قومی خبریں

اناؤ عصمت دری: متاثرہ کی چچی کی آخری رسومات ادا، سی بی آئی نے 30 لوگوں پر درج کیا کیس

اناؤ عصمت دری میں متاثر ہونے والی لڑکی کی چچی کی بالآخر آج آخری رسوم ادا کر دی گئیں۔ اس میں شامل ہونے کے لیے جیل میں بند متاثرہ کے چچا بھی پہنچے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

اناؤ عصمت دری واقعہ کی شکار لڑکی کی چچی کا سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان آخری رسوم ادا کر دی گئیں۔ گنگا گھاٹ کوتوالی علاقہ واقع بالو گھاٹ میں انھیں سپردِ آتش کیا گیا۔ انھیں آخری وداعی دینے کے لیے جیل میں بند متاثرہ لڑکی کے چچا بھی پہنچے۔ آخری رسوم ادا کرنے کے لیے متاثرہ کے چچا رائے بریلی جیل سے سیدھے گنگا گھاٹ پہنچے جہاں انھوں نے اپنی بیوی کی چیتا کو آگ دی۔ واضح رہے کہ الٰہ آباد ہائی کورٹ نے اناؤ عصمت دری متاثرہ کی چچی کی لاش کی آخری رسوم ادا کرنے کے لیے اس کے چچا کو بدھ کے روز 12 گھنٹے کی پیرول دی ہے۔ اس دوران حفاظت کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ خبروں کے مطابق گھاٹ سے لے کر گاؤں تک پولس فورس اب بھی تعینات ہے۔

Published: undefined

اس سے قبل ضلع مجسٹریٹ دیویندر کمار پانڈے نے بتایا کہ ’’عصمت دری متاثرہ کے چچا کو ہائی کورٹ سے ایک دن کے پیرول کی منظوری ملی ہے۔ وہ بدھ کی صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک پیرول پر رہیں گے۔‘‘ ضلع انتظامیہ نے متاثرہ کے گھر کی سیکورٹی بڑھا دی ہے۔ پیر کو ہی تین تھانوں کی پولس کے ساتھ پی اے سی کو تعینات کیا گیا تھا، لیکن منگل کو صفی پور، آسیون، فتح پور چوراسی، بانگرمئو، اجگین اور اچل گنج وغیرہ تھانوں کی پولس ماکھی پہنچ چکی تھی۔ متاثرہ کے گھر کے باہر پولس تعینات کرنے کے ساتھ گاؤں بھر میں پولس گشت بھی کر رہی ہے۔

Published: undefined

غور طلب ہے کہ متاثرہ کے چچا کو پیرول نہ ملنے سے اس کی چچی کی لاش کی آخری رسوم منگل کو ادا نہیں ہو پائی تھی۔ متاثرہ کی چچی اور موسی کی اتوار کو رائے بریلی ضلع میں سڑک حادثے میں موت ہو گئی تھی۔ پولس نے جدوجہد کے بعد دونوں لاشوں کا لکھنؤ میں پوسٹ مارٹم تو کرا دیا لیکن آخری رسوم ادا کرنے کے لیے گھر میں کسی مرد کے نہ ہونے سے رئے بریلی جیل میں بند متاثرہ کی چچی کے شوہر نے ضلع مجسٹریٹ سے پیرول مانگی تھی۔

Published: undefined

دوسری طرف متاثرہ کے ساتھ ہوئے حادثہ سے متعلق سی بی آئی نے معاملہ درج کر لیا ہے اور جانچ شروع کر دی ہے۔ سی بی آئی نے بی جے پی رکن اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر سمیت 10 دیگر لوگوں کے خلاف کیس درج کر لیا ہے۔ اس کے علاوہ سی بی آئی نے 20 نامعلوم اشخاص کے خلاف مجرمانہ سازش، قتل، قتل کی کوشش اور مجرمانہ دھمکی کے تحت معاملہ درج کیا ہے۔ بتا دیں کہ سی بی آئی کی ایک ٹیم رائے بریلی پہنچ چکی ہے اور جانچ بھی کر رہی ہے۔

Published: undefined

واضح رہے کہ اناؤ کے بانگرمئو سے رکن اسمبلی کلدیپ سینگر پر عصمت دری کا الزام لگانے والی متاثرہ اپنے گھر والوں سمیت اتوار کو رائے بریلی میں حادثہ کا شکار ہو گئی تھی۔ کار اور ٹرک کی ٹکر میں متاثرہ کی چچی اور موسی کی موت ہو گئی جب کہ حادثے میں عصمت دری کی شکار لڑکی اور وکیل مہندر سنگھ چوہان سنگین طور پر زخمی ہو گئے تھے۔ متاثرہ کا علاج کے جی ایم یو میں چل رہا ہے جہاں اس کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔ وہیں وکیل مہندر سنگھ کی حالت پہلے سے کچھ بہتر بتائی جا رہی ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined