خبریں

اہم خبریں: ترومالا تروپتی دیوستھانم کے 14 پجاری کورونا پازیٹو پائے گئے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

آندھرا پردیش: ترومالا تروپتی دیوستھانم کے 14 پجاری کورونا پازیٹو پائے گئے

آندھرا پردیش سے ایک بڑی خبر سامنے آ رہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ترومالا تروپتی دیوستھانم میں 14 پجاریوں کو کورونا ہو گیا ہے۔ خبروں کے مطابق ترومالا تروپتی دیوستھانم کے پجاریوں کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا تھا جن میں سے 14 پجاریوں کی رپورٹ پازیٹو برآمد ہوئی ہے۔ ٹی ٹی ڈی کے ایگزیکٹیو افسر انل کمار سنگھل نے آج ہیلتھ افسران اور مندر کے پجاریوں کے ساتھ ایک میٹنگ بھی کی۔

Published: 16 Jul 2020, 8:43 AM IST

امبھا متاثرین سے ملنے جا رہے یو پی کانگریس صدر اجے للّو کو پولس نے کیا گرفتار

بی جے پی حکومت میں قبائلیوں و دلتوں پر مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔ اس درمیان گزشتہ سال سون بھدر کے امبھا گاؤں میں بی جے پی حکومت کی لاپروائی کی وجہ سے پیدا تشدد میں شہید ہوئے 10 قبائلیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جا رہے یو پی کانگریس صدر اجے کمار للو کو پولس نے گرفتار کر لیا۔ دراصل قبائلیوں کی قربانی کو یاد کرتے ہوئے 17 جولائی کو ’بلیدان دیوس‘ پروگرام کے امبھا متاثرین سے ملنے یو پی کانگریس صدر کچھ پارٹی کارکنان کے ساتھ سون بھدر جا رہے تھے تبھی کثیر تعداد میں پولس پہنچ گئی اور انھیں جانے سے روک دیا۔ اجے کمار للو نے کہا کہ جب وہ کوئی قانون نہیں توڑ رہے ہیں تو کیوں روکا جا رہا ہے، لیکن ان کی دلیلوں کا پولس پر کوئی اثر نہیں ہوا۔

Published: 16 Jul 2020, 8:43 AM IST

آسام: سیلاب سے اب تک 66 افراد جاں بحق، 48 لاکھ سے زائد لوگ متاثر

آسام میں سیلاب کی صورت حال خطرناک شکل اختیار کرتی جا رہی ہے۔ آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق 15 جولائی تک سیلاب کی وجہ سے 66 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ 30 اضلاع کے 48 لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہیں۔

Published: 16 Jul 2020, 8:43 AM IST

دہلی: ایمس میں زیر علاج ایک مریض نے خود کو لگائی پھانسی

ایک بار پھر دہلی واقع ایمس سرخیوں میں ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اس اسپتال میں علاج کرا رہے ایک مریض نے خود کو پھانسی لگا لی۔ دہلی پولس نے اس کی تصدیق کی ہے اور ساتھ ہی بتایا ہے کہ لاش کے پاس سے کوئی خودکشی نوٹ برآمد نہیں ہوا ہے۔

Published: 16 Jul 2020, 8:43 AM IST

اتر پردیش: اگلے 2 گھنٹے کے اندر بجنور، مظفر نگر، باغپت وغیرہ میں طوفانی بارش کا امکان

ہندوستانی محکمہ موسمیات نے اگلے دو گھنٹوں میں اتر پردیش کے کئی علاقوں میں طوفانی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بجنور، مظفر نگر، باغپت، بلب گڑھ، پلول، نجیب آباد کے آس پاس کے علاقوں میں آندھی، طوفان کے ساتھ بارش ہوگی۔

Published: 16 Jul 2020, 8:43 AM IST

ہندوستان: 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 32695 نئے کورونا کیسز درج، 606 اموات

آج ایک بار پھر ہندوستان میں کورونا انفیکشن کے نئے کیسز نے ریکارڈ توڑ دیا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 32695 نئے معاملے سامنے آئے اور اس دوران 606 لوگوں کی موت بھی واقع ہوئی۔ نئے معاملوں کے سامنے آنے کے بعد ملک میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 968876 ہو گئی ہے جب کہ مہلوکین کی مجموعی تعداد 25 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔

Published: 16 Jul 2020, 8:43 AM IST

گجرات، آسام اور ہماچل پردیش میں محسوس کیے گئے زلزلوں کے جھٹکے

ہندوستان میں زلزلوں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ آج صبح زلزلہ کے جھٹکوں سے گجرات، آسام اور ہماچل پردیش کی زمین ڈول گئی۔ گجرات میں تو زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.5 تھی جس کی وجہ سے خوفزدہ لوگ گھروں سے باہر نکل گئے۔ آسام کے کریم گنج میں بھی 4.1 شدت کا زلزلہ صبح تقریباً 8 بجے آیا۔ ہماچل پردیش کے اونا میں زلزلے کی شدت بہت زیادہ نہیں تھی اور ریکٹر اسکیل پر 2.3 شدت ہونے کا اندازہ لگایا گیا۔ فی الحال کسی بھی جگہ سے جانی و مالی نقصان کی خبر موصول نہیں ہوئی ہے۔

Published: 16 Jul 2020, 8:43 AM IST

ہندوستان میں اولمپک کھیلوں کا انعقاد میرا خواب :نیتا امبانی

ریلائنس فاؤنڈیشن کی صدر نیتا امبانی نے بدھ کے روز کہا کہ ہندوستان میں اولمپک کھیلوں کا انعقاد کرنا میرا خواب ہے۔
آج پہلی بار ڈائریکٹر کی حیثیت سے ریلائنس انڈسٹریز کے 43 ویں جنرل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسز امبانی نے کہا کہ ہندوستان میں اولمپک کھیلوں کا انعقاد ان کا خواب ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہندوستان کے ایتھلیٹوں کو عالمی سطح پر بہترین سطح پر پرفارم کرتے دیکھنا چاہتی ہیں۔
مسز امبانی بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کی رکن ہیں۔ ان کی قیادت میں ریلائنس فاؤنڈیشن نچلی سطح پر کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے متعدد تعلیمی اور کھیلوں کے منصوبوں میں شامل رہا ہے جس سے لاکھوں بچے جڑے ہوئے ہیں۔ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں ان کی قیادت میں ممبئی انڈینز کئی بار چمپئن بن چکا ہے۔
انہوں نے ریلائنس فاؤنڈیشن کے بارے میں کہا کہ پچھلے 10 سالوں میں فاؤنڈیشن نے ملک میں 3 کروڑ لوگوں کی طرز زندگی میں تبدیلی کے لئے کام کیا ہے۔

Published: 16 Jul 2020, 8:43 AM IST

امریکہ: ایک دن میں کورونا کے ریکارڈ نئے کیس درج، 67632 مریض آئے سامنے

امریکہ میں کورونا وائرس کا قہر جاری ہے۔ امریکہ میں کل ریکارڈ 67632 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ یہاں پر اب تک کورونا کے کل 3616747 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ کورونا کی زد میں آ کر اب تک امریکہ میں 140140 لوگوں کی موت بھی ہو چکی ہے۔

Published: 16 Jul 2020, 8:43 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 16 Jul 2020, 8:43 AM IST