قومی خبریں

تریپورہ اسمبلی انتخابات میں 74 فیصد ووٹنگ

سی پی ایم، کانگریس اور بی جے پی میں سخت مقابلے کی امید۔ مختلف سیاسی پارٹیوں کے 292 امیدوار انتخابی میدان میں۔ایک اسمبلی سیٹ کے لیے انتخاب 12 مارچ کو۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا تریپورہ اسمبلی انتخابات میں حق رائے دہی کا استعمال کرنے پہنچے تریپورہ کے باشندے

اگرتلہ: تری پورہ اسمبلی کی 60 میں سے 59 سیٹوں پر آج صبح 7 بجے سے ووٹنگ شروع ہو گئی تھی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق شام چار بجے تک ہوئی اس ووٹنگ میں 74 فیصد ووٹروں نے اپنے ووٹ کے حق استعمال کیا۔ الیکشن کمیشن نے اس سلسلے میں بتایا کہ 59 سیٹوں پر ووٹنگ کے لئے 3174 انتخابی مراکز پر ووٹنگ پرامن طریقے سے اختتام کو پہنچ گئی۔ ریاست بھرمیں پولنگ صبح سات بجے شروع ہوکر شام چار بجے ختم ہو ئی۔

آج صبح لوگوں میں ووٹنگ کے تئیں جوش و خروش دیکھنے کو ملا۔ اس بار سی پی ایم، کانگریس اور بی جے پی تینوں ہی پارٹیوں میں سخت مقابلے کی امید کی جا رہی ہے۔ سبھی پارٹیوں کے لیڈران نے ریاستی باشندوں کو کثیر تعداد میں ووٹ ڈالنے اور ایک ایماندار پارٹی کی حکومت قائم کرنے کی اپیل کی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ایک ٹوئٹ کے ذریعہ تریپورہ کے باشندوں، خصوصاً نوجوانوں سے گزارش کی ہے کہ وہ ریکارڈ ووٹنگ کریں۔ ووٹنگ کے لیے ووٹروں نے گھروں سے نکلنا شروع بھی کر دیا ہے۔ علی الصبح ووٹنگ کے لیے پہنچے ووٹروں کا کہنا ہے کہ وہ ایسی حکومت چاہتے ہیں جو ریاست کی ترقی کے لیے کام کرے۔

Published: 18 Feb 2018, 10:06 AM IST

اس دوران کئی مقامات پر ای وی ایم میں خرابی کی شکایتیں موصول ہو رہی ہیں۔ جنوبی تریپورہ میں کئی ای وی ایم کام نہیں کر رہے ہیں۔ اگرتلہ کے بجے کماری اسکول اور ہری گنگا اسکول میں بھی ای وی ایم میں خرابی کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ جنوبی تریپورہ کے کئی دیگر پولنگ مراکز سے بھی ای وی ایم میں خامی کی شکایتیں سامنے آئی ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ تریپورہ اسمبلی انتخابات میں مختلف سیاسی پارٹیوں کے کل 292 امیدوار اس بار انتخابی میدان میں ہیں۔ سی پی ایم نے اس بار اپنے 57 امیدواروں کو انتخابی میدان میں اتارا ہے۔ وزیر اعلی مانك سرکار پانچویں مرتبہ اقتدار میں آنے کی منشا کے ساتھ الیکشن لڑ رہے ہیں۔ ریاست میں آزاد اور منصفانہ انتخابات کرائے جانے کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔

چیف الیکشن افسر رام ترنی كانتی نے اس سلسلے میں کہا ہے کہ انتخابی حکام اور ریاستی پولس فورس کے جوانوں سمیت سیکورٹی فورسز نے انتخابات کو غیر جانبدار اور پرامن طریقے سے کرائے جانے کے تمام اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہم یہ یقینی بنائیں گے کہ انتخابات آزاد اور منصفانہ طریقے سے ہو۔ پولس، سی آر پی ایف اور سبھی اچھے لوگوں، خاص طور پر شہری، سیاسی پارٹیوں اور پریس کے تعاون سے ہی یہ ممکن ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران یا انتخابات کے بعد کسی طرح کے تشدد کا خدشہ نہیں ہے۔

واضح رہے کہ سی پی ایم امیدوار رامیندر نارائن دیوورما کے انتقال کی وجہ سے چاریلام اسمبلی سیٹ پر آج ووٹنگ نہیں ہو رہی ہے۔ اس سیٹ پر اب 12 مارچ کو پولنگ ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی تین مارچ کو ہوگی۔ ریاست میں 25 سال سے سی پی ایم کی حکومت ہے۔ اس بار کے انتخابات میں کانگریس اور بی جے پی حکمراں پارٹی کو سخت ٹکر دے رہی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ الیکشن کمیشن نے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر 3174 پولنگ مراکز پر 16 ہزار انتخابی عملہ کو سیکورٹی فورسز کے 20 ہزار جوانوں کے ساتھ تعینات کیا ہے۔اسمبلی انتخابات میں ریاست کے 25.37 لاکھ ووٹرز مختلف پارٹیوں کے 292 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ ان ووٹروں میں 13 لاکھ مرد اور 12 لاکھ خواتین ووٹر شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق 47803 ووٹر ایسے ہیں جو پہلی بار ووٹ کا حق استعمال کریں گے۔ ریاست میں کل 3214 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔ووٹنگ کے لئے چار ہزار سرکاری گاڑیوں کے علاوہ 22 ہزار دیگر گاڑیوں کو ڈیوٹی پر لگایاگیا ہے۔ نیشنل ہائی وے، اضلاع اور دیہات کی سڑکوں پر سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لئے سیکورٹی فورس کے جوان مارچ کریں گے۔

Published: 18 Feb 2018, 10:06 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 18 Feb 2018, 10:06 AM IST