
راہل گاندھی / ویڈیو گریب
لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رہنما راہل گاندھی کی خواتین سے متعلق ’ایکس‘ پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ کو ری پوسٹ کرتے ہوئے مرکزی وزیر کرن رجیجو نے لکھا کہ ’’یہ کانگریس پارٹی کی جانب سے ایک مثبت پیغام معلوم ہوتا ہے۔ خواتین کے تئیں راہل گاندھی کی سوچ میں واضح تبدیلی نظر آ رہی ہے۔ اب مجھے امید ہے کہ کانگریس پارٹی ریزرویشن بل کی بغیر کسی شرط کے حمایت کرے گی۔‘‘
راہل گاندھی نے کرن رجیجو کی ’ایکس‘ پوسٹ کے جواب میں لکھا کہ ’’رجیجو جی، پارلیمانی امور کے وزیر ہونے کے ناطے آپ سے بہتر یہ کون جانتا ہوگا، خواتین ریزرویشن بل 2023 میں ہی کانگریس کی مکمل حمایت کے ساتھ متفقہ طور پر پاس ہو چکا ہے۔ سوال یہ ہے کہ 3 سال گزر جانے کے بعد بھی وہ نافذ کیوں نہیں ہوا اور اب آپ اسے حد بندی سے بلا وجہ کیوں جوڑنا چاہتے ہیں؟ 2023 کا قانون نافذ کیجیے۔ بغیر کسی شرط کے۔‘‘
واضح رہے کہ راہل گاندھی نے اپنی پوسٹ میں کہا تھا کہ ’’ہندوستانی خواتین کی توانائی قید ہے۔ اسے اپنے اظہار کی اجازت نہیں دی جاتی، اسے خواب دیکھنے اور تصور کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔ میرے نزدیک کوئی بھی ملک اس وقت تک کامیاب نہیں ہو سکتا جب تک اس کی خواتین اپنے خیالات اور صلاحیتوں کا اظہار نہ کر سکیں۔ اور میرے خیال میں میری سیاست کا ایک بڑا حصہ، اور اس ملک کی سیاست کا ایک بڑا مقصد یہ ہونا چاہیے کہ لوگوں کو یہ سمجھایا جائے کہ خواتین کے اظہار کے بغیر ہمارا ملک محدود اور نامکمل ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ کانگریس اور اپوزیشن جماعتوں نے خواتین ریزرویشن بل کی حمایت کی ہے، لیکن وہ حد بندی کے عمل کی مخالفت کرتی رہی ہیں۔ اسی عمل کے تحت پارلیمنٹ کے ایوان زیریں یعنی لوک سبھا میں نشستوں کی تعداد بڑھانے کی تجویز ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کا مطالبہ رہا ہے کہ خواتین کے تحفظات کو حد بندی کے عمل سے الگ کیا جائے، تاکہ خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن کو حد بندی کا عمل مکمل ہونے کی شرط سے نہ جوڑا جائے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔