
دیویندر یادو / تصویر آئی این سی
نئی دہلی: مرکزی حکومت کے ذریعہ ریلوے کرایہ میں اضافہ اور دہلی کی ریکھا گپتا حکومت کے ذریعہ پرانی دہلی ریلوے اسٹیشن کا نام بدلنے کے لیے لکھے گئے خط پر دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے جم کر حملہ بولا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ ’’کیا نام تبدیل کر دینے کے بعد ریلوے کی سہولیات میں اصلاح ہو جائے گی؟ کیا ریلوے کے ذریعہ کرایے میں اضافہ سے سہولیات بہتر ہو جائیں گی اور حادثات پر کنٹرول ہو پائے گا؟‘‘
Published: undefined
دیویندر یادو نے کہا کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت کے ذریعہ یکم جولائی سے ریلوے ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کی وجہ سے غریب اور ضرورت مند اہل وطن کی جیب پر براہ راست اثر پڑے گا۔ ریلوے، ٹیرف میں اضافہ کر کے رواں مالی سال میں 92820 کروڑ روپے اضافی ریونیو وصول کرے گا۔ لمبی دوری کی ٹرینوں میں 1000 کلومیٹر کا سفر کرنے کے لیے اے سی ٹکٹ پر 20 روپے، سلیپر ٹکٹ پر 10 روپے اور جنرل ٹکٹ پر 5 سے 15 روپے کا اضافہ کر کے ریلوے نے عوام سے براہ راست وصولی کر کے اپنا خزانہ بھرنے کا انتظام کیا ہے۔
Published: undefined
کانگریس ریاستی صدر نے کہا کہ پرانی دہلی ریلوے اسٹیشن جہاں بنیادی طور پر سہولیات کی کافی کمی ہے، وہاں حکومت عوام کو سہولیات فراہم کرنے اور وہاں کے حالات کو بہتر بنانے کے بجائے اس اسٹیشن کا نام تبدیل کرنے کے قواعد میں لگی ہے۔ میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ آئے دن ریل حادثوں سے حکومت کوئی سبق کیوں نہیں لیتی؟ مسلسل ریل حادثات پر قابو پانے میں ناکام بی جے پی حکومت ایک طرف ریل کرایے میں اضافہ کر کے عوام پر اضافی معاشی بوجھ ڈال رہی ہے، وہیں دوسری جانب بی جے پی اسٹیشن کا نام بدلنے کی سیاست کر رہی ہے۔
Published: undefined
کانگریس لیڈر نے کہا کہ ایم ایس ٹی ہولڈرز اور لوکل ٹرینوں میں سفر کرنے والوں کو راحت دینے کے نام پر ریلوے نے میل، ایکسپریس اور سپر فاسٹ ٹرینوں کے کرایے میں اضافے کی اطلاع دے کر کے 500 کلومیٹر سے زیادہ کی دوری کے سفر میں جنرل، سلیپر، فرسٹ کلاس اور اے سی ٹرینوں کی تمام کلاسوں میں نئے بڑھے ہوئے ٹیرف کو نافذ کر دیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ جہاں ایک طرف وندے بھارت ایکسپریس میں زیادہ کرایہ ہونے کی وجہ سے ٹرینیں خالی جا رہی ہیں وہیں نیا ٹیرف شتابدی، راجدھانی، تیجس، دورنتو، وندے بھارت، ہمسفر، امرت بھارت اور غریب رتھ جیسی ٹرینوں میں نافذ ہوگا۔
Published: undefined
دیویندر یادو نے کہا کہ غریب لوگ جن عام اور نان اے سی ٹرینوں میں سفر کرتے ہیں ان میں سیکنڈ کلاس اور سلیپر کلاس کے لیے فی کلومیٹر آدھا پیسہ اضافہ کے تحت 1000-501 کلومیٹر تک 5 روپے، 2500-1501 کلومیٹر تک 10 روپے اور 3000-2501 کلومیٹر کے ٹکٹ پر 15 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ جبکہ نان ایسی میل/ایکسپریس ٹرینوں کی سیکنڈ، سلیپر اور فرسٹ کلاس میں ایک پیسہ فی کلومیٹر کے اضافہ کا فیصلہ لیا ہے۔ لیکن ہولی، دیوالی، چھٹھ اور دیگر مواقع پر خصوصی اضافی ٹرینوں کا انتظام کرنے میں ریلوے انتظامیہ ہمیشہ ناکام ثابت ہوتی ہے۔ بہار، یوپی اور دیگر ریاستوں کے غریب اور مزدور طبقہ کے لوگ لٹک کر اور جانوروں کی طرح ٹرینوں میں اپنے گھر جانے کو مجبور ہیں۔
Published: undefined
دیویندر یادو نے کہا کہ ریلوے ٹکٹ میں اضافہ کرنے سے قبل حکومت کو ٹرین حادثات کی بڑھتی ہوئی تعداد پر کنٹرول کرنے کے لیے کام کرنا چاہیے۔ ریلوے اسٹیشنوں اور ٹرینوں میں سہولیات کو منظم کرنا چاہیے اور خاص طور سے گندگی کی مار جھیل رہے ریلوے میں صفائی پر زیادہ توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے، جس کی بڑی وجہ ریلوے میں خالی پڑے عہدے اور نجکاری بھی ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined