وزیر اعظم مودی کا خط خالدہ ضیاء کے بیٹے طارق رحمٰن کو دیتے ہوئے وزیر خارجہ ایس جے شنکر، تصویر بشکریہ @DrSJaishankar
بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم اور بی این پی کی صدر خالدہ ضیاء بدھ (31 دسمبر) کو سپردِ خاک کر دی گئیں۔ ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر بھی ان کو آخری وداعی دینے ڈھاکہ پہنچے تھے۔ اس دوران انہوں نے خالدہ ضیاء کے بیٹے طارق رحمٰن سے ملاقات کی اور وزیر اعظم مودی کا خط ان کے حوالے کیا۔ اس خط میں وزیر اعظم مودی نے خالدہ ضیا سے اپنی ملاقات کا تذکرہ کیا ہے۔ خط طارق رحمن کے حوالہ کیے جانے کی تصویر ڈاکٹر ایس جئے شنکر نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر بھی کی ہے۔
Published: undefined
وزیر اعظم مودی نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ ’’پیارے طارق رحمٰن صاحب، آپ کی ماں اور بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم بیگم خالدہ ضیاء کے انتقال کے بارے میں جان کر مجھے کافی تکلیف ہوئی۔ اس گہرے اور ذاتی نقصان پر میری تعزیت قبول کریں۔ خدا ان کی روح کو سکون عطا کرے۔ مجھے جون 2015 میں ڈھاکہ میں ان کے ساتھ اپنی ملاقات اور بات چیت اچھی طرح یاد ہے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’وہ غیر معمولی عزم اور پختہ یقین والی لیڈر تھیں۔ انہیں بنگلہ دیش کی پہلی خاتون وزیر اعظم ہونے کا شرف حاصل تھا۔ انہوں نے بنگلہ دیش کے ساتھ ساتھ ہندوستان-بنگلہ دیش تعلقات کو مضبوط کرنے میں بھی کئی اہم کردار ادا کیے۔ ان کی وفات سے ایک ایسا خلا پیدا ہوا ہے جسے پُر نہیں کیا جا سکتا، لیکن ان کی سوچ اور وراثت برقرار رہے گی۔‘‘
Published: undefined
وزیر اعظم اس خط میں طارق رحمن سے وابستہ امیدوں کا بھی تذکرہ کرتے ہیں۔ وہ لکھتے ہیں کہ ’’مجھے یقین ہے کہ خالدہ ضیا کے نظریات کو 'بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی' آپ کی قابل قیادت میں مزید آگے بڑھائے گی۔ یہ ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان گہری اور تاریخی شراکت داری کی ایک نئی شروعات اور اسے مزید خوشحال بنانے کے لیے ایک مشعل راہ کے طور پر کام کرتا رہے گا۔‘‘ خالدہ ضیا کے انتقال پر اپنی تعزیت ظاہر کرتے ہوئے انھوں نے لکھا ہے کہ ’’قومی سوگ کے اس لمحہ میں میری ہمدردیاں بنگلہ دیش کی عوام کے ساتھ بھی ہیں، جنہوں نے اپنی پوری تاریخ میں قابل ذکر طاقت اور وقار کا مظاہرہ کیا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ وہ امن اور ہم آہنگی کے ساتھ آگے بڑھتے ہوئے اپنی مشترکہ اقدار، جمہوری روایات اور قومی اتحاد کے گہرے احساس سے رہنمائی حاصل کرتے رہیں گے۔‘‘
Published: undefined
وزیر اعظم مودی خط کے آخر میں لکھتے ہیں کہ ’’براہ کرم ایک بار پھر میری دلی تعزیت قبول کریں۔ میں خدا سے دعا کرتا ہوں کہ وہ آپ کو اور آپ کے خاندان کو اس مشکل وقت سے نکلنے کے لیے طاقت اور حوصلہ عطا فرمائے۔ میں آپ کی مستقبل کی کوششوں کے لیے بھی نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔‘‘
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز