ٹائیگر شراف پر حملہ سے بالی ووڈ میں خوف کا ماحول، اے آئی سی ڈبلیو اے نے وزیر داخلہ امت شاہ کو لکھا خط

ٹائیگر شراف پر فائرنگ کے معاملے میں اب تک کئی لوگوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق مدھیہ پردیش کے اندور سے ایک 22 سالہ انجینئر کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>
i

’آل انڈین سِنے ورکرز ایسوسی ایشن‘ (اے آئی سی ڈبلیو اے) نے اداکار ٹائیگر شراف پر فائرنگ کے واقعہ سے متعلق مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو ایک خط لکھا ہے۔ اس خط میں بالی ووڈ اور فلم انڈسٹری سے وابستہ لوگوں کی سلامتی پر تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ خط میں ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ بالی ووڈ ملک کی معیشت اور بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کی شبیہ کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ فلم انڈسٹری لاکھوں لوگوں کی روزی روٹی کا ذریعہ بھی ہے اور شوٹنگ میں رکاوٹ اور خوف کا ماحول فلم کے سیٹ، اسٹوڈیو، شوٹنگ کے شیڈول اور سرمایہ کاری کو متاثر کرتا ہے۔ اس کا سب سے زیادہ نقصان ان لوگوں کو اٹھانا پڑتا ہے جو روزانہ کام کر کے اپنی روزی روٹی کماتے ہیں۔

اے آئی سی ڈبلیو اے نے خط میں اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر بالی ووڈ کے فنکاروں پر اس طرح کے حملے جاری رہے اور انڈر ورلڈ کا خوف برقرار رہا تو فلم انڈسٹری کے بڑے فنکار اور معروف شخصیات خوف کے باعث ممبئی چھوڑ کر دوسری جگہ منتقل ہونے پر مجبور ہو سکتی ہیں۔ اس سے فلم انڈسٹری، ہزاروں خاندانوں کی روزی روٹی، ممبئی کی شناخت اور ملک کو بڑا نقصان ہوگا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ اگر ممبئی جیسے شہر کے وسط میں ٹائیگر شراف جیسی مشہور شخصیت محفوظ نہیں ہے تو ایک عام شہری بھی خود کو محفوظ محسوس نہیں کر سکتا۔


قابل ذکر ہے کہ ٹائیگر شراف پر فائرنگ کے معاملے میں اب تک کئی لوگوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق مدھیہ پردیش کے اندور سے ایک 22 سالہ انجینئر کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ حراست میں لیے گئے نوجوان کی شناخت پرانجل کے طور پر ہوئی ہے، جو ہریانہ کے سونی پت کا رہنے والا بتایا جا رہا ہے۔ ممبئی کرائم برانچ نے اندور کرائم برانچ کے تعاون سے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اسے پردیسی پورہ تھانہ علاقے سے حراست میں لیا۔ اس کارروائی کے بعد معاملے میں اسلحے کی سپلائی اور سازش سے جڑے پہلوؤں کی جانچ تیز ہو گئی ہے۔

سامنے آئی معلومات کے مطابق پرانجل تقریباً 5 دن قبل ہی اپنے بھائی سے ملنے اندور آیا تھا۔ اس کا بھائی اندور میں رہ کر علاج کروا رہا ہے۔ اسی دوران ممبئی کرائم برانچ کو فائرنگ کے معاملے کی تحقیقات کے سلسلے میں پرانجل کے اندور میں ہونے کی اطلاع ملی۔ اس کے بعد ممبئی کرائم برانچ کی ٹیم نے اندور کرائم برانچ کے ساتھ مل کر کارروائی کی اور اسے حراست میں لے لیا۔ تفتیشی ایجنسیاں اب یہ معلوم کرنے میں مصروف ہیں کہ ممبئی میں فائرنگ کے واقعے میں پرانجل کا کیا کردار رہا ہے۔ اس سے اسلحے کی سپلائی، ملزمین سے رابطوں اور مبینہ سازش سے متعلق پہلوؤں پر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔