قومی خبریں

تعدد ازدواج اور 'نکاح حلالہ' کے خلاف عرضیوں کی سماعت کے لئے آئینی بنچ کی تشکیل نو کرے گا سپریم کورٹ

سپریم کورٹ نے جمعرات کو مسلمانوں میں تعدد ازدواج اور 'نکاح حلالہ' کے دستوری جواز کو چیلنج کرنے والی عرضیوں کی سماعت کے لئے ایک آئینی بنچ کی تشکیل نو پر رضامندی ظاہر کر دی ہے

سپریم کورٹ، تصویر آئی اے این ایس
سپریم کورٹ، تصویر آئی اے این ایس  

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعرات کو مسلمانوں میں تعدد ازدواج اور 'نکاح حلالہ' کے دستوری جواز کو چیلنج کرنے والی عرضیوں کی سماعت کے لئے ایک آئینی بنچ کی تشکیل نو پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ جسٹس اندرا بنرجی، ہیمنت گپتا، سوریہ کانت، ایم سندریش اور سدھانشو دھولیا کی پانچ ججوں کی آئینی بنچ نے 30 اگست کو عرضیوں کے سلسلہ میں نوٹس جاری کیا تھا۔ تاہم دو جج جسٹس بنرجی اور جسٹس گپتا اب ریٹائر ہو چکے ہیں۔

Published: undefined

عرضی گزاروں میں سے ایک ایڈوکیٹ اشونی اپادھیائے نے جمعرات کو چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی اور جسٹس ہیما کوہلی اور جے بی پاردی والا پر مشتمل بنچ کے سامنے اس معاملے کا ذکر کیا۔ جس پر بنچ نے کہا کہ اس معاملہ پر ایک نئی بنچ تشکیل دی جائے گی۔ خیال رہے کہ کثرت ازدواج اور 'نکاح حلالہ' کے دستوری جواز کو چیلنج کرنے والی کل 9 عرضیاں دائر کی گئی ہیں۔

Published: undefined

عدالت عظمیٰ نے اگست میں مرکز، قومی کمیشن برائے خواتین، قومی کمیشن برائے اقلیتی، کمیشن برائے قانون وغیرہ کو نوٹس جاری کیے تھے اور اسے دسہرہ کی تعطیلات کے بعد اس معاملے کی سماعت کے لیے فہرست بند کیا تھا۔ اپادھیائے کی عرضی میں کہا گیا ہے کہ تین طلاق (طلاق البدعت)، تعدد ازدواج اور نکاح حلالہ کا رواج آئین کے آرٹیکل 14، 15 اور 21 کی خلاف ورزی ہے۔

عرضی میں مسلم پرسنل لا (شریعت) ایپلیکیشن ایکٹ 1937 کے سیکشن 2 کو غیر آئینی اور آئین کے آرٹیکل 14، 15 اور 21 کی خلاف ورزی قرار دینے کی ہدایت کی درخواست کی گئی ہے، کیونکہ یہ تعدد ازدواج اور نکاح حلالہ کو تسلیم کرنے کی کوشش کرتی ہے۔

Published: undefined

عرضی میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ طے ہے کہ پرسنل لاء پر کامن لاء کی بالادستی ہے لہذا، یہ عدالت یہ اعلان کر سکتی ہے کہ دفعہ ’498 اے‘ آئی پی سی کے تحت طلاق البدعت ظلم ہے، نکاح حلالہ دفعہ 375 آئی پی سی کے تحت عصمت دری ہے اور تعدد ازدواج دفعہ 494 آئی پی سی کے تحت جرم ہے۔

عدالت عظمیٰ نے اگست 2017 میں تین طلاق کو غیر آئینی قرار دیا اور اسے 3:2 کی اکثریت سے کالعدم قرار کر دیا۔ عدالت عظمیٰ نے اپنے 2017 کے فیصلے میں طلاق البدعت کو ختم کرتے ہوئے تعدد ازدواج اور نکاح حلالہ کے معاملے پر کوئی فیصلہ نہیں سنایا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined