قومی خبریں

’ایس پی-بی ایس پی اتحاد سے گھبرا کر بی جے پی نے سی بی آئی سے کر لیا گٹھ بندھن‘

سماجوادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی کی جانب سے مشترکہ پریس کانفرنس کا انعقاد کر بی جے پی اور پی ایم مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ بی ایس پی نے مودی حکومت پر سی بی آئی کےغلط استعمال کا الزام عائد کیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

بی ایس پی سربراہ مایاوتی غیر قانونی کانکنی معاملہ میں سابق وزیر اعلیٰ اور سماجوادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو کی دفاع کے لیے کھل کر سامنے آ گئی ہیں۔ انھوں نے اکھلیش یادو کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف سیاسی رنجش کی وجہ سے سی بی آئی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ بی جے پی سیاسی فائدے کے لیے سی بی آئی کا غلط استعمال کر رہی ہے۔ انھوں نے آگے کہا کہ اس طرح کی گھناؤنی سیاست اور بی جے پی کی انتخابی سازش کوئی نئی بات نہیں ہے بلکہ یہ ان کا پرانا ہتھکنڈا ہے۔ اسے ملک کے عوام اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ انھوں نے آگے کہا کہ ’’اس سے گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔‘‘

Published: undefined

اس سے قبل سماجوادی پارٹی اور بی ایس پی نے ایک اسٹیج سے بی جے پی اور مودی حکومت پر حملہ کیا۔ مشترکہ پریس کانفرنس میں سماجوادی پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری رام گوپال یادو اور بی ایس پی کے سینئر لیڈر ستیش چندر نے کہا کہ مودی حکومت سی بی آئی کا غلط استعمال کر اپوزیشن کو خوفزدہ کر رہی ہے۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’سماجوادی پارٹی اور بی ایس پی کے اتحاد کی خبر سے بی جے پی خوف میں ہے۔ اس اتحاد کے بعد مودی حکومت نے طوطے یعنی (سی بی آئی) سے اتحاد کر لیا ہے۔‘‘

Published: undefined

رام گوپال یادو نے میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’ابھی تو ایس پی-بی ایس پی اتحاد ہوا بھی نہیں ہے اور بی جے پی مایوس ہو گئی ہے۔ بڑے ایشوز سے دھیان بھٹکانے کے لیے سی بی آئی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔‘‘ انھوں نے آگے کہا کہ اگر بی جے پی اور سی بی آئی کے درمیان کسی بھی طرح کی ’دوستی‘ ہے تو بی جے پی کو پورے اترپردیش میں کہیں پیر رکھنے کی بھی جگہ نہیں ملے گی۔ پی ایم مودی کو بھی بنارس چھوڑ کر ملک کی کسی دوسری لوک سبھا سیٹ سے انتخاب لڑنا پڑے گا۔

ستیش چندر مشرا نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ’’حال ہی میں تین ریاستوں میں ملی شکست کے بعد بی جے پی کو پورا ملک مسترد کرنے جا رہا ہے۔ اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ بی جے پی سی بی آئی سے اتحاد کر لے۔‘‘ دوسری طرف لوک سبھا میں سی بی آئی کا ایشو اٹھاتے ہوئے سماجوادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ دھرمیندر یادو نے کہا کہ سی بی آئی جیسے ادارہ کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’بی ایس پی سربراہ اور سماجوادی پارٹی سربراہ کے درمیان ملاقات کے بعد اکھلیش یادو پر ایف آئی آر کی گئی ہے۔ سی بی آئی طوطا بن گئی ہے اور بی جے پی نے اس کے ساتھ ’گٹھ بندھن‘ کر لیا ہے۔‘‘

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined