قومی خبریں

یوپی انتخاب: ای وی ایم میں دھاندلی کے اندیشہ نے اڑائی لیڈروں کی نیند، کہیں بھجن تو کہیں ہنگامے کے درمیان کٹی رات

اکھلیش یادو کی اپیل کے بعد سماجوادی پارٹی کارکنان نے منگل کی نصف شب کو ریاست بھر کے اسٹرانگ روم کی گھیرابندی شروع کر دی۔

تصویر راجکمار اپادھیائے
تصویر راجکمار اپادھیائے 

اتر پردیش انتخاب کے بعد ووٹ شماری سے ٹھیک پہلے وارانسی میں ای وی ایم لے جاتی گاڑی پکڑے جانے کے بعد ریاست کا سیاسی ماحول گرم ہو گیا ہے۔ ای وی ایم مشینوں میں گڑبڑی کے اندیشہ نے سماجوادی پارٹی کے قدآور لیڈروں کی نیند اڑا دی ہے۔ پارٹی سپریمو اکھلیش یادو کی اپیل کے بعد کارکنان نے نصف شب کو ریاست بھر کے اسٹرانگ روم کی گھیرابندی شروع کر دی۔ اچانک ڈے-نائٹ شفٹ میں ای وی ایم کی نگرانی کرنے والے کارکنان کی تعداد بڑھ گئی۔ کہیں بھجن کیرتن شروع ہو گئے، تو کہیں افسران کا گھیراؤ کیا گیا۔ اسٹرانگ روم کے آس پاس کسی بھی ہلچل کو شبہات کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔

Published: undefined

آگرہ، کانپور، قنوج، مراد آباد، لکھیم پور، رائے بریلی، سنبھل، علی گڑھ، کاسگنج، باندہ، بریلی، گونڈا میں بڑی تعداد میں سماجوادی پارٹی کارکنان اسٹرانگ روم کے باہر پہنچے۔ ’جب لے ووٹ گنائی نا، تب لے کوئی ڈھلائی نا، یوپی میں ای با...‘۔ کارکنان کے موبائل پر یہ نغمہ اور بھجن چلتا رہا۔ امبیڈکر نگر کے ٹانڈا اسمبلی میں نصف شب کو اسٹرانگ روم کے چاروں طرف لگے ٹینٹ میں کارکنان کی بھیڑ لگاتار بڑھتی دیکھی گئی۔

Published: undefined

تصویر راجکمار اپادھیائے

سماجوادی پارٹی کارکن ملائم یادو دھاندلی کا اندیشہ ظاہر کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ یہاں ای وی ایم مشینیں ایکلویہ اسٹیڈیم اور گورنمنٹ انجینئرنگ کالج دو جگہ رکھی گئی ہیں۔ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ ای وی ایم مشینیں دو الگ الگ مقامات پر رکھی گئی ہوں۔ مشینوں کی نگرانی کے لیے 50-50 لوگوں کی دو ٹیم ڈے-نائٹ شفٹ میں مستعدی سے لگی ہوئی ہیں۔ کھانے کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ لوگ پوری طرح مستعد ہیں۔ سیکورٹی سے متعلق سرکاری انتظامات پر مایوسی ظاہر کرتے ہوئے وہ کہتے ہیں کہ پولیس انتظامیہ کے دو سے چار جوان لگے ہوئے ہیں۔ لیکن یہ صرف خانہ پری ہے۔

Published: undefined

سماجوادی پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری پروفیسر رام گوپال یادو کا بیلٹ پیپر کی گنتی کو لے کر لکھا گیا خط بھی وائرل ہو رہا ہے۔ منگل کو اس کا بھی اثر دکھائی دیا۔ پارٹی کے ریاستی صدر نریش اتم پٹیل نے باقاعدہ خط لکھ کر سبھی عہدیداران کو اس سلسلے میں ہدایت دی۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ووٹ شماری کے وقت بیلٹ پیپر کی پہلے گنتی کرانے کے لیے انتظامیہ پر دباؤ بنایا جائے۔ ضلعوں میں اس کی بھی تیاری شروع ہو گئی ہے۔اِدھر کانپور گلہ منڈی واقع ووٹ شماری مرکز پر منگل کی شام کے وقت سماجوادی پارٹی امیدواروں نے ہنگامہ کیا۔ کارکنان نے ایک شخص کو لیپ ٹاپ کے ساتھ پکڑا۔ پولیس افسران کے سمجھانے کے باوجود سماجوادی پارٹی کارکنان نہیں مانے اور دیر رات تک اپنی ضد پر اڑے رہے۔ ایک وکیل کے بیرکیڈنگ کے اندر پائے جانے پر بھی ہنگامہ ہوا۔ حالانکہ پولیس افسران کی جانچ میں شکایتیں درست نہیں ملیں۔

Published: undefined

یہاں پوری رات الگ ہی نظارہ دیکھا گیا۔ سماجوادی پارٹی کارکنان ڈھولک اور منجیروں کے ساتھ گیت گاتے نظر آئے۔ رات بھر بھجن-کیرتن بھی چلتا رہا۔ آج کی رات بھاری ہے... کی دھُن پر کارکنان تھرکتے رہے۔ کارکنان نے پولیس اور مجسٹریٹ کی گاڑیوں کو بھی چیک کیا۔ انتخابی ملازمین کو منڈی گیٹ سے جانے کی اجازت نہیں دی۔ جن کے پاس ’گیٹ پاس‘ تھے، انہی ملازمین کو آگے جانے دیا گیا۔ بریلی میں بھی ڈھول منجیرے کے ساتھ رات بھر جاگ کر سماجوادی پارٹی کارکنان نے ای وی ایم مشینوں کی نگرانی کی۔

Published: undefined

تصویر راجکمار اپادھیائے

کہا جاتا ہے کہ میرٹھ کی ہستناپور اسمبلی سیٹ سے جس پارٹی کا امیدوار جیتتا ہے، حکومت اسی پارٹی کی رہتی ہے۔ سماجوادی پارٹی امیدوار اور سابق رکن اسمبلی یوگیش ورما دوربین سے ای وی ایم مشینوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ان کی وائرل ویڈیوز بھی خوب موضوعِ بحث بنیں۔ مقامی کارکن اکھلیش کہتے ہیں کہ مشینوں کی نگرانی کے لیے بڑی تعداد میں کارکنان جمع ہو رہے ہیں۔ ان کی شفٹ بنائی گئی ہے۔

Published: undefined

علی گڑھ میں بھی دیر رات تب ہنگامہ ہوا جب بی جے پی لیڈروں نے اسٹرانگ روم کا جائزہ لیا۔ لیکن سماجوادی پارٹی امیدوار کو اندر نہیں جانے دیا گیا۔ مشتعل سماجوادی پارٹی کارکنان نے ضلع مجسٹریٹ کا گھیراؤ کیا۔ ووٹ شماری مرکز دھنی پور منڈی پر لیڈروں نے پوری رات ڈیرا ڈالے رکھا۔ سماجوادی پارٹی ضلع صدر گریش یادو کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے ای وی ایم مشینوں کی سختی سے نگرانی کی جا رہی ہے۔

Published: undefined

امیٹھی میں کانگریس، بی جے پی، سماجوادی پارٹی اور آزاد امیدوار بھی ای وی ایم کی نگرانی میں لگے ہیں۔ رات کے وقت گاڑیوں میں سونے کا انتظام کیا گیا ہے۔ اُدھر اناؤ میں بدھ کو ای وی ایم کی نگرانی کر رہے سماجوادی پارٹی کارکنان نے ایک اکاؤنٹینٹ کو ای وی ایم باکس سیل کرنے والی ٹیگ پرچی کے ساتھ پکڑا۔ اس پر ہنگامہ ہوا۔ چندولی میں وی وی پیٹ پرچی ملنے سے شور مچا ہوا ہے۔ سید راجہ علاقے کے پاس یہ پرچیاں پائی گئی ہیں۔ بلیا اور سلطان پور میں سماجوادی پارٹی کارکنان ووٹ شماری مرکز تک گاڑیاں نہیں جانے دے رہے۔

Published: undefined

سماجوادی پارٹی کے ریاستی سکریٹری شری شنکر شرما کہتے ہیں کہ وارانسی اور دیگر مقامات پر جس طرح سے ای وی ایم مشینوں اور بیلٹ پیپر کو غیر قانونی طریقے سے لے جایا جا رہا ہے، وہ غلط ہے۔ آئین کی حفاظت کے لیے کارکن تیار ہیں۔ قنوج سمیت تمام ہائی پروفائل سیٹوں پر گڑبڑی کے اندیشہ کے سبب کارکن سرگرم ہیں۔ شفٹ میں نگرانی کرائی جا رہی ہے۔ پوسٹل بیلٹ ایجنٹ کے سامنے سیل کرایا جائے اور دوبارہ انہی کے سامنے ان کی ووٹ شماری کرائی جائے۔ کمیشن نے پوسٹل بیلٹ کی گنتی کو لے کر جو ضابطے بنائے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر اس پر نوٹس لیں۔

(نوجیون ہندی کے لئے راجکمار اپادھیائے کی رپورٹ کا ترجمہ)

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined