قومی خبریں

مسجد سنہری باغ پر انہدامی کارروائی کا اندیشہ فی الحال ختم، دہلی ہائی کورٹ نے موجودہ حالت برقرار رکھنے کا دیا حکم

دہلی وقف بورڈ نے عدالت میں عرضی داخل کر مطالبہ کیا تھا کہ مسجد کو کوئی نقصان پہنچانے سے این ڈی ایم سی کو روکا جائے، بورڈ نے کہا کہ اس معاملے کو دونوں فریقین کے ساتھ عملی طور پر نمٹایا جانا چاہیے۔

دہلی ہائی کورٹ، تصویر آئی اے این ایس
دہلی ہائی کورٹ، تصویر آئی اے این ایس 

دہلی ہائی کورٹ نے سنہری باغ روڈ چوراہے پر موجود قدیم مسجد سنہری باغ کے تعلق سے ایک اہم حکم صادر کیا ہے۔ دہلی وقف بورڈ کی ایک عرضی پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے این ڈی ایم سی اور پولیس سے ان کا رخ واضح کرنے کو کہا ہے اور ساتھ ہی سبھی فریقین سے 12 جولائی کو مسجد سنہری باغ کا جوائنٹ سروے کرنے کی ہدایت دی ہے۔

Published: undefined

جسٹس پرتیک جالان کی بنچ نے وقف بورڈ کی عرضی پر نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت 14 اگست تک کے لیے ملتوی کر دی اور کہا کہ تب تک مسجد کی موجودہ حالت کو برقرار رکھا جائے۔ یعنی اس میں کسی طرح کی توڑ پھوڑ یا دیگر کارروائی انتظامیہ کی جانب سے نہ کی جائے۔

Published: undefined

دراصل گزشتہ دنوں مسجد سنہری باغ کا ایک سروے این ڈی ایم سی اور کچھ دیگر اتھارٹی کے ذریعہ کرایا گیا تھا۔ اس کی خبر وقف بورڈ کو نہیں تھی، اور جب سروے کی خبر عام ہوئی تو مسجد پر انہدامی کارروائی کا اندیشہ ظاہر کیا جانے لگا۔ بعد ازاں وقف بورڈ نے عدالت میں عرضی داخل کر مطالبہ کیا کہ مسجد کو کوئی نقصان پہنچانے سے این ڈی ایم سی کو روکا جائے۔ بورڈ نے کہا کہ اس معاملے کو دونوں فریقین کے ساتھ عملی طور پر نمٹایا جانا چاہیے۔ جج نے اس عرضی پر سماعت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ضمیر کو اطمینان چاہیے کہ سبھی مذہبی ڈھانچوں کے ساتھ یکساں سلوک کیا جاتا ہے اور مذہبی ڈھانچوں پر پالیسی یکساں طور پر نافذ کی جاتی ہے۔

Published: undefined

دہلی وقف بورڈ کی طرف سے پیش وکیل وجیہہ شفیق نے کہا کہ افسران نے ٹریفک پولیس کے ایک خط کی بنیاد پر ان کی موجودگی کے بغیر ہی علاقہ کا سروے کیا گیا۔ اس میں این ڈی ایم سی کو انتہائی قدیم مسجد کی جگہ پر سنہری باغ چوراہے کو پھر سے ڈیزائن کرنے سے متعلق جانچ کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔ وکیل نے جج کے سامنے یہ بھی کہا کہ بدنیتی اور منمانے طریقے سے مسجد کو منہدم کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔

Published: undefined

جج پرتیک جالان نے اس عرضی پر سماعت کے بعد نوٹس جاری کیا اور کہا کہ مسجد کو آئندہ سماعت تک کوئی نقصان نہیں پہنچایا جانا چاہیے۔ عدالت نے نوٹس میں کہا کہ ’’سبھی فریقین کو 12 جولائی 2023 کو دوپہر 3 بجے ایک جوائنٹ سروے کرنے کی ہدایت دی جاتی ہے اور ضرورت کے مطابق آگے کا سروے طے کر سکتے ہیں۔ این ڈی ایم سی کسی دیگر اتھارٹی کو سروے کا نوٹس دینے کے لیے آزاد ہے۔‘‘ حکم میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’’مدعا علیہ دو ہفتہ میں عرضی پر جواب اور ضروری ریکارڈ داخل کریں گے۔ جوائنٹ سروے کی رپورٹ بھی پیش کی جائے۔‘‘

Published: undefined

جمعہ کے روز ہوئی اس سماعت میں این ڈی ایم سی کے وکیل نے کہا کہ مستقبل قریب میں مسجد کے انہدام سے متعلق جو اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے وہ غلط ہے۔ عدالت نے اس رخ کو ریکارڈ پر لیتے ہوئے این ڈی ایم سی سے کسی بھی کارروائی کی حالت میں رابطہ کرنے کو کہا۔ اس درمیان عرضی دہندہ کے وکیل وجیہہ شفیق نے یہ بھی واضح کیا کہ مسجد سنہری باغ کی وجہ سے علاقہ میں ٹریفک کا مسئلہ نہیں تھا، اور سروے کی جانکاری وقف بورڈ کو وقت پر حاصل نہیں ہوئی تھی۔ جب تک بورڈ کے افسران موقع پر پہنچے، مبینہ جوائنٹ سروے کا عمل ختم ہو چکا تھا۔ حالانکہ مسجد کے امام سے یہ پتہ چلا ہے کہ کچھ افسران نے مسجد کا جائزہ لیا اور کوئی مناسب طریقہ اختیار کرنے کی جگہ اسے منہدم کرنے جا رہے ہیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined