قومی خبریں

کورونا سے جان گنوانے والے کنبے مالی امداد کے حقدار، رقم حکومت خود طے کرے، سپریم کورٹ کا حکم

سپریم کورٹ نے کہا کہ معاوضہ کا تعین کرنا این ڈی ایم اے کا فریضہ ہے۔ لہذا وہ 6 ہفتوں کے اندر ریاستوں کو اس معاملہ پر ہدایات جاری کرے۔ نیز ڈیتھ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے عمل کو بھی آسان بنایا جائے۔

سپریم کورٹ آف انڈیا - فائل تصویر / Getty Images
سپریم کورٹ آف انڈیا - فائل تصویر / Getty Images 

نئی دہلی: کورونا کے سبب جان گنوانے والے مریضوں کے اہل خانہ کو چار لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کرنے کے مطالبہ والی عرضی پر سپریم کورٹ نے منگل کے روز اپنا فیصلہ سنا دیا۔ سپریم کورٹ نے ہدایت دی ہے کہ حکومت متاثرہ کنبوں کو معاوضہ ادا کرے۔ حالانکہ عدالت عالیہ نے معاوضہ کی رقم طے نہیں کی ہے اور حکومت سے اس تعلق سے رہنما ہدایات تیار کرنے کو کہا ہے۔

Published: undefined

کورونا کے سبب جان گنوانے والے افراد کے کنبوں کو معاوضہ ادا کرنے سے متعلق عرضی پر فیصلہ سناتے ہوئے سپریم کورٹ نے کہا کہ معاوضہ کا تعین کرنا این ڈی ایم اے (قومی آفت انتظامی اتھارٹی) کا فریضہ ہے۔ لہذا وہ 6 ہفتوں کے اندر ریاستوں کو اس معاملہ پر ہدایات جاری کرے۔ نیز ڈیتھ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے عمل کو بھی آسان بنایا جائے۔

Published: undefined

سپریم کورٹ نے کہا کہ کورونا سے فوت ہونے والے افراد کے اہل خانہ کی مالی اعانت کرنا آف انتظامی قانون کی دفعہ 12 کے تحت مقررہ ’راحت کے کم از کم معیاروں‘ کا حصہ ہے۔ ساتھ ہی کہا گیا کہ ’معاوضہ طے نہیں کر رہے لیکن این ڈی ایم اے 6 ہفتوں کے اندر کورونا کے متاثرین کو ادا کی جانے والی مالی امداد کی رقم طے کرنے کے حوالہ سے رہنما ہدایات جاری کرے۔‘ خیال رہے کہ کورونا کی وبا کے سبب ہندوستان میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 3.9 لاکھ اموات واقع ہوئی ہیں اور کورونا کو ڈیزاسٹر منیجمنٹ قانون کے تحت آفت قرار دیا گیا ہے۔

Published: undefined

اس معاملہ پر اس سے قبل سماعت کے دوران مرکزی حکومت کی طرف سے معاوضہ فراہم کرنے کو غیر عملی قرار دیا گیا تھا۔ حکومت نے دلیل دی تھی کہ اس سے ریاستوں کا آفت سے متعلق فنڈ خالی ہو جائے گا۔ حکومت نے کہا کہ اس کی توجہ مالی امداد فراہم کرنے سے زیادہ کورونا سے نمٹنے کے لئے کیے جا رہے بندوبست اور غریبوں کی بہبود پر مرکوز ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined