قومی خبریں

اغوا بچوں کو واپس پہنچانے جارہے ملزمین کی گاڑی حادثے کا شکار، اغوا کار سمیت 5 لوگوں کی موت، 5 دیگر زخمی

حادثے میں سکندر کمار، منموہن اور ایک نامعلوم شخص سمیت موٹر سائیکل سوار شمشاد اور ممتاز کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ بولیرو میں سوار 5 دیگر افراد زخمی ہو گئے جن میں ڈرائیور پرنس اور دو مغوی بچے شامل ہیں۔

سڑک حادثہ، تصویر یو این آئی
سڑک حادثہ، تصویر یو این آئی 

 قومی راجدھانی سے ملحق ہریانہ کے گروگرام سے اغوا کیے گئے دو بچوں کو واپس لے جاتے وقت ملزمین کی بولیرو کار اتر پردیش کے بریلی میں حادثے کا شکار ہوگئی جس میں 5 افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ 5 دیگر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ (سٹی) مانوش پاریکھ نے بتایا کہ اتوار کی دوپہر سی بی گنج تھانہ علاقے کے پردھولی گاؤں کے قریب دہلی- لکھنؤ قومی شاہراہ پر ایک تیز رفتار بولیرو کار نے پہلے ایک موٹر سائیکل کو ٹکر ماری، پھر بے قابو ہوکر سڑک کے کنارے کھڑے ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ بولیرو اور موٹر سائیکل پوری طرح تباہ ہو گئے۔

Published: undefined

اس حادثے میں سکندر کمار (28)، منموہن (42) اور ایک نامعلوم شخص سمیت موٹر سائیکل سوار شمشاد (45) اور ممتاز (65) کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ بولیرو میں سوار 5 دیگر افراد شدید طور سے زخمی ہو گئے جن میں ڈرائیور پرنس اور دو مغوی بچے شامل ہیں۔’اے بی پی نیوز‘ کے مطابق تفتیش کے دوران زخمی ڈرائیور پرنس سے پوچھ گچھ میں شک ہونے پر پولیس نے سختی دکھائی تو اس نے انکشاف کیا کہ مرنے والے تینوں اس کے ساتھی تھے اور انہوں نے گروگرام سے ایک آٹو ڈرائیور منوج اور اس کے دو بچوں کو اغوا کیا تھا۔

Published: undefined

پولیس کے مطابق مستقل طور سے فرید پور کا رہنے والا منوج گروگرام میں آٹو چلاتا ہے۔ ملزم منموہن اس کی نابالغ گود لی ہوئی بیٹی سے شادی کرنا چاہتا تھا، جس کی منوج مخالفت کررہا تھا۔ اسی وجہ سے ملزمین نے منوج اور اس کے دونوں بچوں کو اغوا کرلیا تھا۔ اس سلسلے میں منوج کی بیوی پوجا نے گروگرام کے ڈی ایل ایف (فرسٹ) پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرائی تھی۔ پرنس کی اطلاع کے بعد پولیس نے منوج کو بریلی کے ایک گھر سے برآمد کرلیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ ملزم بچوں کو واپس چھوڑنے جارہے تھے تبھی راستے میں یہ حادثہ پیش آیا۔ ہریانہ پولیس معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined