قومی خبریں

ممبئی 26/11 حملے کے ملزم تہوّر رانا کی حوالگی کی منظوری، صدر ٹرمپ نے کیا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ ممبئی کے 26/11 حملوں کے ملزم تہوّر رانا کی ہندوستان حوالگی کی منظوری دے دی گئی ہے۔ رانا اس وقت امریکہ میں زیر حراست ہے اور اس کی حوالگی کی کارروائی جاری ہے

ممبئی حملے کی فائل تصویر/ اے آئی این ایس
ممبئی حملے کی فائل تصویر/ اے آئی این ایس 

واشنگٹن: امریکہ نے 26/11 ممبئی دہشت گردانہ حملوں کے ملزم تہوّر حسین رانا کی ہندوستان حوالگی کی منظوری دے دی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ رانا کو ہندوستان میں انصاف کا سامنا کرنا ہوگا۔

Published: undefined

پاکستانی نژاد کینیڈین شہری تہوّر رانا اس وقت لاس اینجلس کے میٹروپولیٹن ڈٹینشن سینٹر میں قید ہے۔ وہ ممبئی حملوں کے اہم سازشیوں میں سے ایک، پاکستانی نژاد امریکی دہشت گرد ڈیوڈ کولمین ہیڈلی کا قریبی ساتھی سمجھا جاتا ہے۔ امریکہ کی اعلیٰ ترین عدالت نے جنوری میں اس کی نظرثانی درخواست مسترد کر دی تھی، جس کے بعد اس کے ہندوستان حوالگی کی راہ ہموار ہو گئی تھی۔

Published: undefined

ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے بتایا کہ حکومت، رانا کو جلد از جلد ہندوستان منتقل کرنے کے لیے امریکی حکام کے ساتھ مل کر قانونی کارروائیوں کو مکمل کر رہی ہے۔

یاد رہے کہ 26 نومبر 2008 کو پاکستان سے تعلق رکھنے والے 10 دہشت گردوں نے سمندری راستے سے ممبئی پہنچ کر شہر کے مختلف مقامات پر ہولناک حملے کیے تھے۔ چھترپتی شیواجی ریلوے اسٹیشن، تاج ہوٹل، اوبرائے ہوٹل اور نریمن ہاؤس ان حملوں کا نشانہ بنے تھے۔

Published: undefined

تقریباً 60 گھنٹے جاری رہنے والی اس دہشت گردی میں 166 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔ اس حملے نے نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا تھا اور ہندوستان و پاکستان کے تعلقات میں شدید کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔

نومبر 2012 میں ممبئی حملے کے واحد زندہ گرفتار دہشت گرد اجمل عامر قصاب کو ہندوستان میں سزائے موت دے دی گئی تھی۔ تاہم، ہندوستان مسلسل پاکستان پر دباؤ بنا رہا ہے کہ اس حملے میں ملوث دیگر مجرموں کو بھی کیفر کردار تک پہنچایا جائے، مگر اب تک وہاں کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہو سکی ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined