فروری سے لاگو ہوگا۔
پونے پولیس نے مبینہ غیر قانونی فون ٹیپنگ معاملہ میں آئی پی ایس افسر اور شہر کی سابق پولیس سربراہ رشمی شکلا کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ مہاراشٹر کے وزیر داخلہ دلیپ والسے پاٹل نے کہا کہ رشمی شکلا کے خلاف ایف آئی آر جانچ رپورٹ کی بنیاد پر درج کی گئی ہے، انہوں نے اپنی مدت کار میں ڈرگ معاملہ میں منسلک ہونے کے نام پر کچھ سیاسی لیڈران کے فون ٹیپ کرائے تھے۔
اتر پردیش کے مہاراج گنج واقع نوتنواں میں کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ایک انتخابی ریلی کے دوران کہا کہ ’’اتر پردیش میں خواتین پر مظالم سب سے زیادہ ہے۔ متاثرہ کنبہ کو دبایا جاتا ہے، ایف آئی آر درج نہیں ہوتی۔ ہم ایک قانون لائیں گے کہ اگر 10 دن میں مجرم کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں ہوئی تو جس نے روکا ہے اس افسر کو معطل کیا جائے۔‘‘
یوکرین میں موجود ہندوستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے بخاریست بھیجا گیا ایئرانڈیا کا طیارہ وہاں سے ہندوستان کے لیے پرواز بھر چکا ہے۔ وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ یوکرین سے نکالے گئے 219 ہندوستانیوں کے ساتھ پہلی پرواز رومانیہ سے ممبئی کے لیے روانہ ہوئی ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ ہم لوگوں کی مدد کے لیے آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہماری ٹیمیں 24 گھنٹے زمین پر کام کر رہی ہیں۔ میں نجی طور سے نگرانی کر رہا ہوں۔
یوکرین میں پھنسے ہندوستانی طلبا کے گھر والوں کے لیے ایک اچھی خبر سامنے آ رہی ہے۔ ہندوستانی طلبا کا ایک گروپ رومانیہ کے بخاریست ائیرپورٹ پہنچ چکا ہے۔ ایک طالب علم کے حوالے سے بیان سامنے آیا ہے کہ یوکرین میں موجود ہندوستانی اور رومانیائی سفارتخانہ انھیں یوکرین سے نکال کر ہندوستان بھیج رہی ہے۔
روس-یوکرین جنگ کے درمیان امریکہ نے یوکرینی صدر وولدومیر زیلینسکی کو مشورہ دیا تھا کہ وہ ملک چھوڑ سکتے ہیں۔ لیکن یوکرینی صدر نے امریکہ کا یہ مشورہ مسترد کر دیا ہے۔ انھوں نے صاف لفطوں میں کہا ہے کہ ’’میں بھاگنے والوں میں سے نہیں ہوں۔ آپ کو میری مدد کرنی ہے تو ہتھیار دیجیے، گولہ بارود دیجیے۔‘‘
ہندوستان میں کورونا کے معاملے دھیرے دھیرے کم ہوتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 11499 نئے کیسز درج کیے گئے ہیں اور اس درمیان 255 افراد کی اس وائرس نے جان لے لی۔ اس وقت سرگرم کیسز کی تعداد 1 لاکھ 21 ہزار 881 ہے۔
روس-یوکرین جنگ کے دوران یوکرین کے وزیر خارجہ نے ہندوستانی وزیر خارجہ جے شنکر سے بات کی ہے۔ ہندوستان سے فوجی مہم کو ختم کرنے کے لیے روس کے ساتھ اپنے تعلقات میں اثر کا استعمال کرنے کے لیے کہا۔
اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل میں ہندوستان نے یوکرین پر روسی حملے سے متعلق ہوئی ووٹنگ میں شامل ہونے سے پرہیز کیا۔ یوکرین پر حملہ کرنے کے سبب سیکورٹی کونسل میں روس کے خلاف قرارداد لایا گیا تھا، جس پر تمام ممالک کو ووٹنگ کرنی تھی۔ ہندوستان نے اس میں روسی حملے کی مذمت تو کی، لیکن ووٹنگ سے پرہیز کیا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 26 Feb 2022, 8:29 AM IST