قومی خبریں

آخری سانس تک آئین کی حفاظت کے لئے لڑیں گے: سونیا گاندھی

سونیا گاندھی نے کہا کہ کسان جو ہمارا ان داتا ہے آج اس کی حالت خراب ہے اور وہ خود کشی کرنے پر مجبور ہیں ہم اس کو سہولیات دینے سے تو رہے، اس کی پیداوار کی واجب قیمت بھی نہیں دے پا رہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

کانگریس کی عظیم الشان ’بھارت بچاؤ ریلی‘ سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی نے عوام سے کہا کہ ’’آج ملک کو بچانے کے لئے ان کو سامنے آنا ہوگا۔ ملک کے حالات بہت خراب ہیں اور ہمیں گھر سے باہر نکلنے کی ضرورت ہے۔ اگر ملک کو بچانا ہے تو سخت جدوجہد کرنی ہوگی۔‘‘

Published: 14 Dec 2019, 2:31 PM IST

مودی حکومت کی ہر پالیسی کا پوسٹ مارٹم کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے سوال کیا کہ آج بچے کام کی تلاش کر رہے ہیں، ان کی لگی لگائی نوکریاں جا رہی ہیں کیا ایسے وقت میں ہم اپنے نوجوانوں کے مستقبل کے لئے لڑنے کے لئے تیار ہیں یا نہیں ؟

Published: 14 Dec 2019, 2:31 PM IST

سونیا گاندھی نے بھارت بچاؤ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسان جو ہمارا ان داتا ہے آج اس کی حالت خراب ہے اور وہ خود کشی کرنے پر مجبور ہیں ہم اس کو سہولیات دینے سے تو رہے، اس کی پیداوار کی واجب قیمت بھی نہیں دے پا رہے۔ کیا ہم اپنے کسانوں کی بہتر زندگی کے لئے لڑنے کے لئے تیار ہیں یا نہیں ؟ سونیا گاندھی نے مزدوروں کے مسائل اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہمارے مزدور اتنی محنت کرتے ہیں لیکن ان کو دو وقت کی روٹی نہیں ملتی۔ کیا ہم ان کی زندگی کے بدلاؤ کے لئے لڑنے کے لئے تیار ہیں یا نہیں؟انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے چھوٹے تاجر جنہوں نے بینکوں سے قرضے لئے تھے اور وہ ادا نہیں کر پائے وہ اپنے پورے خاندان کے ساتھ خودکشی کر رہے ہیں، کیا ہم ان کے لئے لڑنے کے لئے تیار ہیں یا نہیں؟

Published: 14 Dec 2019, 2:31 PM IST

سونیا گاندھی نے اس موقع پر خواتین کے مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’میری پیاری بہوں کو کتنی محنت کرنی پڑتی ہے،وہ اپنا پیٹ کاٹ کر گھر چلاتی ہیں اور وہ اتنی پریشان ہیں کہ ان کی نیند حرام ہو گئی ہے۔ اس کے اوپر ان پر مظالم ہو رہے ہیں۔ میں آپ سے پوچھتی ہوں کیا ہم اپنی ماں بہنوں کے لئے لڑنے کے لئے تیار ہیں یا نہیں؟‘‘

Published: 14 Dec 2019, 2:31 PM IST

سونیا گاندھی نے اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی کے نعرے سب کا ساتھ سب کا وکاس پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی معیشت تباہ ہو رہی ہے، کیا اس کی جانچ ہونی چاہئے یا نہیں؟ انہوں نے پوچھا جس نوٹ بندی کو کالا دھن ختم کرنے کے لئے کیا گیا تھا کیا اس سے کالا دھن ختم ہوا یا نہیں، کیا اس کی جانچ ہونی چاہئے یا نہیں؟ انہوں نے پوچھا کیا اس کی جانچ نہیں ہونی چاہئے کہ غلط طریقہ سے جی ایس ٹی لاگو کیا گیا ؟سونیا نے کہا کہ جس طرح آر بی آئی سے پیسہ لیا گیا کیا اس کی جانچ نہیں ہونی چائے؟انہوں نے سوال کیا کہ نو رتن کمپنیوں کو بیچا جا رہا ہے کیا اس کی جانچ نہیں ہونی چاہئے؟

Published: 14 Dec 2019, 2:31 PM IST

مودی حکومت کو شہریت ترمیمی بل پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ ’’آج کا ماحول ایسا ہو گیا ہے کہ جب مرضی آئے کوئی بھی قانون بنا دیا جائے اور کوئی بھی ہٹا دیا جائے اور ہر روز آئین کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پر شہریت ترمیمی بل لانے کا جنون سوار تھا اور یہ بل ملک کی روح کو تباہ کرنے والا بل ہے۔

Published: 14 Dec 2019, 2:31 PM IST

سونیا گاندھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ یہ بات دعوے کے ساتھ کہہ سکتی ہیں کہ ملک ایسے قوانین کے ساتھ نہیں ہے اور کانگریس ہر اس کے ساتھ کھڑی ہے جس کے ساتھ نا انصافی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کا مقصد صر ف ایسی سیاست کرنا ہے جس میں لوگ لڑیں اور وہ اقتدار میں رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آئین کی حفاظت کے لئے کوئی بھی قربانی دینے کے لئے تیار رہنا چاہئے اور آخری سانس تک ہم ملک کی جمہوریت اور آئین کی حفاظت کریں گے۔

Published: 14 Dec 2019, 2:31 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 14 Dec 2019, 2:31 PM IST