’مودی حکومت نے مزدوروں پر بھی لاٹھی چلائی‘، دیہی روزگار میں 50 فیصد گراوٹ پر کھڑگے کا تلخ تبصرہ
کھڑگے نے کہا کہ ’’مودی حکومت نے منریگا کو ختم کر کے کروڑوں خاندانوں سے ’کام کا حق‘ چھین لیا اور اس کے بدلے ’وی بی جی رام جی‘ مسلط کیا، جس نے 50 فیصد مزدوروں کا روزگار ختم کر دیا ہے۔‘‘

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے منریگا اور دیہی مزدوروں کے روزگار معاملے پر مودی حکومت کو آج سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے دیہی روزگار میں گراوٹ کی خبروں پر تلخ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے صرف نوجوانوں پر ہی لاٹھیاں نہیں چلائیں، بلکہ ملک کے محنت کش مزدوروں کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔
ملکارجن کھڑگے نے پیر کو اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر جاری ایک بیان میں کہا کہ ’’مودی حکومت نے منریگا کو ختم کر کے کروڑوں خاندانوں سے ’کام کا حق‘ چھین لیا اور اس کے بدلے ’وی بی جی رام جی‘ مسلط کیا، جس نے 50 فیصد مزدوروں کا روزگار ختم کر دیا ہے۔‘‘ یہ بیان انھوں نے انگریزی روزنامہ ’دی انڈین ایکسپریس‘ میں 10 اگست کو شائع ایک رپورٹ کو بنیاد بنا کر دیا ہے۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وی بی-جی رام جی نے اپنے پہلے ہی مہینہ (جولائی) میں منریگا کے مقابلہ 50 فیصد دیہی روزگار میں گراوٹ دیکھی ہے۔
کانگریس صدر نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں حکومت سے کئی سوالات بھی کیے۔ انہوں نے پوچھا کہ ’’کیا ریاستوں کو منریگا کے 17,144 کروڑ روپے کے بقایا فنڈز ادا کیے گئے ہیں؟ کیا خشک سالی سے متاثرہ ریاستوں کو کوئی مدد فراہم کی گئی ہے؟‘‘ انہوں نے یہ بھی پوچھا کہ خریف فصل کی بوائی میں 26.50 فیصد کمی آئی ہے، تو کیا حکومت کو اس کی کوئی فکر ہے؟ ساتھ ہی یہ سوال بھی کیا کہ ’’وی بی ج رام جی کے فنڈنگ پیٹرن پر، جس میں بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں نے نظرثانی کا مطالبہ کیا تھا، مرکز نے کوئی قدم اٹھایا ہے یا نہیں؟‘‘
کھڑگے نے الزام عائد کیا کہ ایسے وقت میں جب ملک کے غریب مزدور سب سے زیادہ نقصان کا سامنا کر رہے ہیں، مودی حکومت ان سے ان کی کم از کم معاشی اور سماجی سلامتی چھین کر ان کا مذاق اڑا رہی ہے۔ انھوں نے اپنے بیان میں حکومت کی مزدور پالیسی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ روزگار اور سماجی تحفظ غریب خاندانوں کے لیے بنیادی ضرورت ہیں، لیکن موجودہ حکومت ان کے تحفظ کو کمزور کر رہی ہے۔
کھڑگے کا یہ سوشل میڈیا پوسٹ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب منریگا کے مستقبل، دیہی روزگار، ریاستوں کو فنڈز کی فراہمی اور نئے روزگار پروگرام کے فنڈنگ پیٹرن کو لے کر سیاسی بحث جاری ہے۔ کانگریس مسلسل حکومت پر الزام عائد کرتی رہی ہے کہ وہ دیہی مزدوروں اور غریب خاندانوں کے لیے روزگار کی ضمانت فراہم کرنے والے نظام کو کمزور کر رہی ہے۔ دوسری جانب حکومت اپنے نئے روزگار پروگرام کو دیہی علاقوں میں روزگار اور معاشی مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے جوڑتی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
