فوجا سنگھ / آئی اے این ایس
چنڈی گڑھ: پنجاب کے معروف میراتھن رنر اور دنیا بھر میں ’ٹربنڈ ٹورنیڈو‘ کے نام سے مشہور فوجا سنگھ پیر (14 جولائی) کو ایک سڑک حادثے میں زخمی ہونے کے بعد انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 114 سال تھی۔ وہ اپنے آبائی گاؤں بیاس میں دوپہر کے وقت سیر کے لیے نکلے تھے، جب ایک نامعلوم تیز رفتار گاڑی نے انہیں ٹکر مار دی۔ ٹکر کے نتیجے میں ان کے سر پر شدید چوٹیں آئیں، جس کے بعد انہیں جالندھر کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں شام کے وقت ان کا انتقال ہو گیا۔
Published: undefined
پولیس کے مطابق یہ حادثہ سہ پہر ساڑھے تین بجے کے قریب پیش آیا، جب فوجا سنگھ سڑک پار کر رہے تھے۔ حادثے کے فوراً بعد گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ آدم پور تھانے کے ایس ایچ او ہر دیو پریت سنگھ نے بتایا کہ ابھی تک گاڑی اور ڈرائیور کی شناخت نہیں ہو سکی ہے، تاہم جائے حادثہ سے ملنے والے شواہد کی بنیاد پر تفتیش جاری ہے۔
فوجا سنگھ کے انتقال کی تصدیق مشہور مصنف خوشونت سنگھ نے بھی کی ہے، جنہوں نے ان کی زندگی پر مبنی کتاب The Turbaned Tornado لکھی تھی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لکھا، ’’میرا ’ٹربنڈ ٹورنیڈو‘ اب اس دنیا میں نہیں رہا۔‘‘
Published: undefined
فوجا سنگھ کے انتقال پر ملک بھر سے تعزیتی پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔ پنجاب کے گورنر اور چنڈی گڑھ کے ایڈمنسٹریٹر گلاب چند کٹاریا نے بھی اپنے پیغام میں دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا، ’’میں عظیم میراتھن رنر اور حوصلے کی علامت سردار فوجا سنگھ جی کے انتقال پر بے حد افسردہ ہوں۔ انہوں نے 114 سال کی عمر میں میرے ساتھ ’نشہ مکتی، رنگلا پنجاب‘ مارچ میں شرکت کی تھی۔ ان کی زندگی پنجاب کو نشے سے پاک کرنے کے لیے ایک مستقل تحریک کا باعث بنی رہے گی۔‘‘ سوشل میڈیا پر ہزاروں لوگوں نے فوجا سنگھ کے انتقال پر غم کا اظہار کیا ہے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
Published: undefined
فوجا سنگھ نہ صرف ایک غیرمعمولی کھلاڑی تھے بلکہ ایک سماجی کارکن بھی تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی کے آخری لمحات تک نہ صرف صحت اور فٹنس کو فروغ دیا بلکہ نشہ کے خلاف مہمات میں بھی سرگرم کردار ادا کیا۔ انہوں نے دنیا بھر میں ہونے والی کئی بین الاقوامی میراتھن دوڑوں میں حصہ لیا اور اپنے عزم، حوصلے اور نظم و ضبط سے نوجوان نسل کو متاثر کیا۔ ان کے انتقال سے ملک نے ایک عظیم ایتھلیٹ ہی نہیں، بلکہ ایک متحرک روح اور زندہ تحریک کو کھو دیا ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined