قومی خبریں

مہنگائی نے غریب و متوسط طبقہ کی کمر توڑ دی، حکومت پالیسیوں میں ناکام: تیجسوی یادو

تیجسوی یادو نے مہنگائی پر حکومت کو گھیرتے ہوئے کہا کہ اشیائے خورونوش، ایندھن، بجلی اور گیس کی بڑھتی قیمتوں نے غریب و متوسط طبقہ کی مشکلات بڑھا دی ہیں

<div class="paragraphs"><p>آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو</p></div>

آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو

 

نئی دہلی: راشٹریہ جنتا دل کے قومی کارگزار صدر اور بہار اسمبلی میں قائد حزب اختلاف تیجسوی یادو نے اتوار کو مہنگائی کے معاملے پر مرکزی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ’’ڈبل انجن‘‘ حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک میں مہنگائی ایک سنگین مسئلہ بن چکی ہے، جس کا سب سے زیادہ بوجھ غریب اور متوسط طبقہ کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔

تیجسوی یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ حکومت نے غذائی اشیا، پٹرول-ڈیزل، کھاد و بیج، بجلی اور گیس سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ کرکے کسانوں اور عام لوگوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے خلاف بڑے بڑے دعوے کرنے والے آج اسی مہنگائی کو قبول کرکے اقتدار سے چمٹے بیٹھے ہیں۔

آر جے ڈی رہنما نے کہا کہ حکومت کی مبینہ سرمایہ دار نواز پالیسیوں نے غریب اور متوسط طبقہ کی کمر توڑ دی ہے۔ ان کے مطابق پہلے ہی غذائی اشیا اور خوردنی تیل کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو رہی تھیں، اب کھانا خریدنے کے ساتھ اسے پکانا بھی مہنگا ہوتا جا رہا ہے۔

انہوں نے مرکزی حکومت کی اجولا اسکیم پر بھی سوال اٹھایا۔ تیجسوی یادو نے کہا کہ حکومت نے اجولا اسکیم کی بڑے پیمانے پر تشہیر اور تعریف کی، لیکن کیا آج حکومت میں اتنی ہمت ہے کہ وہ گاؤں گاؤں جاکر اس اسکیم کا جائزہ لے اور عوام کو اس کی اصل صورت حال بتائے؟ انہوں نے دعویٰ کیا کہ غریب خاندانوں کے گھروں میں خالی پڑے گیس سلنڈر اس اسکیم کی مبینہ حقیقت بیان کر رہے ہیں۔

تیجسوی یادو نے بی جے پی رہنماؤں کو بھی ان کے سابقہ بیانات کی یاد دلاتے ہوئے کہا کہ 2014 میں 384 روپے کے رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت کو لے کر احتجاج کرنے والے بی جے پی رہنما آج تقریباً 1100 روپے کے سلنڈر کی قیمت کے باوجود اقتدار میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے باعث عام آدمی کی جیب پر مسلسل بوجھ بڑھ رہا ہے۔ تیل، دال، چینی، آلو، پیاز، ٹماٹر اور رسوئی گیس کی بڑھتی قیمتوں نے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

آر جے ڈی رہنما نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت کی پالیسیوں کا فائدہ امیر طبقہ کو پہنچ رہا ہے، جبکہ غریب اور عام شہری کی زندگی مسلسل مشکل ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری، غربت اور بھوک کے خلاف راشٹریہ جنتا دل کی جدوجہد سڑک سے لے کر ایوان تک جاری رہے گی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔