تصویر @INCIndia
بہار میں ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کے آج تیرہویں دن راہل گاندھی نے سخت تیور اختیار کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کو واضح لفظوں میں کہہ دیا کہ وہ کسی بھی حال میں ’ووٹ چوری‘ نہیں ہونے دیں گے۔ تیرہویں دن کی یاترا ختم ہونے کے بعد سیوان میں ایک جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’ووٹ چوری بابا صاحب امبیڈکر جی کے آئین پر حملہ ہے۔ نریندر مودی سن لیں– ہم آئین پر کسی کو حملہ نہیں کرنے دیں گے۔‘‘
Published: undefined
دیر شام لوگوں کی زبردست بھیڑ سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’نریندر مودی ’ووٹ چوری‘ کر کے انتخاب جیتتے ہیں، لیکن ہم بہار میں ایک بھی ووٹ چوری نہیں ہونے دیں گے۔‘‘ انھوں نے عوام سے یہ سوال بھی کیا کہ ’’ووٹ چوری ہونے دو گے؟‘‘ بھیڑ نے ایک آواز میں جواب دیا ’’نہیں‘‘۔ اس کی ایک ویڈیو کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر بھی کی ہے، جس کے ساتھ لکھا گیا ہے ’’بہار ’ووٹ چوری‘ نہیں ہونے دے گا۔‘‘
Published: undefined
راہل گاندھی نے بی جے پی کے ذریعہ ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کو ہدف تنقید بنائے جانے اور کچھ غنڈہ صفت افراد کی کارستانیوں پر شدید ناراضگی کا بھی اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ابھی بی جے پی والے بہت اچھل رہے ہیں، کیونکہ ہم نے ان کی چوری پکڑ لی ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ابھی ہم نے مہادیوپورا کی چوری دکھائی ہے، آنے والے وقت میں ہریانہ، مہاراشٹر، کرناٹک... ان سبھی جگہ ہم بی جے پی اور نریندر مودی کی ’ووٹ چوری‘ لوگوں کو دکھانے جا رہے ہیں۔‘‘
Published: undefined
اس سے قبل آج صبح ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ میں کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارمیا کی بھی شرکت ہوئی۔ وہ گاڑی پر راہل گاندھی کے ساتھ عوام کے درمیان گزرتے ہوئے اور ان کے استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے دکھائی دیے۔ کچھ تصویریں کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر بھی کی ہیں اور ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’ووٹر ادھیکار یاترا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی و مہاگٹھ بندھن کے لیڈران کے ساتھ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارمیا نے ’ووٹ چوری‘ کے خلاف آواز بلند کی۔‘‘ ساتھ ہی یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ’’ووٹ چوری سے دلتوں، پسماندوں، اقلیتوں اور غریبوں کے حقوق چھینے جا رہے ہیں۔ ہمیں متحد ہو کر اسے روکنا ہوگا۔‘‘
Published: undefined
کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل سے ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کی کئی تصویریں شیئر کی ہیں اور اس پر لگائے گئے کیپشن سے ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ بہار کے عوام کسی بھی حال میں ’ووٹ چوری‘ کو برداشت کرنے والے نہیں ہیں، عوام کی حمایت مکمل طور پر راہل گاندھی اور کانگریس کے ساتھ ہے۔ ایک پوسٹ میں لکھا گیا ہے ’’چاہے کوئی کتنا بھی زور لگا لے، ہمیں ڈرا نہیں سکتا، جھکا نہیں سکتا۔ پورا بہار ہمارے ساتھ ہے اور متحد ہو کر کہہ رہا ہے– ووٹ چور، گدی چھوڑ۔‘‘ ایک دیگر پوسٹ میں عزم ظاہر کیا گیا ہے کہ ’’کوئی طاقت ہمارے حوصلے کو نہیں توڑ سکتی۔ عوام کی محبت اور اعتماد ہمارے ساتھ ہے، ہم ’ووٹ چوری‘ کے خلاف لڑتے رہیں گے۔‘‘
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined