اتراکھنڈ میں 2 مقامات پر آئے زلزلے، اترکاشی میں ریکٹر اسکیل پر شدت 4.2 درج

اترکاشی میں جمنا وادی اور گنگا وادی سمیت کئی علاقوں میں زلزلے کا تیز جھٹکا محسوس کیا گیا۔ زلزلے کا جھٹکا اتنا تیز تھا کہ لوگ فوراً اپنے گھروں سے باہر آ گئے۔

زلزلہ، علامتی تصویر یو این آئی
i

اتراکھنڈ کے اترکاشی اور ٹہری گڑھوال میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس نے لوگوں کو خوفزدہ کر دیا۔ اترکاشی میں 4.2 شدت کا تیز جھٹکا آیا، جبکہ ٹہری میں 2.0 شدت کا ہلکا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔ دونوں ہی مقامات پر جانی و مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

اترکاشی میں جمنا وادی اور گنگا وادی سمیت کئی علاقوں میں زلزلے کا تیز جھٹکا محسوس کیا گیا۔ زلزلے کا جھٹکا اتنا تیز تھا کہ لوگ فوراً اپنے گھروں سے باہر آ گئے۔ انہوں نے اپنے آس پاس کے لوگوں کو فون کر کے زلزلے کے بارے میں پوچھا۔ ضلعی ایمرجنسی آپریشن مرکز کے مطابق یہ جھٹکا دیر رات تقریباً 1:21 بجے آیا۔ قومی مرکز برائے زلزلہ سائنس نے اس کی شدت 4.2 بتائی ہے۔ زلزلے کا مرکز اترکاشی ضلع میں ہی تھا۔ اس کی گہرائی تقریباً 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ مرکز باڑکوٹ تحصیل صدر دفتر کے قریب راج گڑھی کے آس پاس بتایا جا رہا ہے۔


دوسری طرف ٹہری گڑھوال کے کیرتی نگر اور گھنسالی علاقے میں بھی زلزلہ محسوس کیا گیا۔ یہ پیر کی علی الصبح آیا اور اس کی شدت 2.0 تھی۔ یہ بہت ہلکا زلزلہ تھا، جس کی گہرائی 5 کلومیٹر رہی۔ ضلع میں اس زلزلے سے کسی بھی طرح کے نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ چونکہ زلزلہ کا جھٹکا ہلکا تھا، اس لیے کچھ ہی لوگوں کو اس کے بارے میں پتہ چل پایا۔ کچھ لوگوں کو اہل خانہ کے افراد کا فون ریسیو ہونے پر زلزلہ کی خبر ملی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔