
پٹنہ میں آر جے ڈی کے قومی عاملہ اجلاس کے دوران لالو پرساد یادو تیجسوی یادو کو کارگزار صدر کی تقرری کا خط پیش کرتے ہوئے، اس موقع پر رابڑی دیوی بھی موجود ہیں / آئی اے این ایس
پٹنہ میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کی قومی عاملہ کی اہم میٹنگ میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے متفقہ طور پر تیجسوی یادو کو کارگزار صدر منتخب کر لیا۔ اس فیصلے کو پارٹی کے مستقبل کی حکمتِ عملی اور تنظیمی استحکام کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں آر جے ڈی کے جنرل سیکریٹری بھولا یادو نے تیجسوی یادو کو کارگزار صدر بنانے کی تجویز پیش کی، جس کی قومی عاملہ کے تمام اراکین نے تائید کی۔
Published: undefined
اس میٹنگ کی صدارت پارٹی سپریمو لالو پرساد یادو نے کی۔ اجلاس میں رابڑی دیوی، میسا بھارتی، سنجے یادو سمیت پارٹی کے کئی اہم رہنما اور عہدیدار شریک ہوئے۔ قومی عاملہ کے 50 اراکین کے علاوہ خصوصی مدعو شدہ افراد کو ملا کر 200 سے زیادہ لوگ اس اجلاس میں موجود تھے۔ ملک کی 20 سے زائد ریاستوں سے پارٹی کے صدور، اراکینِ پارلیمان، اراکینِ اسمبلی اور قانون ساز کونسل کے اراکین بھی پٹنہ پہنچے تھے۔
میٹنگ سے قبل پارٹی رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو میں واضح کیا تھا کہ اگر تیجسوی یادو کو کارگزار صدر بنانے کی تجویز سامنے آتی ہے تو اس کی مکمل حمایت کی جائے گی۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ تیجسوی پہلے ہی عملی طور پر پارٹی کی قیادت کر رہے ہیں، اس لیے انہیں باضابطہ طور پر یہ ذمہ داری سونپنا فطری قدم ہے۔
Published: undefined
اجلاس میں تنظیم کو مزید مضبوط بنانے، کارکنوں کی سرگرمیوں میں اضافہ کرنے اور حالیہ انتخابات میں پارٹی کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لینے پر بھی غور کیا گیا۔ رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ انتخابی شکست کی وجوہات کا غیر جانب دارانہ تجزیہ کر کے مستقبل کے لیے واضح حکمتِ عملی تیار کی جائے گی۔
پارٹی کے ترجمان چترنجن گگن اور سابق رکنِ اسمبلی مکیش روشن نے بھی تیجسوی یادو کے انتخاب کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان قیادت پارٹی کو نئی سمت دے سکتی ہے۔ بعض رہنماؤں نے کہا کہ تنظیمی ڈھانچے میں اصلاحات، زمینی سطح پر کارکنوں سے رابطہ اور عوامی مسائل پر مضبوط موقف ہی پارٹی کی آئندہ کامیابی کی بنیاد ہوں گے۔
Published: undefined
تمام قیاس آرائیوں اور اندرونی اختلافات کی خبروں کے باوجود، تیجسوی یادو اجلاس میں اپنے قریبی ساتھی سنجے یادو کے ساتھ شریک ہوئے اور قیادت سنبھالنے کے بعد پارٹی کو متحد رکھنے کا پیغام دیا۔ پارٹی حلقوں میں اس فیصلے کو آر جے ڈی کے لیے ایک نئے دور کی شروعات کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined