خبریں

کرناٹک: کابینہ میں نائب وزیر اعلی اور اسپیکر سمیت کانگریس کے 22 وزراء ہوں گے

کرناٹک میں ایچ ڈی کماراسوامی کی قیادت میں کانگریس۔جے ڈی ایس حکومت کی حلف برداری کی تیاریاں مکمل

ایچ ڈی کماراسوامی کی فائل تصویر 
ایچ ڈی کماراسوامی کی فائل تصویر  سوشل میڈیا 

کرناٹک میں نائب وزیر اعلی، اسپیکر اور کابینہ کو لے کر کانگریس اور جے ڈی ایس میں اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ کماراسوامی کی کابینہ میں 22 وزراء کانگریس کے ہوں گے جبکہ 11 وزراء جے ڈی ایس کے ہوں گے۔ اس کے ساتھ اس پر اتفاق ہو گیا ہے کہ کانگریس کے دلت رہنما جی پرمیشور نائب وزیر اعلی ہوں گے اور کانگریس کے ہی کے آر رمیش اسپیکر ہوں گے۔

Published: 23 May 2018, 5:02 AM IST

آج ایچ ڈی کماراسوامی حکومت حلف لے گی اور اس کی تمام تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ کماراسوامی کی کابینہ میں کل 32 وزیر ہوں گے اور یہ حکومت 24 مئی کو ایوان میں اپنی اکثریت ثابت کرے گی۔ اکثریت ثابت کرنے کے بعد ہی وزارت کے قلمدان تقسیم کئے جایئں گے۔

Published: 23 May 2018, 5:02 AM IST

حکومت کی تشکیل کو لے کر منگل کی شام دونوں پارٹیوں کی اعلی قیادت نے اہم میٹنگ کی جس میں تمام پہلوؤں پر تفصیل سے غور کیا گیا۔ واضح رہے کہ کرناٹک میں حال ہی میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں کسی بھی پارٹی کو واضح اکثریت نہیں ملی تھی اور بی جے پی کو سب سے زیادہ 104 نشستیں ملنے کی وجہ سے گورنر نے پہلے بی جے پی کو حکومت سازی کے لئے مدعو کیا تھا لیکن ان کے وزیر اعلی یدیورپا نے اکثریت ثابت کرنے سے پہلے ہی استعفی دینے کا اعلان کر دیا تھا۔ کانگریس اور جے ڈی ایس نے اتحاد بنا کر پہلے ہی اپنا دعوی پیش کر دیا تھا اس لئے گورنر نے یدیورپا کے استعفے کے بعد کماراسوامی کی قیادت میں بنے اس اتحاد کو حکومت تشکیل دینے کے لئے مدعو کیا۔ انتخابات میں بی جے پی کو104 سیٹیں، کانگریس کو 78سیٹیں اور جے ڈی ایس کو 37سیٹیں ملی تھیں۔

Published: 23 May 2018, 5:02 AM IST

وا ضح رہے کسی بھی مخلوط حکومت میں اسپیکر کا عہدہ انتہائی اہم ہوتا ہے اس لئے اس اتحاد میں بڑی پارٹی ہونے کے ناطے کانگریس نے یہ عہدہ اپنے حصہ میں لیا ہے۔ ادھر حلف برداری تقریب میں شرکت کرنے کے لئے مہمان بنگلورو پہنچنےشروع ہو گئے ہیں اور ذرائع کے مطابق ملک کی بڑی سیاسی پارٹیوں کے رہنما بھی اس تقریب میں شرکت کریں گے۔ منگل کو تلنگانہ کے وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ کماراسوامی سے ملنے بنگلورو پہنچے، کیونکہ بدھ کو ہونے والی حلف برداری کی تقریب میں وہ اپنی پہلے سے طے مصروفیت کی وجہ سے شرکت نہیں کر پائیں گے۔ ذرائع کے مطابق کانگریس صدر راہل گاندھی، یو پی اے چیئر پرسن سونیا گاندھی، سماجوادی پارٹی کے اکھیلیش یادو، بی ایس پی سربراہ مایاوتی، آر جے ڈی کے تیجسوی یادو، اسٹالن، کمل حسن وغیرہ حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

Published: 23 May 2018, 5:02 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 23 May 2018, 5:02 AM IST