قومی خبریں

لاوارث کتوں کے معاملے پر سپریم کورٹ کی سماعت ملتوی، 7 جنوری 2026 کو اگلی سماعت

سپریم کورٹ نے لاوارث کتوں کے انتظام سے متعلق سماعت ملتوی کرتے ہوئے 7 جنوری 2026 کو اگلی تاریخ مقرر کی۔ عدالت نے کہا کہ تمام اعتراضات اور دلائل پر اسی دن تفصیلی غور ہوگا

<div class="paragraphs"><p>سپریم کورٹ آف انڈیا / آئی اے این ایس</p></div>

سپریم کورٹ آف انڈیا / آئی اے این ایس

 

نئی دہلی: لاوارث کتوں کی دیکھ بھال اور ان سے جڑی عوامی سلامتی کے اہم معاملے پر سپریم کورٹ میں جاری سماعت فی الحال ملتوی کر دی گئی ہے۔ عدالت نے واضح کیا ہے کہ اس معاملے میں تمام اعتراضات، دلائل اور خدشات پر 7 جنوری 2026 کو تفصیلی سماعت کی جائے گی اور اسی دن آئندہ لائحۂ عمل پر غور ہوگا۔

یہ معاملہ جمعرات کو جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس سندیپ مہتا پر مشتمل بنچ کے روبرو پیش ہوا۔ سماعت کے دوران درخواست گزاروں کی جانب سے سینئر ایڈووکیٹ کپل سبل نے عدالت کو بتایا کہ جس تین رکنی خصوصی بنچ کے ذریعے اس کیس کی سماعت ہونا طے تھی، وہ اب تشکیل میں نہیں ہے، اسی وجہ سے معاملے کو آئندہ تاریخ کے لیے درج کیا گیا ہے۔

Published: undefined

کپل سبل نے عدالت کے سامنے یہ موقف رکھا کہ دہلی میونسپل کارپوریشن نے لاوارث کتوں کے نظم و نسق سے متعلق ایسے ضابطے بنا دیے ہیں جو موجودہ قوانین اور آئینی دفعات کے منافی ہیں۔ انہوں نے اندیشہ ظاہر کیا کہ دسمبر ہی میں ان قواعد کو نافذ کر کے کتوں کو ہٹانے کا عمل شروع کیا جا سکتا ہے، جبکہ ان کے لیے مناسب شیلٹر ہومز کا کوئی مؤثر انتظام موجود نہیں۔ سبل کے مطابق یہ قدم غیر انسانی ہوگا اور اس سے جانوروں کے حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہوگی۔

عدالت نے اس مرحلے پر فوری مداخلت سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اگر واقعی ایسے ضابطے نافذ کیے جاتے ہیں تو بعد میں ان کا جائزہ لیا جائے گا۔ جسٹس وکرم ناتھ نے واضح کیا کہ محض خدشات کی بنیاد پر عبوری حکم جاری نہیں کیا جا سکتا۔

Published: undefined

سماعت کے دوران جسٹس سندیپ مہتا نے سخت تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگلی سماعت میں ایک ویڈیو دکھائی جائے گی اور اس پر یہ سوال اٹھے گا کہ آخر انسانیت کی اصل تعریف کیا ہے۔ اس پر کپل سبل نے بھی کہا کہ درخواست گزار زمینی حقیقت کو عدالت کے سامنے لانے کے لیے ویڈیو شواہد پیش کریں گے۔

عدالت نے یہ بھی دوہرایا کہ لاوارث کتوں کے انتظام، عوامی تحفظ، اور جانوروں کی فلاح سے جڑے تمام پہلوؤں پر 7 جنوری 2026 کو ہی مفصل بحث کی جائے گی۔ یہ مقدمہ اس ازخود نوٹس کا حصہ ہے جو 28 جولائی کو دہلی میں لاوارث کتوں کے کاٹنے کے بڑھتے واقعات، خاص طور پر بچوں میں ریبیز کے معاملات سے متعلق میڈیا رپورٹوں کے بعد لیا گیا تھا۔ اس سے قبل 7 نومبر کو عدالت نے اسکولوں، اسپتالوں، بس اڈوں، ریلوے اسٹیشنوں اور کھیل کے میدانوں جیسے حساس مقامات پر کتوں کے حملوں میں اضافے پر تشویش ظاہر کی تھی۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined