
آئی اے این ایس
بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شراف سے جڑے فائرنگ معاملے میں پولیس نے 11ویں گرفتاری کر لی ہے۔ ممبئی کرائم برانچ نے ہریانہ کے سونی پت ضلع کے ہرسانہ گاؤں کے رہنے والے پرانجل کو اندور سے گرفتار کیا ہے۔ پولیس کے مطابق شوٹروں تک ہتھیار اور زندہ کارتوس پہنچانے میں اس کا اہم کردار تھا۔ ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق ملزم کی نشاندہی پر گجرات کے سورت سے 3 غیر قانونی ہتھیار اور 10 کارتوس برآمد کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ ٹائیگر شراف فائرنگ معاملے میں اب تک گرفتار کیے گئے 11 ملزمین میں سے 8 سونی پت ضلع کے رہنے والے ہیں۔ پرانجل انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کر رہا تھا۔ اس کی گرفتاری کے بعد اہل خانہ نے پولیس کی کارروائی پر سوال اٹھائے ہیں۔ اہل خانہ کا دعویٰ ہے کہ ان کا بیٹا بے قصور ہے اور اسے غلط طریقے سے حراست میں لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پرانجل کا ٹائیگر شراف فائرنگ معاملے سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
اہل خانہ کے مطابق پرانجل اندور میں اپنے بھائی کے پاس تھا، جو وہاں کے ایک اسپتال میں داخل ہے اور اس کا علاج جاری ہے۔ خاندان کا کہنا ہے کہ پرانجل اپنے بھائی کی دیکھ بھال کے لیے وہاں موجود تھا۔ اسی دوران ممبئی کرائم برانچ نے اسے گرفتار کر لیا۔ اہل خانہ اپنے بیٹے کو بے قصور قرار دے رہے ہیں اور ان کا دعویٰ ہے کہ اس کا فائرنگ کے واقعے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
تحقیقات کے دوران پرانجل کا تعلق پہلے گرفتار کیے جا چکے ملزم کنال کے ساتھ بھی سامنے آیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق پانی پت میں ہوئی فائرنگ کے واقعے میں کنال کے ساتھ پرانجل کا نام بھی سامنے آیا تھا۔ دونوں کے درمیان بات چیت ہوتی تھی۔ پولیس کی تحقیقات میں یہ کڑی بھی سامنے آئی ہے، جس کی بنیاد پر پرانجل کے کردار کی جانچ کی جا رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ٹائیگر شراف فائرنگ معاملے میں یہ 11ویں گرفتاری ہے۔ پولیس کے مطابق پرانجل سے متعلق سراغوں کی بنیاد پر سورت سے 3 غیر قانونی ہتھیار اور 10 زندہ کارتوس برآمد کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب اہل خانہ مسلسل اس کی بے گناہی کا دعویٰ کر رہے ہیں۔ اب تحقیقات میں یہ واضح ہونا باقی ہے کہ فائرنگ کی سازش اور ہتھیاروں کی فراہمی میں پرانجل کا اصل کردار کیا تھا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔