حوثیوں نے سعودی عرب کی ربیغ آئل ریفائنری پر کیا حملہ، خطے میں افرا تفری کا ماحول

حوثیوں نے سعودی عرب کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملے کا دعویٰ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نشانہ درست لگا، لیکن حملے سے کتنا نقصان ہوا ہے اس کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>حوثی باغی (فائل)، تصویر ’انسٹاگرام‘</p></div>
i

ایران کے حمایت یافتہ یمنی حوثیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے سعودی عرب کے مغربی ساحل پر بحیرۂ احمر کے کنارے واقع ربیغ آئل ریفائنری کو نشانہ بنایا ہے۔ حوثیوں نے سعودی عرب کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملے کا دعویٰ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نشانہ درست لگا، لیکن حملے سے کتنا نقصان ہوا ہے اس کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ اس حملے پر سعودی حکام کی جانب سے فی الحال کوئی بیان نہیں آیا ہے۔ ربیغ میں پیٹرو ربیغ نام کا تیل صاف کرنے کا ایک بڑا کارخانہ اور پیٹرو کیمیکل کمپلیکس واقع ہے۔ اسے سعودی آرامکو اور جاپان کی سومیٹومو کیمیکل کمپنی نے مشترکہ طور پر تعمیر کیا ہے۔ یہ بحیرۂ احمر کے کنارے جدہ سے تقریباً 165 کلومیٹر شمال میں واقع ہے۔ یہاں گہرے سمندر میں تیل برآمد کرنے کی سہولیات بھی موجود ہیں۔

جولائی میں شروع ہونے والی نئی لڑائی کے دوران حوثیوں نے یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کے زیر انتظام بعض علاقوں پر قبضہ کر لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے سعودی عرب کے ہوائی اڈوں اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر میزائل اور ڈرون حملے بھی تیز کر دیے ہیں۔ اس کے جواب میں سعودی عرب نے بھی اپنے یمنی اتحادیوں کی حمایت کرتے ہوئے حوثیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ 14 اکتوبر کو حوثیوں نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے سعودی عرب کے مشرقی حصے کے اہم تیل شہر ظہران میں آرامکو کے ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا ہے۔ اس معاملے سے واقف 3 افراد نے بتایا کہ اس حملے میں کافی نقصان ہوا ہے۔


8 نومبر کو حوثیوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ریاض کے مالیاتی ضلع میں آرامکو کی عمارت کو نشانہ بنایا ہے۔ اس حملے میں ٹاور کی کئی منزلوں کو واضح طور پر نقصان پہنچا ہے۔ سعودی حکام نے بتایا کہ یہ نقصان اس وقت ہوا، جب انہوں نے ایک میزائل کو راستے میں ہی روک دیا۔ 19 نومبر کو ہونے والے ایک حملے میں سعودی عرب کے سوورین ویلتھ فنڈ، پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی ایک عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔ حوثیوں نے فوری طور پر اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔